بالی وڈ ڈائری: سلمان کی ’ڈیزائنر لہنگا‘ کی تشہیر، کنگنا عدالتی مقدمے سے بچتے ہوئے ’لاک اپ‘میں مصروف

نصرت جہاں - بی بی سی اردو، لندن


انڈیا کی بی جے پی حکومت کی حمایت اور ستائش کے ساتھ ساتھ 200 کروڑ کا بزنس کرنے والی متنازع فلم ‘کشمیر فائلز‘ کے ہدایتکار وویک اگنی ہوتری آج کل مودی میڈیا کے چہیتے مہمان ہیں اور کچھ انڈین چینلز چیخ چیخ کر ان کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتے کہ کس مہارت سے انھوں کشمیری پنڈتوں کے ساتھ مبینہ مظالم کو بڑے پردے پر پیش کیا۔

مگر کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ فلم نے جن واقعات کا ذکر کیا ہے وہ رونما تو ہوئے لیکن اُن کی عکاسی نہایت اشتعال انگیز طریقے کے ساتھ کی گئی ہے۔

وویک نے اس فلم کی ریلیز سے پہلے بھی اور بعد میں کئی بار نامہ نگاروں سے بات کی اور فلم کے خلاف کی جانے والی تمام باتوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالی وڈ نے کشمیری پنڈتوں کے مسائل پر زیادہ توجہ نہیں دی۔

ایسی ہی ایک پریس کانفرنس میں جب ایک نامہ نگار نے وویک سے پوچھا کہ اس فلم سے جو کمائی ہوئی ہے، کیا اس کا کچھ حصہ کشمیری پنڈتوں کی بہبود کے لیے استعمال کیا جائے گا تو وویک نے بظاہر غصے سے جواب دیتے ہوئے کہا ‘کیسی کمائی آپ کو غلط فہمی ہوئی ہے ابھی کہاں، اگر کمائی ہو گی تو بات کریں۔‘

صحافی نے بھی ہار نہ مانتے ہوئے کہا کہ ‘سر کمائی تو بہت ہو رہی ہے۔‘ لیکن وویک اگنی ہوتری صحافی کے جواب کو نظر انداز کرتے ہوئے جھٹ سے دوسرے صحافی کی جانب متوجہ ہو گئے۔

کنگنا رناوٹ اور عدالتی مقدے کی تاریخ پر تاریخ

کنگنا

کنگنا کے خلاف ہتک عزت کا کیس درج ہے

ویسے جان تو اس وقت کنگنا رناوٹ چھڑانے کی کوشش کر رہی ہیں وہ بھی عدالت سے۔ بالی وڈ کے مشہور شاعر اور کہانی نگار جاوید اختر کی جانب سے ان کے خلاف عزت ہتک کا جو کیس درج ہے کنگنا اس کی سماعت میں نہیں جاتیں۔ جس پر عدالت نے کہا کہ کنگنا ایک مصروف شخصیت ہیں لیکن انھیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ وہ اس کیس کی ملزمہ ہیں۔

عدالت میں جب بھی اس کیس کی سماعت کے لیے تاریخ مقرر کی جاتی ہے کنگنا مصروفیت کی کوئی نہ کوئی وجہ بتا کر غیر حاضر رہتی ہیں اور کیس میں تاریخ پہ تاریخ ملتی چلی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

’فلم سبھی کشمیری مسلمانوں کو دہشت گرد کے طور پر پیش کرتی ہے جو غلط ہے‘

’میں ایک اچھی بیوی اور اچھی ماں بننا چاہتی ہوں‘

’میں نے انڈسٹری میں سٹیریو ٹائپ کو توڑا ہے‘

بہرحال اب ممبئی کی میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کورٹ کے جج آر آر خان نے کہا ہے کہ ملزمہ اپنی شرائط پر مقدمے کی سماعت چاہتی ہیں جو ممکن نہیں ہے۔ کنگنا نے اس کیس کی سماعت میں پیشی سے استثنیٰ حاصل کرنے کی درخواست دی تھی جسے عدالت نے مسترد کر دیا تھا۔

ویسے کنگنا آج کل واقعی مصروف ہیں اور وہ بھی اپنے نئی آنے والی فلم ’لاک اپ‘ میں۔

سلمان خان کی ’ڈیزائنر لہنگا‘ کی تشہیر

سلمان خان اپنی فلموں کی شوٹنگ کے ساتھ ساتھ اپنی خاص دوست یولیا ویبنتور کے گانوں کو پروموٹ کرنے میں مصروف ہیں۔ حال ہی میں انھوں نے ٹوئٹر پر یولیا کے ایک اور گانے ’ڈیئزائنر لہنگا‘ کی کلپ پوسٹ کرتے ہوئے اپنے مداحوں سے کہا کہ وہ یولیا کو سپورٹ کریں۔

https://twitter.com/BeingSalmanKhan/status/1506873634706624514

سلمان نے لکھا ’پیش ہے نیا گانا ڈیزائنر لہنگا جس کو کمپوز کیا ہے انتہائی ٹیلنٹڈ موسیقار ہمیش ریشمیا نے اور جس کے بول لکھے ہیں شبیر احمد نے برائے مہربانی اسے اپنا پیار دیں۔‘

اس سے پہلے سلمان نے یولیا اور گرو رندھاوا کی اسی البم کے ایک اور گانے ‘میں چلا تیری طرف’ کی بھی پروموشن کی تھی۔

ایسا ہی پروموشن بِگ بی یعنی امیتابھ بچن نے اپنے بیٹے ابھشیک بچن کی فلم ‘دسویں‘ کے لیے بھی کی ہے۔

ابھشیک بچن کی فلم کا ٹریلر پوسٹ کرتے ہوئے امیتابھ بچن نے انھیں اپنا جانشین قرار دیا اور لکھا کہ ابھشیک کی فلم کا ٹریلر دیکھنے کے بعد انھیں اپنے بیٹے پر فخر ہے کہ وہ کس طرح مختلف اور مشکل کردار نبھا رہے ہیں۔

اس سے پہلے ’بوب بسواس‘ میں بھی ابھشیک بچن ایک نئِے انداز میں ولن بن کر پردے پر آئے تھے۔ اب چاہے وہ بوب بسواس ہو ، بِگ بل یا پھر لوڈو ابھیشیک آہستہ آہستہ واقعی بالی وڈ کے شہنشاہ کے جانشین بنتے جا رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32466 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments