بالی وڈ ڈائری: کیا کرشمہ کپور دوبارہ شادی کریں گی؟

نصرت جہاں - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن


کیا کرشمہ کپور دوبارہ شادی کرنے والی ہیں؟ اب انکے کئی مداح یہ سوال پوچھ رہے ہیں ۔کرشمہ نے حال ہی میں اپنے بھائی رنبیر کپھور اور عالیہ بھٹ کی شادی کی تصاویر پوسٹ کیں اور خاں طور پر وہ تصویر جس میں وہ عالیہ کے کلیرے کو ہاتھ میں تھامے ہوئے ہیں۔

کلیرہ دلہن کا وہ گہنا ہوتا ہے جسے شادی کے بعد دلہن ہوا میں اچھالتی ہے اور یہ مانا جاتا ہے کہ وہ جس لڑکی کے سر پر گرتا ہے اگلی شادی اسی کی ہوتی ہے۔ تو عالیہ کا کلیرہ کرشمہ کے سر پر جا کر گرا۔

کرشمہ نے خوشی سے کلیرہ لہراتے ہوئے اپنی کئی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں جس کے بعد لوگوں نے ان سے سوال کرنے شروع کر دیے۔ اس ہفتے انسٹا پر سوال جواب کے سیشن میں انکے ایک فین نے پوچھا کہ کیا وہ دوبارہ شادی کریں گی؟ جواب میں کرشمہ نے کہا ‘ڈپینڈ۔‘

اب اس کا مطلب ہاں نہیں تو نہ بھی نہیں ہے۔ کرشمہ جنکی پہلے ابھشیک بچن کے ساتھ منگنی ہوئی تھی لیکن یہ رشتہ زیادہ نہیں چل سکا، انھوں نے 2003 میں ایک تاجر سنجے کپور سے شادی کر لی تھی لیکن 2016 میں دونوں نے طلاق لے لی۔

کرشمہ کی ایک بیٹی سمائرہ اور بیٹا کیان ہیں۔ کرشمہ 90 کی دہائی کی بڑی بالی وڈ سٹار تھیں لیکن شادی کے بعد کرشمہ پڑے پردے سے غائب ہو گئی تھیں۔ بعد میں انھوں نے دو مرتبہ فلموں میں واپسی کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکیں۔ تاہم وہ کئی ٹی وی شوز کا حصہ ہیں اور اب جلد ہی ویب سیریز ‘براؤن’ میں نظر آئیں گی۔

عامر خان کی امی نے انکی نئی فلم کے بارے میں کیا کہا

’امی جان کو جب میری کوئی فلم پسند نہیں آتی تو وہ کہتی ہیں ‘ہٹاؤ اِسے یہ کیا بنایا ہے‘، لیکن ان کو میری نئی فلم بہت پسند آئی ہے۔‘

بالی وڈ اداکار عامر خان نے اپنے آنے والی فلم لال سنگھ چڈھا کا پہلا گانا ایک ریڈیو شو پر ریلیز کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ہر فلم پہلے امی کو دکھاتے ہیں کیونکہ انکا ردِ عمل بہت قدرتی ہوتا ہے اور فلم کے بارے میں انکی رائے بہت اہم ہے۔

’لال سنگھ چڈھا دیکھنے کے بعد انھوں نے کہا کہ’ تمہاری فلم بہت اچھی ہے تم اسے ریلیز کیوں نہیں کرتے’۔

ویسے یہ سوال تو بہت لوگوں کے ذہن میں آتا ہے کہ بھائی آخر یہ فلم ریلیز کب ہوگی جس کے بارے میں کئی سالوں سے بات ہو رہی ہے۔

ریڈیو ایف ایم شو پر عامر نے کہا کہ ان کی امی زینت حسین نے کہا کہ فلم بہت اچھی ہے اور اس فلم کا کوئی منظر نہیں کاٹنا۔ کرینہ کپور کے ساتھ عامر کی اس فلم کا لوگوں کو بے صبری سے انتظار ہے جو اس سال 12 اگست کو ریلیز ہونے والی ہے۔

فلم کے لیے کرینہ اور عامر نے پروموشن کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور اس کی شروعات سوشل میڈیا سے کی گئی ہے۔

عامر خان کو فلم ’لگان‘ کے لیے ’ہاں‘ کرنے میں دو سال کیوں لگے؟

سنی لیونی: ’ایکشن میرے لیے بالکل نیا تجربہ، مگر سلمان، شاہ رخ سے بہت کچھ سیکھا‘

’پشپا‘ کے 14 دن میں 234 کروڑ، جنوبی انڈین فلمیں اتنی مقبول کیوں ہیں؟

اجے دیوگن اور ہندی زبان کا تنازع

بالی ووڈ میں اب یہ چلن عام ہو چکا ہے کہ اپنی نئی فلم ریلیز ہونے سے پہلے فلم کے ہیرو یا ہیروئن یا تو اچانک اپنے ماضی کے متنازع پہلؤں کو اجاگر کرنے لگتے ہیں یا پھر کوئی متنازع بیان دے ڈالتے ہیں۔

ایسے ہی سلسلے میں اجے دیوگن نے انڈیا میں ہندی کو قومی زبان بنانے کے بارے میں ایک بیان دے ڈالا، یہ جانتے ہوئے کہ شمالی انڈیا کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں یہ بہت حساس معاملہ ہے جہاں کے عوام اور سیاست دان ہندی کو قومی زبان تسلیم نہیں کرتے۔

اس حوالے سے جنوبی انڈیا کے سٹار کِچا سودیب اور اجے دیوگن کے درمیان سوشل میڈیا پر نوک جھونک بھی ہوئی۔ لیکن کیا کریں، اجے کی بھی مجبوری تھی، ان کی فلم ‘رن وے 34‘ اسی ہفتے ریلیز ہوئی ہے اور اس کا مقابلہ ٹائگر شیروف کی فلم ‘ہیرو پنتی ٹو’ سے ہے۔

ویسے اجے دیو گن ہندی کے حوالے سے جہاں تنازع کھڑا کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں وہیں سوشل میڈیا پر اس حوالے سے کافی دلچسپ تبصرے بھی ہو رہے ہیں۔ ٹوئٹر پر ایک صارف نے لکھا ‘آپ ہندی فلموں سے پیسہ کماتے ہو لیکن حقیقت میں انٹرویوز، ٹوئیٹس اور ایوراڈ تقریبات میں انگریزی ہی استعمال کرتے ہو۔’

https://twitter.com/shailkothari/status/1519309546090811392

ایک اور صارف نے لکھا کہ ’اجے کی گیارہ ٹوئیٹس میں سے دس انگلش میں ہوتی ہیں۔’

تنازع جو بھی ہو لیکن سوشل میڈیا پر اجے کی فلم کے رویوز بھی کافی اچھے آ رہے ہیں۔ یہ اور بات ہے کہ جنوبی انڈیا کے بہت سے لوگ ان پر طنز کر رہے ہیں کہ ‘اجے اکثر جنوبی انڈیا کی کامیاب فلموں کے ری میک بناتے ہیں۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32299 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments