وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی گئی
لاہور: اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کو عہدے سے ہٹانے کے لیے قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کے خلاف قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے لیے اپوزیشن رہنما پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے۔ رہنماؤں میں مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق، سعد رفیق، مریم اورنگزیب، رانا ثنا اللہ، پیپلز پارٹی کی جانب سے شازیہ مری، نوید قمر جب کہ جے یو آئی کی جانب سے شاہدہ اختر علی اور عالیہ کامران شامل تھے۔
اپوزیشن رہنماؤں نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی اس کے ساتھ ہی نون لیگ نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے بھی درخواست جمع کرائی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ تحریک عدم اعتماد ایڈیشنل سیکریٹری قومی اسمبلی محمد مشتاق کے پاس جمع کرائی گئی ہے جس پر 86 ارکان کے دستخط موجود ہیں۔
قبل ازیں ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی صدارت میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں لیگی ارکان نے تحریک عدم اعتماد لانے کی قرارداد پر دستخط کیے۔
دریں اثنا اجلاس میں مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی کے ڈی چوک جلسے میں وفد بھجوانے کا بھی فیصلہ کیا، وفد میں احسن اقبال، خواجہ آصف اور مریم اورنگزیب شامل ہوں گے جو جلسے میں شرکت کریں گے۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر جتنے دستخط درکار تھے سب موجود ہیں، عمران خان کا گھر جانا سب سے ضروری ہے۔ بشکریہ ایکسپریس نیوز
ڈان نیوز نے اس بارے میں یہ مزید تفصیل دی ہے
اپوزیشن رہنما اب 4 بج کر 30 منٹ پر اہم پریس کانفرس کریں گے۔ واضح رہے کہ اس وقت قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے اس کی حمایت میں 172 ووٹ درکار ہیں۔
قومی اسمبلی کی ویب سائٹ کے مطابق پی ٹی آئی کو اپنے اتحادیوں سمیت 178 اراکین کی حمایت حاصل ہے، جن میں پی ٹی آئی کے 155 ارکان، ایم کیو ایم کے 7، بی اے پی کے 5، مسلم لیگ (ق) کے 5 ارکان، جی ڈی اے کے 3 اور عوامی مسلم لیگ کا ایک رکن شامل ہے۔
دوسری جانب حزب اختلاف کے کل ارکان کی تعداد 162 ہے، ان میں مسلم لیگ (ن) کے 84، پاکستان پیپلز پارٹی کے 57 ، متحدہ مجلس عمل کے 15، بلوچستان نیشنل پارٹی کے 4 جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کا ایک رکن شامل ہے۔ اس کے علاوہ دو آزاد اراکین بھی اس اتحاد کا حصہ ہیں۔
جیو نیوز نے اس بارے میں بتایا ہے کہ اپوزیشن نے دعوی کیا ہے کہ اس نے نمبرز پورے کر لیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے نمبرز پورے کر لیے ہیں اور اس وقت ان کے پاس 197 سے 202 اراکین کی حمایت موجود ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے تحریک انصاف کے 27 ارکان اور ایک اتحادی جماعت کے اراکین کی حمایت کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد پر 86 اپوزیشن اراکین کے دستخط ہیں۔

