کابل کی مسجد میں نماز کے دوران دھماکے سے متعدد افراد زخمی، ہلاکتوں کا خدشہ


کابل
(فائل فوٹو)
کابل میں بدھ کی شام نماز کے دوران ایک مسجد میں بم دھماکے کے باعث کئی افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ متعدد ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق یہ دھماکہ صدیقیہ مسجد میں ہوا ہے۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹر پر کہا کہ امارتِ اسلامی افغانستان کابل کے خیر خانہ علاقے میں مسجد میں بم دھماکے کی مذمت کرتی ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ اس طرح کے جرائم میں ملوث اور عام افراد کے قتل کے مجرمان کو جلد ہی پکڑ کر سزا دی جائے گی۔

https://twitter.com/Zabehulah_M33/status/1559969393748197377

کابل پولیس کے ترجمان خالد زادران نے بی بی سی افغان سروس کو اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’بدقسمتی سے کئی لوگ نشانہ بنے ہیں‘ مگر اُنھوں نے ہلاکتوں کی تعداد نہیں بتائی۔

ایک طالبان عہدیدار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ اس واقعے میں ہلاک و زخمی افراد کی تعداد 35 تک ہو سکتی ہے مگر اُن کے مطابق یہ تعداد بڑھ بھی سکتی ہے۔

غیر سرکاری تنظیم ایمرجنسی کے ہسپتال کا کہنا ہے کہ اب تک اُن کے پاس 27 متاثرہ افراد کو لایا گیا ہے جن میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔

اسی ہسپتال نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بذریعہ ای میل مطلع کیا کہ ہلاکتوں کی تعداد تین ہے۔

https://twitter.com/emergency_ngo/status/1559947673968467970

بی بی سی کی مرکزی نامہ نگار برائے بین الاقوامی اُمور لیز ڈوسیٹ اس وقت کابل میں موجود ہیں۔ اُنھیں عینی شاہدین نے بتایا کہ ایمبولینسوں کو موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔

یہ دھماکہ طالبان کے اقتدار کا ایک سال مکمل ہونے کے دو دن بعد ہوا ہے۔ گذشتہ ایک برس کے دوران شدت پسند تنظیم نام نہاد دولتِ اسلامیہ نے کئی مساجد اور دیگر جگہوں پر حملے کیے ہیں۔

گذشتہ ہفتے کابل کے ایک مدرسے میں طالبان سے منسلک عالم رحیم اللہ حقانی کو بھی ایک خودکش حملے میں قتل کر دیا گیا تھا۔

اس حملے کی ذمہ داری بھی دولتِ اسلامیہ نے قبول کی تھی۔


یہ ابتدائی خبر ہے جسے مزید، مصدقہ معلومات موصول ہونے پر اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments