ہو سکتا ہے اگلے 48 گھنٹوں میں بڑی خوشخبری آ جائے: فضل الرحمان
اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اگلے 48 گھنٹوں میں بڑی خوشخبری آنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن قیادت اپنا ہوم ورک مکمل کرچکی ہے۔ انہوں نے دعویٰ سے کہا کہ اگلے 2 سے 3 دن بہت ہی اہم ہیں۔ ہوسکتا ہے اگلے 48 گھنٹوں میں بڑی خوشخبری آ جائے۔
پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں، حکومتی اتحادیوں سے بھی ہم سب رابطے میں ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد اور اجلاس کی ریکوزیشن دونوں ہی پر غور ہو رہا ہے، ہماری لیگل ٹیم رابطے میں ہے، سارے امور کو دیکھا جا رہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ تحریک عدم اعتماد میں کامیاب ہو جائیں گے؟ اس پر پی ڈی ایم سربراہ نے جواب دیا کہ میں 100 فیصد یقین کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ اس بار کامیابی یقینی ہے۔
صحافی نے سوال کیا کہ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد کسے کیا ملے گا؟ اس پر جواب دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کیا آپ کو سب کچھ بتا دیں؟ اتنا کافی ہے کہ اب اپوزیشن میں کسی نکتے پر کوئی اختلاف نہیں۔
پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ اپوزیشن تمام حل طلب امور پر اتفاق رائے کرکے بہت آگے پہنچ چکی۔ اپوزیشن نے اپنے تمام اراکین اسمبلی کو اسلام آباد فوری پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔


