عالیہ بھٹ کی لُک: ’ہلکے میک اپ کے ساتھ بھی خوبصورت لگا جا سکتا ہے‘

سارہ عتیق - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد


’نہ سرخ جوڑا، نہ سرخ لپ سٹک، نہ ہی لمبی مصنوعی پلکیں ۔۔۔ لو بھلا یہ بھی کوئی دلہن ہوئی؟‘

بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی جس کا ان کے مداحوں کو بہت بے چینی سے انتظار تھا بلآخر ہو گئی لیکن ایسا لگتا ہے کہ کم میک اپ اور سادہ ہیئر سٹائل نے ان کے بہت سے مداحوں کو مایوس کیا اور اس مایوسی کا برملا اظہار لوگوں نے سوشل میڈیا پر بھی کیا۔

اس سے پہلے ہم اس تنقید کی گہرائی میں جائیں آئیں پہلے یہ جان لیتے ہیں کہ عالیہ بھٹ کی اس شادی کی لُک کے پیچھے آخر ہے کون۔

عالیہ کو کس نے تیار کیا؟

انوشکا، دیپیکا اور کترینا کی طرح عالیہ بھٹ نے اپنے شادی کے جوڑے کے لیے مشہور انڈین ڈیزائنر سبیاساچی کا انتخاب کیا۔ لیکن باقی اداکاراؤں کے برعکس عالیہ نے لہنگے کے بجائے سفید ساڑھی کو چنا۔

سبیاساچی کے انسٹاگرام پیج پر دی گئی تفصیلات کے مطابق عالیہ کی ساڑھی ہاتھ سے رنگ شدہ تھی جبکہ اس پر سنہری تاروں سے باریک تلے کا کام کیا گیا تھا اس کے علاوہ عالیہ نے ہاتھ سے بنا ہوا گھونگھٹ پہنا۔

https://www.instagram.com/p/CcVaAyRvNu1/

عالیہ کے زیورات بھی سبیاساچی نے ہی ڈیزائن کیے تھے جس میں بغیر تراشے گئے ہیرے اور ہاتھ سے جڑے موتی تھے۔

اب بات ہو سب سے زیادہ موضوع بحث عالیہ کی میک اپ کا جو پونیت بی سینی نے کیا جو اس سے پہلے انوشکا شرما کی شادی کا بھی میک اب کر چکی ہیں اور عالیہ کی طرح انوشکا کا بھی میک اپ عام دلہنوں کے مقابلے میں کافی ہلکا تھا۔ جبکہ عالیہ کے بال مشہور ہئیر سٹائلسٹ فلیوین ہیلٹ نے بنائے۔

اتنا کم میک اپ کیوں کیا؟

برصغیر میں میں جب دلہن کا ذکر کیا جاتا ہے تو بہت سارے ذہنوں میں سرخ عروسی جوڑا، بھاری بھر کم زیورات ، تیز میک اپ اور ایسا بناؤ سنگھار جو لڑکی نے آج سے پہلے زندگی میں نہ کیا ہو نہ اس کے بعد کرے، جیسے خیالات آتے ہیں۔

شاید یہی وجہ ہے کہ عالیہ بھٹ کو اتنی سادہ دلہن دیکھ کر کچھ لوگوں کو مایوسی ہوئی بلکہ یہ کہنا بھی غلط نہ ہوگا کہ غصہ آیا۔

جیسا کہ سوشل میڈیا صارف سمیرہ خان نے لکھا کہ ’عالیہ کا اپنی شادی پر اتنا برا میک اپ آپ کو غصہ دلواتا ہے۔ آپ لبنانی، پاکستانی اور بنگالی دلہنوں کا میک اپ دیکھیں اور پھر اس سے اس کا موازنہ کریں۔ اگر یہ نیا ٹرینڈ ہے تو اس کا مطلب ہے کہ خوبصورتی کا معیار دن بدن کم ہوتا جا رہا ہے۔‘

https://twitter.com/SameeraKhan/status/1514769798449696775?s=20&t=DngPgUkKjFMkZHqJa6u9ZA

ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’عالیہ کو روایاتی دلہن کی طرح لگنا چاہیے تھا۔ وہ بہت عام لگ رہی تھیں۔ ان کی (شادی کی) تصاویر تو اچھی لیکن اگر سرخ پہنتی تو زیادہ اچھا تھا۔‘

ایک صارف نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’عالیہ سے زیادہ میک اپ تو میری یونیورسٹیوں کی سہلیاں کلاس کے لیے کرکے آتی ہیں۔‘

لیکن بہت سے لوگوں کو عالیہ کا کم میک پسند بھی آیا اور بہت سی خواتین ایسی بھی تھیں جو سوشل میڈیا پر یہ پوچھ رہی تھیں کہ پاکستان میں ایسا کون سا میک اپ آرٹسٹ ہے جو انھیں عالیہ جیسا میک اپ کر دے۔

لیکن یہ کہنا بھی درست نہیں کہ شادی والے دن ہلکے میک اپ کی ریت ڈالنے والی انوشکا یا عالیہ ہیں۔

سنہ 2016 میں پاکستانی اداکارہ عروہ حسین نے اپنی شادی کے لیے بھی ہلکے میک اپ کا انتخاب کیا اور ان کی اس لُک کے پیچھے پاکستان کی مشہور میک اپ آرٹسٹ نبیلہ تھیں۔

انھی سے متاثر ہو کر کراچی کی رہائشی عائشہ علین نے بھی اپنی شادی کے لیے ہلکے میک اپ کا انتخاب کیا لیکن انھیں بھی وہی ساری باتیں سننے کو ملیں جو آج بہت سے لوگ عالیہ کے متعلق کر رہے ہیں۔

انھوں نے بتایا ’میرے اپنے گھر والوں کو تو میرا میک اپ پسند آیا کیونکہ وہ میری شخصیت کو جانتے تھے اور انھیں پتا ہے کہ مجھ پر تیز میک اپ اچھا نہیں لگتا۔‘

عائشہ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ سٹیج پر گئیں تو ان کے رشتہ داروں نے آ کر انھیں کہنا شروع کر دیا کہ انھیں گہرا میک اپ کروانا چاہیے تھا اور وہ کہیں سے دلہن نہیں لگ رہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ’میری ساس نے تقریب میں شریک کسی خاتون سے لال لپ سٹک لی اور اسے لگا دیا۔ اب میری شادی کی آدھی تصاویر میں میری لپ سٹک ہلکی جبکہ آدھی میں گہری سرخ ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

’ہدیٰ بیوٹی‘ کی مالکن ہدیٰ قطان کون ہیں؟

کرینہ کی خواہش خواتین ان کا میک اپ آزمائیں

برطانوی مقابلہ حسن کی امیدوار ’بنا میک اپ‘ مقابلے میں حصہ کیوں لے رہی ہیں؟

’اب لڑکیاں ہلکا میک پسند کرتی ہیں‘

اسلام آباد کی میک اب آرٹسٹ صبا کا کہنا ہے کہ ’اب رواج بدل ریا ہے اور بہت سی لڑکیاں بھاری میک اپ کی جگہ اب ایسا میک اپ پسند کرتی ہیں جس سے ان کی شکل نہ بدلے اور بس ان کے نقش ابھر کر آئیں۔

’لیکن ظاہر ہے کہ گھر میں ایسے لوگ بھی ہوتے ہیں جو اصرار کرتے ہیں کہ تیز میک اپ ہو تو اکثر دلہنوں کے ساتھ آنے والی سہلیاں یا گھر والے کہہ رہے ہوتے ہیں کہ دلہن کا میک اپ گہرا کیا جائے۔‘

صبا کا کہنا ہے کہ ’ہلکے میک اپ کے ساتھ بھی خوبصورت لگا جا سکتا ہے۔‘ وہ کہتی ہیں کہ ’میں اسی لیے لڑکیوں کو کہتی ہوں کہ شادی سے پہلے دنوں میں اپنے جلد کا خاص خیال رکھیں۔ اگر آپ کی جلد صاف اور اجھلی ہو گی تو آپ کو زیادہ میک اپ کی ضرورت نہیں آپ کم میک اپ کے ساتھ بھی ایک حسین دلہن بن سکتی ہیں۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments