ناشپاتی کی افادیت


Dr Shahid M shahid

ناشپاتی دنیا بھر میں کھایا جانے والا لذیذ اور زود و ہضم پھل ہے۔ اس کی تقریباً تین ہزار 3000 سے زیادہ اقسام ہیں۔ جن کی شکل سائز اور ذائقہ ایک دوسرے سے مختلف ہے۔ اس کا نباتاتی نام (Pyrus) پائرس ہے۔ جو اقسام دنیا بھر میں زیادہ کاشت کی جاتی ہیں ان کے نام مندرجہ ذیل ہیں۔

1۔ (Forelle pear)
2۔ (Bosc pear)
3۔ (Bartlett pear)
4۔ (Taylors Gold pear)
5۔ (Anjous pear)
6۔ (Asian pear)
7۔ (Comice pear)
اس پھل کے درخت درمیانے درجے کے ہوتے ہیں جن کی لمبائی 10 تا 17 میٹر یعنی 33 تا 56 فٹ تک ہوتی ہے۔

اس پر سفید رنگ کے پھول کھلتے ہیں جو آنکھوں کو خوشنما معلوم ہوتے ہیں۔ یہ یورپ شمالی افریقہ اور ایشیا کے ساحلی علاقوں کا خوب صورت پھل ہے۔ یہ موسم گرما کا پھل ہے جو گرمی کے آخری مہینے اکتوبر تک دستیاب ہوتا ہے۔ اس کا گودا سفید، چھلکا سخت اور ہرے رنگ کا ہوتا ہے۔ ذائقے کے اعتبار سے یہ پھل کھٹا میٹھا اور رس دار ہوتا ہے۔ اسے چھلکے سمیت کھانا چاہیے کیونکہ اس کے چھلکے میں چھ گنا زیادہ پولی فینول (polyphenols) موجود ہوتا ہے۔

اس کی شکل سیب اور امرود سے ملتی جلتی ہے۔

چین میں اس کی کاشت تقریباً دو ہزار 2000 سال سے کی جا رہی ہے۔ اقوام متحدہ کی فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن شماریات ڈویژن کے مطابق ناشپاتی کی عالمی پیداوار 23.7 ملین میٹرک ٹن ہے۔ غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ جو لوگ بہت زیادہ کمزور ہیں انہیں ناشپاتی کا استعمال ضرور کرنا چاہیے۔ اس میں پایا جانے والا گلوکوز فوری توانائی فراہم کرتا ہے۔ دنیا کے جن ممالک میں ناشپاتی کی کاشت بہت زیادہ ہوتی ہے ان میں چین، ریاستہائے متحدہ، اٹلی، ارجنٹائن اور ترکی کے نام شامل ہیں۔

سو گرام 100 ناشپاتی میں اس کی غذائی مقدار کچھ یوں ہے۔ پانی 88 گرام، کلوریز 57، کاربوہائیڈریٹس 15.23 گرام، شکر 9.75 گرام، غذائی ریشہ 3.1 گرام، فیٹ 0.14 گرام، پروٹین 0.36 گرام، تھایامین B 1 0.012 ملی گرام، رائبو فلیون B 2 0.026 ملی گرام، فولیٹ B 9 سات مائیکرو گرام، وٹامن B 6 0.029 ملی گرام، وٹامن سی 4.3 ملی گرام، وٹامن ای 0.12 ملی گرام، وٹامن کے 4.4 مائیکرو گرام، کیلشیم 9 ملی گرام، آئرن 0.18 ملی گرام، مگنیشیم 7 ملی گرام، فاسفورس 12 ملی گرام، پوٹاشیم 116 ملی گرام، سوڈیم 1 ملی گرام، میگنیز 0.048 ملی گرام پائی جاتی ہے۔

آئیں اس کے کچھ طبی فوائد پر روشنی ڈالتے ہیں۔
1۔ کینسر سے بچاؤ : (Prevention of cancer)

ناشپاتی میں بہت سے طاقتور پودوں کے مرکبات پائے جاتے ہیں جو کینسر سے لڑنے کی خصوصیت رکھتے ہیں۔ ناشپاتی فلیونائڈ (flavonoids) سے بھرپور پھل ہے۔ دیگر مرکبات میں اینتھوسیانن (Anthocyanin) اور سینا مک ( Cynamic acid) پایا جاتا ہے۔ یہ مرکبات مختلف قسم کے کینسر مثلاً بریسٹ کینسر، رحم، پھیپھڑوں معدہ، اور بڑی آنت کے کینسر کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

2۔ ذیابطیس ٹائپ 2 : (Type 2 diabetes)

ناشپاتی کی خاص طور پر سرخ قسمیں ذیابیطس کے خطرے کو کم کرتی ہیں۔ کیوں کہ سرخ ناشپاتی اینتھوسیانن سے بھرپور ہونے سے ذیابطیس ٹائپ ٹو کا خطرہ تقریباً 23 فیصد تک کم کر دیتی ہیں۔ اس میں موجود فائبر ہاضمے کو سست کر دیتا ہے جس سے جسم کے کاربوہائیڈریٹ کو ٹوٹنے اور جذب کرنے میں زیادہ وقت ملتا ہے۔ اس سے بلڈ شوگر کی سطح کم ہو جاتی ہے۔ ناشپاتی میں موجود فلیوونائڈ انسولین کی حساسیت کو بہتر بناتے ہیں۔ جس سے مردوں اور خواتین میں ٹائپ ٹو ذیابیطس کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔

3۔ جسمانی توانائی کی بحالی :
(Physical energy recovery)

ناشپاتی میں موجود گلوکوز کی مقدار کمزوری دور کر کے فوراً توانائی فراہم کرتی ہے۔ کیونکہ گلوکوز جسم میں بہت جلد جذب ہو کر توانائی کی شکل میں ڈھل جاتا ہے۔

4۔ حاملہ خواتین : (Pregnant women)

ناشپاتی میں فولک ایسڈ پایا جاتا ہے جو دوران حمل بہت مفید ہے۔ فولک ایسڈ بچے کو پیدائشی کمزوری سے بچاتا ہے۔

5۔ وزن میں بتدریج کمی : (Gradual weight loss)

ناشپاتی میں کلوریز بہت کم فائبر بہت زیادہ اور پانی کی خاصی مقدار پائی جاتی ہے۔ کیونکہ فائبر اور پانی پیٹ کے بھرے ہونے کا احساس فراہم کرتے ہیں۔

6۔ دل کے امراض سے تحفظ :
(Protection from heart disease)

ناشپاتی میں موجود پروسیلڈین اینٹی آکسیڈینٹ دل کی باتوں میں سختی کو کم کرتے ہیں۔ یہ ایل ڈی ایل (LDL) خراب کولیسٹرل کو ٹھیک اور ایچ ڈی ایل (HDL) کی سطح کم کرتے ہیں۔ اس کے چھلکے میں کورستین ( Quercetin) اینٹی اوکسیڈنٹ پایا جاتا ہے۔

یہ سوزش کم کر کے مختلف بیماریوں جیسے ہائی بلڈ پریشر اور فالج سے بچاتا ہے۔
7۔ ہڈیوں کا خستہ ہونا : (Aging bones)
ناشپاتی جسم کے پی ایچ ph لیول کو برقرار رکھتی ہے۔

یہ جسم میں کیلشیم کی مقدار پوری کر کے ہڈیوں کو صحت مند رکھتی ہے۔ اور خاص طور پر آسٹیوپوروسس جیسے امراض سے تحفظ دیتی ہے۔

8۔ خون کی کمی : ( Deficiency of blood )

ناشپاتی خون کی کمی اور معدنیات کی کمی والے مریضوں کے لئے نعمت خداوندی ہے۔ اس میں کاپر اور آئرن کی زیادہ مقدار پائی جاتی ہے۔ آئرن خون کے سرخ خلیوں میں اضافہ کرتا ہے جبکہ کاپر معدنیات کے اخراج کو آسان بناتا ہے۔

9۔ چھوٹے بچے : ( Babies )

ناشپاتی دودھ چھڑانے والے بچوں کے لیے بہت مفید ہے۔ کیونکہ یہ ہائپو الرجینک (Hypoallergenic ) اور کم تزابیت والا پھل ہے۔ یہ ہضم کے فعل میں کوئی مشکل پیدا نہیں کرتا۔

10۔ قوت مدافعت بڑھانے کے لئے :
(To boost immunity)

امریکن جرنل آف کلینکل کے مطالعہ کے مطابق وٹامن ‏سی قوت مدافعت بڑھاتا ہے۔ بلاشبہ وٹامن سی مختلف انفیکشنز نزلہ، زکام، کھانسی، فلو اور دیگر امراض سے بچاتا ہے۔

11۔ سوزش کم کرنے کے لئے :
(To reduce inflammation)

ناشپاتی میں موجود فلیوونائڈ جیسے اجزاء سوزش کے اثرات کم کر کے درد، گنٹھیا اور سختی کو دور کر دیتے ہیں۔

اس میں کلوروجینک ایسڈ، وٹامن اے، بی بیٹاکیروٹین، لیوٹین، زیکسنتھین جیسے اجزاء مختلف قسم کے کینسر سے بچاتے ہیں۔

12۔ قبض سے نجات : (Get rid of constipation)
ناشپاتی فائبر سے بھرپور پھل ہے۔ یہ وہ جز ہے جو آنتوں کے فعل کو باقاعدہ بنا کر قبض سے بچاتا ہے۔
13۔ موٹاپے سے نجات : (Get rid of obesity)

جو لوگ روزانہ ناشپاتی کھاتے ہیں۔ ان میں تقریباً 35 فیصد موٹاپے کا امکان کم ہو جاتا ہے۔ اگر اسے مسلسل تین ماہ تک استعمال کیا جائے تو وزن میں تقریباً تین سے پانچ کلو کمی آجاتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments