عالیہ بھٹ کی ’خوشخبری‘ پر بالی ووڈ میں خوشی کی لہر، ’مبارک ہو ہنی، انتظار نہیں کر سکتی‘


ہسپتال کے ایک کمرے سے بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے اپنی ایک تصویر شئیر کی جس میں وہ سکرین کی جانب دیکھ کر مسکرا رہی ہیں، انھوں نے یہ تصویر انسٹا گرام پر اپ لوڈ کی اور ساتھ لکھا ’ہمارا بچہ ۔۔۔ جلد آ رہا ہے۔‘

یہ خبر آتے ہیں گذشتہ چند گھنٹوں میں 75 ہزار سے زیادہ لوگ انھیں انسٹاگرام پر مبارک باد پیش کر چکے ہیں جبکہ ٹوئٹر پر بھی عالیہ بھٹ کا نام ٹرینڈ کر رہا ہے۔

عالیہ بھٹ نے یہ خوشخبری دیتے ہوئے ایک نہیں دو تصاویر شیئر کی ہیں جن میں سے دوسری تصویر میں ایک شیر اور شیرنی اپنے ننھے بچے کے ساتھ دکھائی دے رہے ہیں۔

ان کی شیئر کی گئی تصاویر بھی ان کے مداح مبارک باد کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں۔

انھیں مبارکباد دینے والوں میں بالی ووڈ سے منسلک شخصیات بھی نمایاں ہیں۔

اداکارہ پریانکا چوپڑا نے انھیں مبارکباد دیتے ہوئے اپنی بے تابی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’مبارک ہو ہنی، انتظار نہیں کر سکتی۔‘

کرن جوہر نے لکھا میرا دل خوش ہو گیا ہے۔

دو ماہ قبل دونوں کی شادی نہایت سادگی سے ہوئی۔ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ نے باقی ستاروں کی طرح کسی بڑے ہوٹل، محل یا یورپ کے دلکش مقامات پر شادی کرنے کے بجائِے اس موقعے کے لیے اپنے گھر کا انتخاب کیا تھا۔

فلم انڈسٹری کے نامور جوڑے کو فلم فیئر ایوارڈ کی جانب سے بھی مبارکباد پیش کی گئی۔

انوشکا شرما نے ’ممی ڈیڈی کلب‘ میں اپنے ساتھی فنکار جوڑے کی آمد پر انھیں خوش آمدید کہا۔

گلوکارہ شریا گوشال نے لکھا ’کیا زبردست خبر ہے۔‘

مبارک باد کے سلسلے کے ساتھ مزاح بھی جاری ہے۔ جہاں اتنی جلدی اس خوش خبری پر ہلکے پھلکے تبصرے ہو رہے ہیں وہیں عالیہ کے علاوہ بالی ووڈ کی دیگر چند اداکاراؤں کا ذکر بھی ہو رہا ہے جو ماضی قریب میں ماں بنیں اور انھوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنی تصاویر شیئر کیں۔

یہاں ایک اور مشترک قدر ان کا لباس ہے۔

اوپر دکھائی دینے والی تصویر میں ہمیں عالیہ کے علاوہ کرینہ کپور اور چند دیگر اداکارائیں تقریباً ایک جیسے لباس میں دکھائی دے رہی ہیں۔

بہت سے صارفین اسے شیئر کر رہے ہیں اور سیاہ رنگ پر سفید ڈاٹس کو ازراہ مذاق ’نیشنل پریگنینسی ڈریس‘ قرار دے رہے ہیں۔

ایک وقت تھا جب بالی ووڈ میں اداکارائیں شادی کو خفیہ رکھتی تھیں اور یہ خدشات ہوتے تھے کہ انھیں کام نہیں ملے گا اور شاید یہ کچھ اتنا غلط بھی نہیں تھا لیکن حالیہ برسوں میں ایک تبدیلی دیکھنے کو ملی جہاں یہ فلمی اداکارائیں کرئیر کے ساتھ شادی کرتی دکھائی دینے لگیں۔

کرینہ کپور نے اپنے کرئیر کے عروج پر شادی کی اور آج دو بچوں کی ماں ہیں، انوشکا شرما بھی ایک بیٹی کی ماں ہیں۔

کاجل، سری دیوی، ایشویریا رائے، دیپیکا، پریانکا، کترینہ نے بھی کرئیر کے عروج پر شادی کی۔

اسی طرح سونم کپور کی امید سے ہونے کی خبر رواں سال کے اوائل میں سامنے آئی تھی اور گذشتہ ہفتے ان کے حوالے سے بی بی شاور کی باتیں بھی سامنے آئیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 25301 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments