ڈنکی: راج کمار ہرانی کے ساتھ فلم ملنے پر شاہ رخ خان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں


تقریباً چار سال سے شاہ رخ خان کے مداح جن لمحات کا انتظار کر رہے تھے وہ اب شاید پورے ہونے والے ہیں۔

شاہ رخ خان کی اگلی فلم کب آئے گی، یہ سوال ان کے مداح کافی دیر سے پوچھ رہے ہیں۔ فلم ‘پٹھان’ کی تاریخ کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔ لیکن اب ایک ایسی فلم کا اعلان کیا گیا ہے، جو ہندی سینما کو سمجھنے والوں میں سنسنی اور جوش پیدا کر سکتی ہے۔

وجہ یہ ہے کہ کئی بہترین فلموں کے ہدایتکار راج کمار (راجو) ہرانی اور شاہ رخ خان پہلی بار ایک فلم لے کر آ رہے ہیں۔ فلم کا نام ہوگا ’ڈنکی‘۔

شاہ رخ خان اور راجو ہرانی نے سوشل میڈیا پر یہ خبر ایک مزاحیہ ویڈیو کے ذریعے دی ہے۔ یہ فلم 22 دسمبر 2023 کو ریلیز ہوگی جبکہ پٹھان 25 جنوری 2023 کو ریلیز ہوگی۔

اب آپ سوچ رہے ہوں گے کہ فلم ‘ڈنکی’ آخر ہوگی کیسی؟

تو یقین کریں آپ کے دل اور شاہ رخ خان کے ذہن میں کچھ تو رابطہ ہے کیونکہ فلم کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے شاہ رخ خان نے جو ویڈیو شیئر کی ہے اس میں وہ خود راجو ہرانی سے یہی سوال کرتے نظر آرہے ہیں۔

اس پر راجو ہرانی شاہ رخ کو جواب دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ‘کامیڈی ہے، رومانس اور ساتھ میں ایموشنز بھی ہیں۔۔۔ لیکن پلیز بازو پھیلانے والا اپنا سگنیچر پوز نہ کرنا۔‘ شاہ رخ خان نے جواب دیتے ہوئے کہا ‘ارے سر، اگر آپ کہو تو ہاتھ ہی کٹوا لوں گا۔’

اس ویڈیو کے ابتدائی حصے میں شاہ رخ کی یہ خواہش سامنے آتی ہے جس میں وہ راجو ہرانی کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔

فلمی نقاد ترن آدرش نے ٹوئٹ کیا کہ ‘ڈنکی’ کی شوٹنگ اس مہینے شروع ہوئی ہے۔ اگلے شیڈول کی شوٹنگ پنجاب میں ہو رہی ہے۔ فلم کو راجو ہرانی اور ابھیجیت جوشی نے لکھا ہے۔ فلم کو جیو پروڈکشن، ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ اور راجکمار ہرانی فلمز نے پیش کیا ہے۔

’کئی ریکارڈ ٹوٹنے والے ہیں‘

فلم کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے شاہ رخ نے لکھا کہ ’راج کمار ہرانی صاحب، آپ میرے سینٹا کلاز نکلے ہیں۔ آپ شروع کیجیے. میں وقت پر پہنچ جاؤں گا۔ میں تو سیٹ پر ہی رہنے لگوں گا۔ میں آپ کے ساتھ کام کرنے کے لیے پُرجوش اور منتظر ہوں۔ ہم آپ سب کے لیے 22 دسمبر 2023 کو سینما گھروں میں ‘ڈنکی’ لے کر آرہے ہیں۔‘

راجو ہرانی نے بھی لکھا کہ ’شاہ رخ، ہم نے آخرکار ایک ساتھ فلم بنانے کا فیصلہ کر ہی لیا۔ اگلے سال کرسمس پر آپ سب سے سینما گھروں میں ملیں گے۔‘

راجو ہرانی نے اس ٹویٹ میں تاپسی پنو کو بھی ٹیگ کیا ہے۔ فلم میں تاپسی پنو اہم کردار میں ہیں۔

تاپسی نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’آخر کار یہ ہو رہا ہے، شاہ رخ اور راجو ہرانی کے ساتھ اپنی اگلی فلم ڈنکی کا اعلان کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے۔‘

فلم ڈنکی کے ویڈیو ٹیزر پر سورج کمار لکھتے ہیں ’جب بالی وڈ کی عظیم شخصیات ساتھ ہوتی ہیں تو انڈسٹری محفوظ ہے۔‘

ایک صارف ہیرا لکھتی ہیں کہ ‘میرا خواب سچ ہونے جا رہا ہے۔ راجو ہرانی اور شاہ رخ دونوں ایک ساتھ آ رہے ہیں۔ کئی ریکارڈ ٹوٹنے والے ہیں۔‘

ایک اور صارف اروپ چٹرجی لکھتے ہیں کہ ’اس لمحے کا کافی عرصے سے انتظار تھا۔‘

راج کمار ہرانی اتنے خاص کیوں؟

راجو ہرانی نے اب تک صرف پانچ فلموں میں ہدایتکاری کی ہے لیکن ان کی ہر فلم طویل عرصے تک ناظرین کے دل و دماغ میں چھائی رہی۔

ان کی فلموں میں منا بھائی ایم بی بی ایس، لگے رہو منا بھائی، تھری ایڈیئٹس، پی کے اور سنجو شامل ہیں۔

ان تمام فلموں نے نہ صرف باکس آفس پر کمال کیا بلکہ ناقدین سمیت عام لوگوں میں بھی اپنا خاص مقام حاصل کیا۔

دوسری جانب شاہ رخ خان کی آخری فلم زیرو باکس آفس پر بُری طرح فلاپ رہی۔ یہ فلم 2018 میں ریلیز ہوئی تھی۔

شاہ رخ خان پچھلے کچھ برسوں سے بڑے پردے پر نظر نہیں آئے۔ کئی بار انھوں نے ٹوئٹر پر اور کچھ انٹرویوز میں فلموں کے فلاپ ہونے یا کام نہ ملنے جیسی باتیں کہہ کر خود ہی اپنا مذاق اڑایا۔

گذشتہ سال شاہ رخ خان اپنے بیٹے آرین خان کی گرفتاری کے حوالے سے خبروں میں رہے تھے۔ اس پورے معاملے پر شاہ رخ نے میڈیا اور سوشل میڈیا پر خاموشی اختیار کر رکھی تھی۔

اس ویڈیو کے آخر میں شاہ رخ فلم کے نام ڈنکی پر غور کرتے ہیں اور پھر کہتے ہیں ’پتا نہیں کیا بنا رہا ہے یہ۔ جو بھی ہے لے لو لے لو۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments