فلم ریویو: گھبرانا نہیں ہے
سٹار کاسٹ: صبا قمر، زاہد احمد، سید جبران، نئیر اعجاز
ڈائریکٹر: ثاقب خان
لکھاری: ثاقب خان، محسن علی
کسی بھی اچھی اور کامیاب فلم کو جانچنے کا پیمانہ کیا ہو سکتا ہے؟ جب فلم دیکھنے کے دوران سینما ہال بار بار قہقہوں، دادو تحسین کے جملوں اور تالیوں کی آواز سے گونجتا رہے تو کہہ سکتے ہیں کہ فلم نے لوگوں کے دلوں کو چھو لیا ہے تو بات کرتے ہیں ایک ایسی فلم کی۔ دوستو، آج ایک ایسی فلم کا ریویو لے کر حاضر ہوئے ہیں۔ جسے دیکھنے کے لئے گزارشات اور ملک دوستی کے واسطے دینے کی قطعاً ضرورت نہیں۔ مجھے ذاتی طور پر یہ بات کبھی بھی پسند نہیں رہی کہ ہمیں سینما کا رخ اس لئے کرنا چاہیے کی اپنی انڈسٹری کو فروغ ملے۔ بھئی آپ کام اچھا کریں لوگ خود سینما گھروں کا رخ کرنے پر مجبور ہوں گے، اچھی تفریح کسے پسند نہیں؟
اس عید پر پانچ پاکستانی فلمز ایک ساتھ سینما کی زینت بنی ہیں تو اب بات کرتے ہیں فلم۔ ”گھبرانا نہیں ہے“ کی۔
سب سے پہلے بات کرتے ہیں کاسٹ کی، صبا قمر اس عہد کی سب سے بہترین اداکاراؤں میں سے ایک ہیں، ایک زمانہ ان کے کام کا معترف ہے اور پاکستان سمیت سرحد پار اور دنیا بھر میں ان کے کروڑوں مداح موجود ہیں، ہندی میڈیم ایکٹریس نے اس فلم میں بھی اپنی اداکاری کے بھرپور جوہر دکھائے ہیں جس پر آپ داد دیے بنا نہیں رہ سکیں گے۔ زاہد احمد ایک منجھے ہوئے فنکار کے طور پر انڈسٹری میں اپنی جگہ بنا چکے ہیں، ذرا یاد کر، بے شرم اور محبت تجھے الوداع جیسے ڈراموں میں کام کرنے کے بعد وہ ایک علیحدہ شناخت رکھتے ہیں، سید جبران بھی اس سے قبل پاکستانی ٹی وی کا ایک معروف نام ہیں، اس فلم میں انہوں نے اتنی خوبی سے وکی کا کردار نبھایا ہے کہ آپ ان کی مزاحیہ اداکاری کے بے ساختہ پن سے محظوظ ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔ اب بات کرتے ہیں نیئر اعجاز کی، نئیر اعجاز کئی دہائیوں سے اپنی شاندار ایکٹنگ سے مداحوں کے دل جیتتے چلے آ رہے ہیں، اس فلم میں بھائی جان کے کردار کے ساتھ انہوں نے خوب انصاف کیا ہے۔ فلم میں کرداروں کے درمیان پائی جانے والی کیمسٹری بہت شاندار ہے۔
اب بات کرتے ہیں، کہانی کی۔ فلم کی کہانی ایک لڑکی زوبی (صبا قمر) کے گرد گھومتی ہے، جو انصاف کے حصول کی خاطر جب گھر سے نکلتی ہے تو پھر معاشرے میں موجود مختلف کرداروں سے اس کا واسطہ پڑتا ہے اور اس کہانی میں کئی دلچسپ موڑ بھی آتے ہیں، فلم میں اچھی کامیڈی ہے، اموشن ہیں اور محبت کی ہمہ جہت کہانی بھی ہے۔ ڈائیلاگ بہت شاندار ہیں۔ اگر مزید کہانی کے بارے میں بتایا جائے تو شاید ان لوگوں کا مزا کرکرا نہ ہو جائے جو ایک اچھی رومینٹک کامیڈی دیکھنا چاہ رہے ہیں، اس لئے آپ خود یہ فلم جا کر کیوں نہیں دیکھتے اور پھر کمنٹ باکس میں بتائیے کہ فلم پیسہ وصول ہے یا نہیں؟
معیار کے لحاظ سے اس فلم کا بولی ووڈ فلموں کے ساتھ آرام سے موازنہ کیا جا سکتا ہے، پاکستانی فلمز پر اکثر تنقید کی جاتی ہے کہ انہیں دیکھ کر لگتا ہے جیسے فلم کی بجائے ڈرامہ دیکھا جا رہا ہے۔ ثاقب خان کی ڈائریکشن میں بننے والی یہ فلم اس تصور کو بآسانی زائل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے
IMDB کی ریٹنگ 7.2 ہے ہماری ریٹنگ 8.5 ہے۔ تو دیر کس بات کی ہے سینما جائیے اور بتائیے کہ ہماری ریکمنڈیشن آپ کی توقعات پر کس قدر پوری اتری؟
آپ سب کو عید مبارک۔ اچھی رومینٹک کامیڈی سے لطف اندوز ہونے کا موقع مت گنوائیے۔


