لیڈری کا کریش کورس


پاکستان میں اگر آپ مستند لیڈر اور ملک کے تمام مسائل کو اپنی کرشمہ ساز شخصیت سے حل کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو معیشت، سیاست پر عبور ہو یہ نا ہو، آپ نے حکمرانی کی الف ب سیکھی نہ بھی ہو، بین الاقوامی تعلقات کا کبھی سنا بھی نہ ہو ان سب کا کوئی مسئلہ نہیں، صرف یہ چند الفاظ یا جملے آپ سیکھ لیں، ہمارا ماضی اور مستقبل بتاتا ہے کہ یہ الفاظ اور جملے آپ کے ہر وقت کام میں آئیں گے۔

اتنے سال کا گند

پاکستان بنے سے لے کر آج تک جتنے سال گزرے ہوں، ایک عظیم لیڈر کی حیثیت سے آپ پر لازم ہے کہ ہر کام میں آپ فرمائیں کہ ستر سال کا گند ہے، 72 سال کا گند ہے اور یہ جملہ کہتے ہوئے آپ ہر گز یہ مت سوچیے گا کہ آپ اپنی علمی قابلیت میں قائد اعظم، لیاقت علی خان، خواجہ ناظم دین، تمام مارشل لاء کے ادوار کو بھی شامل کر رہے ہیں۔ آپ بس ہر وہ کام جو پایہ تکمیل تک نہ پہنچائیں اس کو ستر، 72 سالوں کا گند فوراً ٹھیک نہیں ہو سکتا کہہ کر ٹال دیں۔

تاریخی قدم

دنیا، ایشیا، پاکستان اور لوکل سطح کی تاریخ بالکل نہ پڑھیں، اور اپنے کیے ہوئے کسی بھی کام کو سوشل میڈیا، روایتی میڈیا اور سینہ بہ سینہ یہ کہہ کر پھیلائیں کہ یہ ”تاریخی“ کام نہ آپ سے پہلے کسی نے کیا اور نہ آپ کے بعد کوئی کر پائے گا، بلکہ جو کرنے کی کوشش کرے گا وہ سات سال تک مصیبتیں جھیلے گا۔

گیم چینجر

بحیثیت لیڈر آپ کا فرض ہے کہ اگر آپ محلے کی صفائی کے لیے صرف تیس سیکنڈ کے لیے اپنے ہاتھ میں جھاڑو اٹھائیں اور اس کی تمام زاویوں سے تصاویر اور ویڈیو بنوا لیں تو اس کے بعد آخر میں یہ بیان ضرور جاری کریں کہ آپ کا یہ اٹھایا گیا قدم ”گیم چینجر“ ثابت ہو گا، اور اس سے نہ صرف محلے میں، ملک میں، براعظم بلکہ پرتھوی پر رہنے والے سب لوگوں کے لیے یہ ”گیم چینجر“ ثابت ہو گا۔

نازک موڑ

یہ نازک موڑ آپ کو ہر جگہ بچا سکتا ہے، آپ چاہے مذہبی اجتماع سے خطاب کریں یا سیاسی جلسے بازی ہو۔ اپی اہمیت کا اندازہ اس بات سے دلائیں کہ آپ واحد شخص ہیں جس کو اندازہ ہے کہ اس وقت ملک ”نازک دور“ سے گزر رہا ہے، اور یہ نازک دور غیر معینہ مدت تک ہمیشہ آپ کا ساتھ نبھائے گا۔ اس لیے آپ کیسی بھی زمان اور مکاں میں ہوں اس نازک دور کی اصطلاح کو ہمیشہ اپنے پلو سے باندھ کر رکھیں۔

قسمت بدل جائے گی

یہ بھی آپ پر لازم ہے کہ آپ جو بات کریں اس کے بعد فوراً کہیں ایسا کرنے سے ملک و قوم کی قسمت بدل جائے گی۔ اس ہو سکے تو کسی طوطے سے فال نکلوا کر اپنی بات پر تصدیق کی مہر ثبت کروا دیں۔

غربت ختم

یہ اصطلاح بھی اپ کے ہر وقت کام آئے گی۔ اپ سوتے جاگتے، آتے جاتے اپنا کوئی کام گنوائیں تو اس کے ساتھ یہ ضرور کہیں کہ اس قدم سے ملک سے غربت ختم ہو جائے گی، خوشحالی آئے گی، غریب کا بچہ بھی گرمیوں کی چھٹیوں میں ڈزنی لینڈ گھمانے جایا کرے گا اور اس کے نوکر کی بھی اپنی فراری ہوگی۔

ایک پیج پر

اصطلاحات کی ایک لمبی فہرست ہے پر آج کے لیے آخری اور سب سے اہم یہ ہے کہ آپ ہر وقت یہ ضرور یاد دلائیں کہ آپ اور ”وہ“ ایک پیج پر ہیں، آپ کو اس بات کی پریشانی ہر گز نہیں ہونی چاہیے کہ اس بات کو ”وہ“ کو بھی علم ہے یہ نہیں، مزید یہ بھی کہ خود پیج کو بھی پتہ ہے کہ کون کون اس پر ہے۔

اگر آپ نے یہ تمام باتیں سیکھ لی ہیں تو مبارک ہو آپ کل سے مجھے بھی چونا لگانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ سلامت رہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments