شادی میں سب کچھ ہو گا مگر دلہا نہیں، انڈین لڑکی منفرد شادی کے لیے تیار

گیتا پانڈے - بی بی سی نیوز، دلی


Kshama Bindu
Kshama Bindu
کشاما بِندو مغربی ہندوستان میں مقیم بلاگر ہیں
خود سے شادی کرنے یا سولوگیمی کا رواج مغرب میں تو گذشتہ چند برسوں سے فروغ پا رہا ہے مگر اب یہ انڈیا بھی پہنچ گیا ہے۔

مغربی ریاست گجرات کے شہر ودودارہ کی رہائشی کشاما بِندو کی 11 جون کو ایک مندر میں روایتی ہندو شادی ہو گی۔ وہ اس موقع پر ہاتھوں پر مہندی لگائیں گی، سرخ عروسی جوڑا پہنیں گی اور مقدس الاؤ کے گرد سات پھیرے لیں گی۔

اس شادی سے پہلے ہلدی اور سنگیت کی رسمیں بھی ہوں گی۔ شادی کے بعد وہ دو ہفتے طویل ہنی مون پر گووا بھی جائیں گی۔

مگر اس سب میں سے ایک چیز غائب ہے، یعنی دلہا۔ ایسا اس لیے ہے کیونکہ کشاما کا منصوبہ ہے کہ وہ خود سے ’شادی‘ کریں گی۔ ممکنہ طور پر یہ انڈیا میں اپنی نوعیت کا انوکھا اور پہلا واقعہ ہو گا۔

کشاما کہتی ہیں کہ خود سے شادی کر کے وہ اپنی زندگی ’خود سے محبت‘ کرنے کے لیے وقف کر دیں گی۔

’خود سے محبت کرنا اپنا خیال رکھنے کا عزم ہے، کہ آپ اپنا روزگار اور رہن سہن ایسے منتخب کریں جو آپ کو زندگی سے بھرپور، انتہائی خوبصورت اور نہایت خوش رہنے میں مدد کرے۔‘

’اس طرح میں اپنے تمام مختلف حصوں کو قبول کر پاؤں گی جن کا میں نے اب تک انکار کرنے یا ان سے جان چھڑانے کی کوشش کی ہے، مثلاً میری کمزوریاں چاہے وہ جسمانی ہوں، ذہنی یا پھر جذباتی۔ میرے لیے یہ شادی واقعی خود کو قبول کرنے کا ایک طریقہ ہو گا۔ میرے کہنے کا مطلب ہے کہ میں خود کو مکمل طور پر قبول کرتی ہوں، اپنے ان حصوں کو بھی جو زیادہ خوش نما نہیں دکھائی دیتے۔‘

کشاما کہتی ہیں کہ اُن کے خاندان نے اُنھیں آشیرواد دیا ہے اور دوستوں کے ساتھ وہ بھی اس شادی میں شریک ہوں گے۔

’میری امی نے کہا، اوہ تم ہمیشہ کچھ نیا سوچتی ہو۔ میرے والدین جو کافی کشادہ ذہن رکھتے ہیں، نے کہا کہ اگر تمھیں اس سے خوشی ملتی ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔‘

Kshama Bindu's wedding card

Kshama Bindu

خود سے ’شادی‘ کرنے کا خیال پہلی مرتبہ 20 سال قبل سامنے آیا جب امریکی ٹی وی سیریز سیکس اینڈ دی سٹی میں کیری بریڈشا نے اس کا تصور پیش کیا۔ مگر یہ شو اصل میں ایک مزاحیہ ڈرامہ تھا۔

تب سے اب تک اطلاعات کے مطابق ایسی سینکڑوں ’شادیاں‘ ہو چکی ہیں، ایسا زیادہ تر کنواری خواتین نے کیا ہے۔

ایک انتہائی غیر معمولی واقعہ تب پیش آیا جب ایک 33 سالہ برازیلی ماڈل نے خود سے ’شادی‘ کرنے کے تین ماہ بعد خود کو ’طلاق‘ دے دی۔

دنیا کے کئی حصوں میں ایسے کاروبار پھل پھول رہے ہیں جو اس رجحان سے متعلق مصنوعات اور خدمات مہیا کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

ایک دلہن جو یوکرین سے کافی مشین لے کر شادی کے لیے انڈیا پہنچی

مٹن کا سالن نہ ہونے پر بارات واپس: ’دولہے کو مٹن کری چاہیے تھی، دلہن مستقبل کی اذیت سے بچ گئی‘

’شادی کے بعد عارضی علیحدگی سے باہمی تعلقات میں تازگی اور پیار کا احساس ملا‘

مگر ایسی کہانیاں اب تک انڈیا میں ان سنی تھیں اور شما بندو کی متوقع ’شادی‘ پر کافی بات ہو رہی ہے۔

میں نے ایک ذہنی صحت کی ماہر سے سولوگیمی پر بات کی تو وہ بظاہر اس سے ’حیران‘ نظر آئیں۔

چندی گڑھ کے پوسٹ گریجویٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اینڈریسرچ کی سابق ڈین اور نفسیات کی پروفیسر ڈاکٹر سویتا ملہوترا نے کہا کہ ’مجھے یہ تصور بہت عجیب لگتا ہے۔‘

’ہر کوئی خود سے پیار کرتا ہے۔ آپ کو اسے کوئی بیرونی صورت دینے کی ضرورت نہیں تاکہ آپ خود سے پیار کا اظہار کر سکیں۔ یہ ہم سب کے اندر ہوتا ہے۔ اور شادی دو انسانوں کے قریب آنے کا نام ہے۔‘

Kshama Bindu

Kshama Bindu

اس خبر کے بعد سوشل میڈیا پر بھی بحث ہو رہی ہے۔ کچھ لوگوں نے ان کی تعریف کی کہ وہ بہت سے لوگوں کے لیے متاثر کُن ہوں گی مگر زیادہ تر لوگ اس تصور کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہوئے نظر آئے۔

ٹوئٹر پر ایک خاتون نے لکھا کہ اگر اس شادی میں کوئی دوسرا شخص نہیں ہے تو پھر شادی کی کیا ضرورت ہے۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ بظاہر کشاما بِندو اپنی خاندانی ذمہ داریوں سے بھاگنا چاہتی ہیں۔

کچھ لوگوں نے سولوگیمی کو ‘پریشان کُن اور افسوس ناک’ اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی وجہ ‘انتہائے خود پرستی’ کو قرار دیا۔

کشاما بِندو تنقید کرنے والوں کو کہتی ہیں کہ ‘چاہے میں کسی مرد سے شادی کروں، کسی عورت سے یا خود سے، یہ میرا اپنا فیصلہ ہے۔ اور خود سے شادی کر کے میں سولوگیمی کو عام کرنا چاہتی ہوں۔ میں لوگوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ آپ اس دنیا میں اکیلے آتے ہیں اور اکیلے جاتے ہیں۔ تو آپ کو خود سے زیادہ پیار کون کر سکتا ہے؟ اگر آپ گر جائیں تو آپ ہی خود کو اٹھائیں گے۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32558 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments