ممتاز قومی رہنما ڈاکٹرعبدالحئی بلوچ ٹریفک حادثے میں جاں بحق  


بلوچستان کے ممتاز قوم پرست سیاستدان ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔

ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کے صاحبزادے چنگیز چھلگری کے مطابق ان کے والد ڈاکٹر عبدالحئی بہاولپور کے قریب پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کوئٹہ سے لاہور جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئے ہیں۔

چنگیز چھلگری کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی میت بہاولپور سے ان کے آبائی علاقے بھاگ کے لیے روانہ کر دی گئی ہے۔ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ مرحوم بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے بانی چیئرمین تھے۔

ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ  یکم فروری 1946 کو بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے چھلگری میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ڈاؤ میڈیکل کالج سے MBBS کی ڈگری حاصل کی۔

وہ 1970 میں ایک روایتی بلوچ سردار کو شکست دے کر پاکستان کی قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ وہ بلوچستان نیشنل موومنٹ کے بانیوں میں سے ایک تھے اور نیشنل پارٹی کے صدر بھی رہے۔ بعد ازاں میں انہوں نے 2018 میں نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی (NDP) کے نام سے اپنی سیاسی جماعت بنائی۔

Facebook Comments HS