تحریکِ انصاف کو بیرونِ ملک سے ملنے والا فنڈ ممنوعہ ثابت، شوکاز نوٹس جاری


الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ 2 اگست 2022

ویب ڈیسک — الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریکِ انصاف کو غیر ملکیوں سے ملنے والا فنڈ ممنوعہ قرار دے دیے ہیں اور اس پر پارٹی کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے منگل کو پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنا دیا۔

کمیشن نے قرار دیا کہ پی ٹی آئی کو برطانیہ، کینیڈا اور امریکہ سے آنے والا فنڈ غیر ملکی کمپنیوں سے ملا تھا۔

کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی نے آٹھ اکاؤنٹس تسلیم کیے لیکن اس جماعت کے مزید 13 اکاؤنٹس بھی ملے۔

الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان نے جھوٹا سرٹیفکٹ جمع کرایا۔

الیکشن کمیشن نے آٹھ برس پرانے کیس کا فیصلہ صبح دس بجے سنانے کا اعلان کیا تھا۔ کمیشن نے یہ فیصلہ 21 جون کو محفوظ کیا تھا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر کسی جماعت کے خلاف غیر ملکی فنڈںگ کا الزام ثابت ہو جائے تو اس صورت میں پارٹی تحلیل اور اس کے اراکین نااہل ہو سکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے سے قبل اسلام آباد کے ریڈزون میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ ایکسپریس چوک اور نادرا چوک سے ریڈ زون میں داخلہ بند ہے جب کہ چیف الیکشن کمشنر کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

ریڈ زون میں سیاسی جماعتوں کے کارکنان کو داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔

واضح رہے کہ تحریکِ انصاف کے بانی رہنماؤں میں شامل اکبر ایس بابر نے قیادت سے اختلافات کے بعد اپنی ہی جماعت کے خلاف 2014 میں پارٹی فنڈنگ سے متعلق الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا۔

درخواست گزار نے بیرونِی ملکوں سے ملنے والی فنڈنگ میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا تھا۔

تحریکِ انصاف کا مؤقف رہا ہے کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے خلاف بھی اسی نوعیت کے کیسز الیکشن کمیشن میں زیرِ التوا ہیں لیکن ان کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جا رہا ہے۔

چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ پر متعصب ہونے کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں جب کہ پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کرنےکا بھی فیصلہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی قیادت کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اُڑا دی ہیں جب کہ الیکشن کمیشن سیاسی فریق بن چکا ہے جو کسی صورتِ قابل قبول نہیں۔الیکشن کمشن ان الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر چکا ہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments