صدام، اسلام اور کپتان


‏لڑکپن کے اختتام کا قصہ ہے۔ برسات کی حبس زدہ شام پی ٹی وی کے خصوصی بلیٹن میں بتایا گیا کہ عراق نے کویت پر فوج کشی کر کے قبضہ کر لیا ہے۔ ہمیں سمجھ تو نہیں آئی لیکن ایسا محسوس ضرور ہوا کہ یہ کچھ بہت غلط ہو گیا ہے۔ پاکستانی سیاست میں وہ برسات کافی ہنگامہ خیز تھی۔ بے نظیر کی پہلی حکومت ختم ہوئی۔ انتخابات میں اس وقت کی پی ٹی آئی جتوائی گئی۔ لیکن بڑا عہدہ خالقوں کی منشا کے مطابق پر نہ ہوا۔ لاہور کے صنعت کار کا جوان بیٹا وزیر اعظم بن گیا۔ جنرلز کی پہلی پسند سندھ کا آزمودہ کار جاگیردار پیچھے رہ گیا۔

دوبارہ کویت پر قبضہ کی طرف آتے ہیں۔ امریکہ نے آپریشن ڈیزرٹ سٹارم کا اعلان کیا۔ پاکستان میں آرمی چیف سے ٹھیلے والے تک صدام حسین کو صلاح الدین ایوبی مان چکے تھے۔ جمہوریت کا تمغہ پانے والے جنرل اسلم بیگ جو دو تین سال قبل عین وقت پر جہاز بدلنے کی وجہ سے شہادت کا بلند مقام نہ پا سکے تھے اب صدام حسین کو اسلام کا مجاہد قرار دینے لگے۔ ہم جماعت، کزنز، محلے دار ہر جگہ صدام حسین کے پروانے بھنبھناتے تھے۔ شام کو ہماری محفل ظہیر لائبریری میں جمتی تھی۔ وہاں احباب صدام حسین کے ایسے فضائل بیان کرتے جو اسی لائبریری سے نسیم حجازی کے ناول پڑھ کے انہیں ازبر تھے۔

ہر جگہ صدام حسین کے پوسٹر لگے ہوتے تھے۔ رکشوں کے پیچھے، فلمی ہورڈنگز والے تانگے شاید آج کسی کو یاد نہ ہوں لیکن اس وقت یہ عام تھے۔ نئی فلم کی تشہیر کے لئے تانگے کی پچھلی طرف بڑا ہورڈنگ اور دونوں اطراف نسبتاً چھوٹے ہورڈنگ لگے ہوتے تھے۔ ان تانگوں پر بھی صدام حسین کے پوسٹر لگے دیکھے۔ کسی میں وہ گھوڑے پر بیٹھے عربی لباس میں تلوار لہراتے نظر آتے تھے۔ کسی میں رائفل تھامے اور کسی میں ایک ہاتھ میں قرآن اور دوسرے ہاتھ میں جھنڈا تھامے اسلامیان پاکستان یا پنجاب کے دل گرماتے نظر آتے تھے۔ 1992 میں پیدا ہونے والی اکثریتی نرینہ اولاد کے نام والدین نے صدام ہی رکھے۔ یہ صدام آج ادھیڑ عمری کی دہلیز پر ہیں۔ اور ان میں سے بیشتر حالیہ صدام کے پرستار ہیں۔

ہمیں بچپن سے اخبار پڑھنے کی لت تھی۔ اخبار ٹینڈر نوٹسز تک پڑھ لیا جاتا تھا۔ اردو کالم نویسوں کی اکثریت اس وقت صدام حسین کی قتیل تھی۔ یہ سب پڑھ کے بھی کبھی دل صدام حسین کی طرف مائل نہ ہوا۔ دوست احباب ہمیں اس وقت یہود و ہنود سے ملاتے کہ تم منکر انسان ہو۔ ایک مجاہد اسلام کو نہ صرف مانتے نہیں بلکہ اس کی توہین بھی کرتے ہو۔ وہ وقت کچھ بہتر تھا کہ توہین وغیرہ کی بات پر برا بھلا ہی کہا جاتا تھا۔ سر تن سے جدا نہیں ہوتا تھا۔ ان دنوں صدام حسین کا ”ام الحرب“ والا ڈائلاگ بھی بہت ہٹ تھا۔ خلیفہ ہارون الرشید تو بارہ پندرہ سال یہ اصطلاح استعمال کرتے رہے۔ اس وقت اوریا مقبول جان منصہ شہود پر نہیں آئے تھے ورنہ وہ اس میں سے امام مہدی اور قیامت وغیرہ ضرور برآمد کرتے۔

یہ ایک شہری متوسط طبقے کے ٹین ایجر کے خیالات تھے جو اپنے ماحول، تعلیم اور اجتماعی لاشعور کے باوجود یہ سمجھ گیا تھا کہ صدام حسین اپنی قوم کو مروائے گا۔ یہ بات تاریخ نے ثابت کی۔

دور شباب کپتان کے فضائل پڑھتے گزرا۔ کپتان، درویش اور سپہ سالار کی طولانی حکایات جناب خلیفہ نے اس تسلسل سے لکھیں کہ اس کو داستان کپتان لعین کا سرنامہ دیا جا سکتا ہے۔ فدوی بھی انسان ہے۔ جو لڑکپن میں پروپیگنڈے سے متاثر نہ ہوا تھا۔ وہ ادھیڑ عمری کے آغاز پر ہو گیا۔ 2008 تک ہم سمجھتے تھے کہ کپتان ایک اچھا آدمی ہے جو فوج کے سیاسی کردار کے خلاف ہے۔ ایماندار ہے۔ صاف گو ہے۔ لیکن چلے گا نہیں۔ 2011 کا لاہور جلسہ وہ دور تھا جس میں فدوی بہک گیا۔ لیکن یہ بہت مختصر ثابت ہوا۔ اس پر آج تک پچھتاوا ہے۔

جیسے ہی کپتان کو حاضر سروس چھتری میسر آئی اس کے رنگ ڈھنگ، زبان، کردار سب کھل کر سامنے آ گئے۔ اس دن سے کوئی دن ایسا نہیں گزرا جب کپتان کا مضحکہ نہ اڑایا ہو۔ اس کا ایاک نعبد سے شروع ہونے والا سفر اب کپتان العالمین تک پہنچ چکا ہے۔ اس کو جو نہ مانے وہ مشرک۔ جو عقیدت مند جوئے، نشے، ناجائز تعلقات، ناجائز اولاد، چندہ خوری سے ہوتے ہوئے نئی ریاست مدینہ پر ایمان لا چکے وہ ہر شے پر ایمان لے آئیں گے۔

حماقت، اس سے پھوٹتی بدمعاشی اور فاشزم کو نہ ماننا بہتر انسانی اوصاف میں سے ہے۔ ہم لڑکپن میں منکر تھے۔ اب بھی منکر ہیں۔ منکر ہی مریں گے۔

جعفر حسین
Latest posts by جعفر حسین (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

جعفر حسین

جعفر حسین ایک معروف طنز نگار ہیں۔ وہ کالم نگاروں کی پیروڈی کرنے میں خاص ملکہ رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ بہت سنجیدہ انداز میں تاریخ گھڑتے ہیں

jafar-hussain has 113 posts and counting.See all posts by jafar-hussain

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments