وہ کون تھا؟
وہ کون تھا جس نے کہا تھا کہ ایمپائر نیوٹرل ہونا چاہیے لیکن جب بات اپنے مفادات کی آئی تو کہنے لگا کہ نیوٹرل تو جانور ہوتا ہے؟ وہ کون تھا جس نے کہا تھا کہ سیاست میں الیکٹیبل کو نہیں لوں گا لیکن پھر جہاز بھر بھر ان کے گلے میں پارٹی پر ”چم“ ڈالا؟ وہ کون تھا جس نے کہا تھا کہ نوے دن میں تبدیلی لاؤں گا لیکن چار سال گزرے تو کہنے لگا کہ مجھے تو سمجھ ہی نہیں آ رہی تھی کہ کرنا کیا ہے؟ وہ کون تھا جس نے کہا تھا کہ میرے پاس ایک بہترین ٹیم ہے جو پاکستان کی تقدیر بدل ڈالے گی لیکن جب چا ر سال گزرے تو کہنے لگا کہ ہم حکومت کے لیے تیار ہی نہیں تھے؟
وہ کون تھا جس نے کہا تھا کہ کسی سے بھیک نہیں مانگیں گے لیکن پھر چار سال میں اتنے قرضے لیے جتنے پاکستان نے پچھلے ستر سالوں میں نہیں لیے تھے؟ وہ کون تھا جس نے ملکی بہتری کے لیے گئے قرضوں کو بھیک کہا لیکن اپنی مانگی ہوئی بھیک کو پیکج کا نام دیا؟ وہ کون تھا جس نے دوسروں پر کرپشن کے الزام لگائے لیکن اپنے دور میں ہوئی کرپشن کو اعداد و شمار کی بے قاعدگی کا نام دیا؟ وہ کون تھا جس نے کہا تھا کہ احتساب گھر سے شروع کریں گے لیکن جب بات گھر تک پہنچی تو ایک ادارے کا ڈی جی تک تبدیل کر دیا؟
وہ کون تھا جس نے دوسروں کو مافیا کے نام سے پکارا لیکن اپنے دور میں مافیاز کو لوٹ مار کی اتنی کھلی چھوٹ دی کہ اشیائے ضرورت کی قیمت صبح شام بڑھتی تھیں؟ وہ کون تھا جس نے کہا تھا کہ قومیں سڑکوں سے نہیں بلکہ تعلیم سے بنتی ہیں لیکن جب اپنی باری آئی تو تعلیم اتنی مہنگی کہ تھیسس لکھتے طلبہ کو بھی پورے سیمسٹر کی فیس دینی پڑی بلکہ طلبہ کے سہولت کے لیے دیے گئے ایچ ای سی کے بجٹ میں کٹ بھی لگائی اور اور بیرون ملک پڑھتے طلبہ کو بے یارومددگار چھوڑ دیا؟
وہ کون تھا جس نے کہا تھا کہ ہم ایوان ہائے اقتدار کو گرا کر انھیں یونیورسٹیاں بنا دیں گے لیکن جب موقع ملا تو نہ صرف ان ایوانوں کا بجٹ بڑھا یا بلکہ وہاں کروڑوں کے مشاعرے بھی ہوتے رہے؟ وہ کون تھا جس نے بچت کے نام پر ایوان وزیراعظم میں رکھی بھینسیں اور پرانی گاڑیاں کوڑیوں کے بھاؤ بیچ ڈالیں لیکن کچھ عرصے بعد کروڑوں کی نئی لگژری گاڑیاں خرید لیں؟ وہ کون تھا جس نے کہا تھا کہ آزاد میڈیا کسی ملک کی جان ہوتی ہے لیکن جب اقتدار پایا تو ملک کے نامور صحافیوں کو سکرین سے غائب کر دیا کیونکہ وہ سوال اٹھاتے تھے؟
وہ کون تھا جس نے کہا تھا کہ مجھ سے زیادہ محب وطن کوئی نہیں لیکن اپنے ماننے والوں کو ہنڈی، حوالے، بل جلانے اور سول نافرمانی کی تعلیم دیتا رہا؟ وہ کون تھا کہ جب اس کی حکومت گئی تو کہنے لگا:بہتر ہے ملک پر بم گرا دو؟ وہ کون تھا جو بیرون ملک جا کر بتاتا تھا کہ القاعدہ جیسی دہشتگرد کو تنظیم ہمارے اداروں نے دی ہے؟ وہ کون تھا جو امریکا جا کر کشمیر دے آیا لیکن جب واپس آیا تو کہا کہ ورلڈ کپ لایا ہوں؟ وہ کون تھا جس نے کہا تھا کہ ملکی عزت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا لیکن جب انڈیا نے کشمیر ہڑپ لیا تو فقط ساتویں دن بروز جمعہ دھوپ میں صرف آدھا گھنٹا کھڑا ہونا کافی سمجھا؟
وہ کون تھا جس نے کہا تھا کہ شفاف الیکشن کرا کر پارٹی میں بھی جمہوریت لائیں گے لیکن دھاندلی کا شور ہونے پر جسٹس وجیہ الدین کو تفتیشی مقرر کیا اور جب کھرا گھر تک جانے لگا تو جسٹس صاحب کو پارٹی سے ہی نکال دیا؟ وہ کون تھا جس نے مشتبہ فارن فنڈنگ کی شکایت پر اپنے دیرینہ ساتھی اکبر ایس بابر کو کھڈے لائن لگایا؟ وہ کون تھا جو خود کو امین اور صادق بھی کہتا تھا لیکن فارن فنڈنگ پر نہ صرف سٹے لیتا تھا بلکہ فیصلہ نہ سنانے کی اپیلیں بھی کرتا تھا؟
وہ کون تھا جو امریکی سازش کا رونا بھی روتا تھا لیکن جب اس کے ماننے والے امریکا مردہ باد کا نعرے لگاتے تھے تو انھیں منع بھی کرتا تھا؟ وہ کون تھا جو بیرونی مداخلت کا ڈھنڈورا بھی پیٹتا تھا لیکن اس کی اپنی کابینہ نہ صرف امریکیوں پر مشتمل تھی بلکہ کچھ باقاعدہ تنخواہ دار ملازم بھی تھے؟ وہ کون تھا جو ریاست مدینہ کی بات کرتا تھا لیکن شکایت لے کر آئی روتی پیٹتی عورت کو نہ صرف دھکے دیتا تھا بلکہ ہسپتال میں داخل اپنے مخالفین کی عورتوں کی بیماری کو ڈھونگ بھی کہتا تھا اور اس کے متبعین کہتے تھے کہ واقعی بیمار ہو تو مر کر دکھاؤ؟
وہ کون تھا جس نے سٹیٹ بینک تک بیچ دیا؟ وہ کون تھا جس کی الیکشن مہم وقت کے چیف جسٹس نے چلائی؟ وہ کون تھا جس کی خاطر آر ٹی ایس بٹھایا گیا؟ وہ کون تھا جس کی خواہشات پر سوموٹو لیا جاتا تھا؟ وہ کون تھا جس کے ساتھی سٹے پر چلتے رہے؟ وہ کون تھا جس نے ایوان صدر کو آرڈینینس فیکٹری بنا دیا؟ وہ کون تھا جس نے پاکستان کے دشمن اور انڈین اور کشمیری مسلمانوں کے قاتل مودی کی جیت کی دعائیں مانگیں؟ وہ کون تھا جس نے انڈیا کی خارجہ پالیسی کی تعریف کی؟
جی ہاں! وہی خارجہ پالیسی جس کے تحت کشمیر انڈیا کا حصہ اور پاکستان ایک دہشت گرد ملک ہے، وہ کون تھا جس نے ایک قابل اعتراض ویڈیو کی بنیاد پر کسی ادارے کے چیئرمین کو اپنے سیاسی مخالفین کو دبانے اور اپنے کیس ختم کرانے کے لیے استعمال کیا؟ وہ کون تھا جس نے مہنگائی کے ہاتھوں خودکشیاں کرتی عوام کو تسلی دینے کی بجائے انھیں بتایا کہ سکون صرف قبر میں ہے؟ وہ کون تھا جس نے سپریم کورٹ کی دیوار پر شلواریں لٹکائیں تھیں؟ وہ کون تھا جس نے قومی املاک کی حفاظت کرتے سیکیورٹی اہلکاروں کو اپنے ہاتھوں پھانسی لگانے کا اعلان کیا تھا؟
یاد تو مجھے بھی نہیں البتہ ایک نشانی یاد ہے کہ کسی بابے نے اسے صادق اور امین کا نام دیا تھا۔


