کراچی: چار دن میں دوسرا بم دھماکہ، کھارادر میں خاتون ہلاک

ریاض سہیل - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی


پاکستان کے شہر کراچی کے علاقے کھارادر میں سوموار کی رات ایک بم دھماکے میں ایک خاتون ہلاک جب کہ تین پولیس اہلکاروں سمیت نو افراد زخمی ہوئے ہیں۔

گزشتہ چار دنوں میں کراچی میں یہ دوسرا بم دھماکہ ہے۔

کراچی پولیس کے مطابق یہ بم دھماکہ تھا جو کراچی کے کھارادر تھانے کی حدود میں کپڑا مارکیٹ میں ہوا۔ پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دھماکے میں پولیس کی ایک پک اپ سمیت چند گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ایدھی سنٹر کے سعد ایدھی نے بتایا کہ اس بم دھماکے میں پولیس موبائل کو ٹارگٹ کیا گیا تھا جو بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل نے تصدیق کی کہ اس دھماکے میں پولیس کی موبائل کو ہی نشانہ بنایا گیا تھا جس میں تین اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تینوں زخمی اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

شرجیل کھرل کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جارہی ہیں اور بم ڈسپوزل سکواڈ رپورٹ مرتب کر رہا ہے جس سے مواد کا اندازہ لگایا جاسکے گا

بی بی سی کو موصول ہونے والی دھماکے کے مقام کی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بچہ ہلاک ہونے والی خاتون کو کہہ رہا ہے کہ ماں اٹھو۔

کراچی

واضح رہے کہ چار دن قبل جمعرات کی رات کو تقریباً 11 بجے کراچی کے ایک مصروف علاقے، یونائیٹڈ بیکری اور مرشد بازار کے قریب، بم دھماکہ ہوا تھا جس میں ایک شخص ہلاک اور 13 زخمی ہوئے تھے۔

کراچی پولیس کے مطابق کھارادر دھماکے کی جگہ پر کرائم یونٹ نے تفتیش شروع کر دی ہے اور بم ڈسپوزل سکواڈ دھماکے کی نوعیت کے بارے میں معلومات اکھٹی کر رہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ملوث عناصر کی جلد گرفتاری کی ہدایت کی ہے اور وفاق کی جانب سے سندھ حکومت کو مکمل معاونت کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی یونیورسٹی: حملہ آور کون تھیں اور پاکستان میں خواتین خودکش حملہ آوروں کی تاریخ کیا ہے؟

رینجرز پر حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے والی سندھو دیش ریولیشنری آرمی کون ہے؟

کالعدم قرار دی گئی تنظیم جسقم آریسر کے مطالبات کیا ہیں؟

وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق انھوں نے کہا ہے کہ تمام صوبے امن وامان کی صورتحال اور عوام کے جان و مال کو یقینی بنانے کے لئے سکیورٹی انتظامات میں بہتری لائیں۔

https://twitter.com/murtazawahab1/status/1526249496799215616

انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ امن وامان کی صورتحال میں بہتری کے لئے وفاق اور صوبوں میں اشتراک عمل موثر بنایا جائے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کھارادر میں دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس کو فون کر کے فوری تفیصلی رپورٹ مانگ لی ہے۔

وزیر اعلی سندھ کے ترجمان کے مطابق انھوں نے فوری طور سول اسپتال میں ایمرجنسی بھی ڈیکلئر کردی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments