میں لائلپور ہو گیا ہوں


ایک سیدھا سادہ گاؤں کا بچہ قریہ قریہ شہر شہر پھرتا لائلپور ہو گیا ہے۔
لائلپور واحد ایسا شہر ہے کہ جس کے آٹھ بازار ہیں اور ہر بازار جاکر گھنٹہ گھر نکلتا ہے۔

جب سے میں جگر ٹرانسپلانٹیشن کے عمل سے گزرا ہوں میرے سامنے بہت سے راستے کھل گئے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ میں گھنٹہ گھر کی جگہ نصب ہو چکا ہوں اور میرے ہر طرف راستے ہیں جو مجھے مختلف اطراف میں لے جا رہے ہیں۔ کوئی راستہ امین پورہ بازار کا ہے اور مجھے کہتا ہے کہ تم اپنے وعدوں اور قسموں کے امین رہنا۔ کوئی راستہ کارخانہ بازار کا ہے جو مجھے راستہ دکھاتا ہے کہ تم کوئی کارخانہ لگا لو۔ کوئی راستہ ریل بازار کا ہے جو مجھے کہتا ہے کہ تم ریل میں سفر کر کے بھی دیکھو تمھارے لئے بہتری ہوگی، کوئی راستہ کچہری بازار کو جاتا ہے اور کہتا ہے کہ قانون کا جاننا بھی ضروری ہے پر تھانہ کچہری سے بچ کر چلنا، ایک راستہ چنیوٹ بازار کا ہے جو کہتا ہے کہ فرنیچر کا کاروبار کرنا ہے تو ہماری طرف چنیوٹ چکر لگا لو، سامنے منٹگمری بازار ہے جو مجھے ساہیوال آنے کی دعوت دیتا ہے کہ اگر ڈیری پراڈکٹ کی طرف آنا ہے تو ساہیوال کو یاد رکھنا۔

ایک طرف جھنگ بازار ہے جو نکلتا ہے سارے صوبوں کو جوڑنے بلوچستان جانا ہو سندھ جانا ہو یا پنجاب کا صحرا دیکھنا ہو جھنگ سے گزرنا بہت ضروری ہے۔ اگر دل کرے چناب دیکھنے کو تو بھوانہ بازار کہتا ہے تحصیل بھوانہ سے بہتر دریائے چناب کا نظارہ اور کہاں سے ملے گا۔ میں کمرے میں پابند ہوں اپنی صحت کے لئے اور مجھے بہت سے راستے نظر آرہے ہیں۔ یقیناً میں ان سب راستوں پر جاؤں گا پر ابھی تو میں کمرے میں ایسے کھڑا ہوں جیسے 1905 سے گھنٹہ گھر اپنی جگہ پر کھڑا ہے اور میری راہنمائی کر رہا ہے کہ تمھیں کہیں جانے کی ضرورت نہیں اب سب راستے اللہ کے فضل سے تمھاری طرف ہی آئیں گے اور مجھے آتے ہوئے نظر بھی آرہے ہیں۔ میں رفتہ رفتہ لائلپور ہوتا جا رہا ہوں۔ ابھی میں کچھ ماہ کسی سے نہیں مل سکتا لیکن کچھ دنوں کی بات ہے چاروں اطراف نہیں بلکہ آٹھوں اطراف کے راستے کھل جائیں گے انشاء اللہ اور آپ جس طرف بھی جائیں گے مجھ تک پہنچ جائیں گے کیونکہ میں لائلپور ہوں اور نصب ہوں گھنٹہ گھر کی طرح۔

میں تو یہیں ہوں آپ چل پڑیں پہنچ ہی جائیں گے مجھ تک انشاء اللہ

لوگ بند گلی میں رہتے ہیں اور میں لائلپور ہوں جس کا ہر راستہ مجھ تک آتا ہے۔ ابھی میں ٹھہراؤ میں ہوں آپ چلنے کی تیاری رکھیں کیونکہ جب میں چل پڑوں گا تو پھر آپ کے ہاتھ نہیں آؤں گا۔ کیونکہ میں وقت ہو جاؤں گا اور گزرا وقت کبھی ہاتھ آتا نہیں۔ زندہ وہی ہے جو وقت کے ساتھ چلتا ہے آج سب راستے میری طرف آرہے ہیں اور کل انشاء اللہ یہ سب راستے میرے ساتھ چلیں گے۔ کیونکہ یہ میرے ساتھ شامل ہونے کے لئے میری طرف آرہے ہیں بس قافلہ تشکیل پا جائے تو پھر ہم نکل پڑیں گے اور آپ لائلپور کو جگہ جگہ دیکھ سکیں گے۔ میرے ساتھ۔

کیونکہ میں ہی لائلپور ہوں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments