بالی وڈ ڈائری: سنی لیونی ایکشن سیریز میں، سلمان خان کی دریا دلی اور رشی کپور کی ادھوری فلم

نصرت جہاں - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن


بالی وڈ اداکارہ سنی لیونی ایک بار پھر فلسماز وکرم بھٹ کے ساتھ کام کر رہی ہیں لیکن اس بار نہ وہ کوئی آئٹم نمبر کر رہی ہیں اور نہ ہی کوئی رومانوی کردار۔

ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم ’ایم ایکس پلیئر‘ پر دکھائی جانے والی ‘انامیکا’ نام کی ویب سیریز میں سنی بھرپور ایکشن کرتی نظر آئیں گی۔

ویب سائٹ ’بالی وڈ ہنگامہ‘ کے ساتھ انٹرویو میں سنی کا کہنا تھا کہ یہ تجربہ اُن کے لیے نیا تھا لیکن وکرم بھٹ نے انھیں اس سیریز میں ایکشن سے بھرپور کردار نبھانے میں بہت مدد کی۔

سنی کا کہنا تھا کہ سلمان خان اور شاہ رخ خان ان کے پسندیدہ ایکشن ہیروز ہیں اور انھوں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ اپنی گود لی ہوئی بیٹی نشا کے بارے میں پوچھے جانے پر سنی کا کہنا تھا کہ یہ سچ ہے کہ نشا اور ان کا ڈی این اے ایک نہیں لیکن نشا ان کی ہی بیٹی ہے۔

’لوگ جو بھی کہیں کہ وہ میرے جیسی نہیں دکھتی یا پھر یہ کہ میں اس کی بایولوجیکل ماں نہیں تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ ان کے درمیان دل کا رشتہ ہے اور اسی رشتے سے وہ میری اپنی بیٹی ہے۔‘

یاروں کے یار، سلمان خان

سلمان خان کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ ’دل میں آتے ہیں، سمجھ میں نہیں۔‘ اور یہ کہ اگر وہ دوستی نبھانے پر آ جائیں تو دریا دلی میں ان کا مقابلہ کوئی نہیں کر سکتا۔

انڈسٹری میں انھیں ’یاروں کا یار‘ کہا جاتا ہے جو اپنے دوستوں کے لیے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ یوں تو بالی وڈ میں سلمان کے کئی دوست ہیں لیکن تیلگو فلموں کے سپر سٹار چرنجیوی کے ساتھ سلمان کا خاص رشتہ ہے۔ سلمان بہت کم عمری سے ہی چرنجیوی کے پرستار ہیں۔

سلمان خان چرنجیوی کی فلم ‘گاڈ فادر‘ میں بطور مہمان ایک کردار نبھانے کے لیے نہ صرف راضی ہوئے بلکہ اس کام کے لیے کوئی رقم بھی وصول نہ کی۔ انھیں اس کے لیے ایک بڑی رقم بھی پیش کش کی گئی تھی جسے انھوں نے لینے سے انکار کر دیا۔

چرنجیوی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں سلمان کا اس فلم میں خیر مقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

https://twitter.com/KChiruTweets/status/1503941520260358147

اتنا ہی نہیں بلکہ جب چرنجیوی کے بیٹے رام چرن بالی وڈ میں اپنی پہلی فلم ‘زنجیر‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے تو ہر روز ان کا کھانا سلمان خان کے گھر سے آیا کرتا تھا۔

یوں تو سلمان خان ہر سال عید پر اپنی کوئی نہ کوئی فلم ضرور ریلیز کرتے ہیں لیکن اس بار انھوں نے اپنے ایک اور دوست اجے دیوگن کی فلم ‘رن وے 34’ کا پروموشن کرتے ہوئے کہا کہ اس بار ان کے دوست اجے عید کے موقع پر اپنی فلم لے کر آ رہے ہیں۔ سلمان خان کی کئی فلمیں تکمیل کے مراحل میں ہیں جن میں ٹائیگر تھری، کبھی عید کبھی دیوالی اور کک ٹو شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

’مجھے نیٹ ورکِنگ نہیں آتی اس لیے کام نہیں ملتا‘

منشیات کے مقدمات میں گھرے بالی وڈ میں اب ’منی لانڈرنگ‘ کی بازگشت

’دل ہی دل میں، میں بہت پہلے رنبیر کی دلہن بن چکی ہوں‘

اداکار رشی کپور کی موت کے بعد ان کی آخری ادھوری فلم ’شرما جی نمکین‘ درمیان ہی میں چھوٹ گئی تھی اور ہدایتکار ہتیش بھاٹیہ کو اسے مکمل کرنے کی کوئی صورت نظر نہیں آ رہی تھی۔

فلم مکمل کرنے کے بارے میں کئی طریقوں پر غور کیا گیا جس میں ان کے بیٹے رنبیر کپور کے ساتھ وی ایف ایکس کی مدد سے کام پورا کرنے کے بارے میں بھی غور کیا گیا۔ لیکن بات نہیں بن پا رہی تھی۔ تاہم اب یہ فلم جیسے تیسے مکمل کر لی گئی ہے اور جلدی ہی ریلیز ہونے والی ہے۔

مگر یہ کیسے ممکن ہوا، اس بارے میں رشی کپور کی اہلیہ نیتو کپور نے اپنے بیٹے رنبیر کپور کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں رنبیر نے بتایا کہ کس طرح فلم کی شوٹِنگ کے دوران ان کے پاپا کی طبیعت بگڑی اور وہ اس دنیا سے چل بسے۔

https://www.instagram.com/p/CbMcBgJAxWk/

اس کے بعد ان کی یہ آخری فلم کو پورا کرنے کی ان کی خواہش تو تھی لیکن کچھ ممکن نظر نہیں آ رہا تھا۔ تب اداکار پریش راول نے رشی کپور کا بچا ہوا کردار بہت کامیابی کے ساتھ نبھایا۔

ایسا انڈسٹری میں غالباً پہلی مرتبہ ہوگا کہ کسی اداکار کا بقیہ کردار کسی دوسرے اداکار نے نبھایا ہو۔

فلم کا ٹریلر حال ہی میں ریلیز ہوا ہے جسے دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ کس طرح دو اداکاروں کو ایک ہی کردار میں پرونے کی کوشش کی گئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32550 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments