تسخیر حب کے نئے اور پرانے نسخے (آن لائن ورژن)۔
محبوب چنتے وقت یہ احتیاط لازم ہے کہ رشتہ داروں پر ہرگز ہرگز عاشق نہ ہوں۔ اس کے بعد ارد گرد اور پڑوس میں رہنے والوں سے بھی حتی الوسع پرہیز لازم ہے۔ بلکہ محبوب کا تعلق دوسرے صوبے سے ہو تو یہ بہتر رہے گا۔
اپنے سوشل میڈیا وغیرہ میں تصویریں ہمیشہ وہی ٹانگیے جن میں خاطر خواہ روشنی کا انتظام ہو اور آپ معقول دکھتے ہوں۔ عینک والی تصویریں نہ دی جائیں۔ اس سے آپ کتابی دکھیں گے۔ محبت اور کتابت دو متضاد چیزیں ہیں اور ایک وقت میں آپ ان میں سے ایک ہی منتخب کر سکتے ہیں۔
(مردوں کے لیے ) فلٹر کا استعمال سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے۔ ہو سکتا ہے جس فلٹر میں آپ خود کو پال واکر سمجھ رہے ہوں وہ محبوب کو یرقان زدہ مریض دکھتا ہو۔ ہیبت ناک تصویریں دینے سے احتراز لازم ہے۔ ورنہ محبوب خوفزدہ ہو جائے گا۔ تاؤ دی ہوئی مونچھوں سے بھی احتراز کرنا چاہیے۔ مونچھیں صرف اس صورت میں رکھی جائیں اگر محبوب پنجابی فلموں کا شوقین ہو۔
بہتر تو یہ ہو گا کہ ایک وقت میں کئی جگہ کوشش کیجئیے۔ اس طرح کامیابی کا امکان زیادہ ہو جائے گا۔ ایسے دوستوں کو فوراً ان فرینڈ کر دیں جو آپ کو شبہ کی نظر سے دیکھتے ہوں۔ اوٹ پٹانگ قسم کے کمنٹ کرنے والوں کو بھی نکالیے۔
جو لڑکے لڑکیاں سومیہ ڈول، ڈیڈیز پرنسس، عادل کنگ نام کی آئی ڈی بناتے ہیں وہ خود پسند ہوتے ہیں اور جو نہیں بناتے وہ بھی کچھ کم خود پسند نہیں ہوتے۔
(خاص مردوں کے لیے ) ہوشیار رہیے آپ کی سومیہ ڈول اور کیوٹ اینجل کے پیچھے کوئی صنف غیر نازک کا فرد بھی ہو سکتا ہے اور یقیناً ہو گا۔
پب جی اور لڈو سٹار میں اکاؤنٹ بنایا جائے اور محبوب چن کر اس کی مدد کے بہانے ہیلو ہائے کا آغاز کر دیں۔ محبوب کے کھیل کی خوب تعریفیں کریں۔ محبوب یہ سن کر بہت خوش ہو گا کہ وہ سب سے اچھا کھیل رہا تھا اور اس کے دشمن تو بس یونہی سا کھیل رہے تھے۔ غلطیوں اور اناڑی پن کو باقاعدگی سے نظر انداز کیا جائے۔ کسی بھی جیت کا تمام کریڈٹ بھی محبوب کو ہی دیا جائے۔
سوشل میڈیا پر سماجی کارکنوں، سیاستدانوں اور ادیبوں وغیرہ کو فالو کریں۔ گاہے گاہے کسی فوت شدہ دانشور کی بات اپنی بنا کر پیش کی جا سکتی ہے۔ آپ انٹلیکچوئل دکھیں گے۔ ساتھ ہی ساتھ سیاستدانوں کی سازشوں، فلمی ستاروں سے متعلق افواہوں اور مشہور اداکاروں کے پہناوؤں کے متعلق بھی تبصرے ہونے چاہیں۔ تاکہ محبوب کی دلچسپی برقرار رہے۔
لائک اور کمنٹ کیجئیے۔ لیکن محبوب کی تصویروں کے نیچے شعر و شاعری سے پرہیز کریں۔ اس سے محبوب (اور دوسرے لوگ بھی) خواہ مخواہ مشکوک ہو جائے گا۔ محبوب کو وقتاً فوقتاً ٹیگ کرتے رہیے۔ اگر دوسرے لوگ آپ کی حرکات کا نوٹس لینا شروع ہو جائیں تو ان کا بالکل نوٹس نہ لیں۔
محبوب کی سالگرہ یاد رکھیے اور اس کی عمر مت پوچھیے۔ (یہ تجرباتی فارمولہ ہے اور طالب حب کو باریکی میں جائے بغیر اس پر عمل کرنا چاہیے ) ۔
کسی بھی موضوع پر گروپ بنائیں۔ اس میں چند فالتو خواتین و حضرات کے ساتھ محبوب کو ایڈ کریں۔ پھر آہستہ آہستہ دوسرے لوگوں کو نکالتے جائیں۔ حتٰی کہ صرف آپ اور محبوب باقی رہ جائیں۔ اس طرح محبوب آپ کو نوٹس کر لے گا اور اس کو شبہ بھی نہیں ہو گا۔ (شبہ ہوا بھی تو دیر میں ہو گا)
محبوب کے میک اپ اور سراپے پر تنقید سے گریز کیا جائے۔ محبوب کے خیالات پر کسی قسم کی نقطہ چینی نہ کریں نہ ہی چین اور روس پر بحث کریں۔ جو لوگ زیادہ نقطہ چینی کرتے ہیں ان سے دوسرے لوگ جلد بیزار ہو جاتے ہیں۔ اگر محبوب کبھی ہنستی ہوئی تصویر لگائے تو یہ بھی ہو سکتا ہے کہ وہ اپنے چمکتے ہوئے دانتوں کی نمائش چاہتا ہو۔ کوئی اور خیال دل میں مت لائیے۔
سوشل میڈیا پر محبوب کے بہن بھائیوں میں سے کسی کو بھی ایڈ نہ کیجئیے بلکہ اپنے بہن بھائیوں کو بھی ایڈ نہ کیجیئے۔ اگر آپ کے بہن بھائیوں میں سے کسی کو آپ پر شبہ ہو جائے تو گول مول سا جواب دے کر مطمئن کر دیجئے۔ اپنی پھوپھو اور خالہ کی بیٹی کو بالکل لفٹ نہ کروائیے۔
محبوب کے ساتھ کہیں بھاگ جانے کے خیال کو ہرگز دل میں مت لائیے۔ کسی کے ساتھ بھاگ جانا بے حد فضول حرکت ہے۔


