سیئول ڈائری


پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے حوالے سے سیئول جنوبی کوریا میں پاکستان ایمبیسی نے 14 اگست بروز اتوار کو پرچم کشائی کی ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا جس میں پاکستان کمیونٹی نے جنوبی کوریا کے مختلف شہروں سے بھرپور شرکت کی۔ اس سلسلے میں سفارت خانے کے کمیونٹی کونسلر محمد عادل خان نے اپنے ایک پیغام میں کوریا میں موجود پاکستانیوں کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی۔

مہمانوں کی آمد کا سلسلہ صبح نو بجے ہی شروع ہو گیا، تشریف لانے والے احباب کو سفارت خانے کا عملہ نہایت گرمجوشی سے خوش آمدید کہہ رہا تھا۔ تقریب صبح دس بجے سفارت خانے کی عمارت پر پرچم کشائی سے شروع ہوئی۔ ملٹری اتاشی کرنل چنگیز ظفر صاحب کی کمان میں پاک فوج کے جوانوں نے پرچم کو سلامی دی اور سفیر محترم عزت مآب نبیل منیر صاحب نے قومی ترانے کی دھن پر پرچم کشائی کی۔ پرچم لہرانے کے بعد وطن کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی اور دعا کے بعد ایمبیسیڈر مسٹر نبیل منیر صاحب نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگوائے۔

اس کے بعد تمام مہمانوں کو ایمبیسی ایڈیٹوریم میں لایا گیا اس خوبصورت چھوٹے ہال کو پاکستانی جھنڈوں اور قائد اعظم محمد علی جناح کے پورٹریٹ سے سجایا گیا تھا اس کے علاوہ پاکستانی ثقافت و قدرتی مناظر کی خوبصورت پینٹنگز بھی آویزاں تھیں۔ کمیونٹی کے نمایاں افراد میں پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کے صدر محترم صابر خان خٹک صاحب، پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کے سابق صدر بھائی مدثر علی چیمہ صاحب، کورین ٹی وی 270۔ ملین کے روح رواں بھائی زاہد حسین، سینئیر کمیونٹی ممبر محمد میاں اصغر بانگی، شہزاد بھٹی، تھیگو سٹی سے نزاکت علی مرزا اور عالم خان، مبشر حسن عباسی، ڈاکٹر عبدالناصر، انور کم، اور بیسیوں دوسرے عزت مآب احباب موجود تھے۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ پاکستان ایمبیسی میں ہیڈ آف چانسلری میڈم سارا سرور صاحبہ نے پروگرام کی کارروائی شروع کرتے ہوئے سب سے پہلے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ایمبیسی کی جانب سے ایک جامع و مختصر خوش آمدیدی نوٹ پڑھا۔ اس کے بعد انہوں نے کمیونٹی کونسلر محمد عادل خان کو اسٹیج پہ آنے کی دعوت دی جنہوں نے شرکاء کو صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی صاحب کا یوم آزادی کے حوالے سے قوم کے نام پیغام پڑھ کر سنایا۔ محترمہ سارا سرور صاحبہ نے وزیر اعظم پاکستان محمد میاں شہباز شریف صاحب کا پیغام پڑھا۔ وزیر اعظم کے پیغام کی خاص بات یہ بھی تھی کہ انہوں نے پاکستان میں تمام طبقات کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے پیغام میں اوورسیز پاکستانیوں کا ذکر بھی کیا۔

اس کے بعد سفیر محترم جناب نبیل منیر اسٹیج پر تشریف لائے انہوں نے پاکستان کمیونٹی سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن اللہ سبحان کے ہاں شکر بجا لانے کا دن ہے۔ اس دن ہمارے اجداد نے نئے ملک کی خاطر اپنے مال و جائیداد ہی نہیں چھوڑے تھے بلکہ لاکھوں جانوں کی قربانیاں بھی دی تھیں۔ جناب سفیر کا خطاب اس حوالے سے بھی اہم تھا کہ انہوں نے جہاں آزادی کے ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا وہاں پر کشمیر ایشو پر بھی کھل کر بات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی آزادی کے ساتھ ساتھ ان بدنصیب کشمیریوں کو کبھی نہیں بھولنا چاہیے جو 75 سالوں سے انڈیا کے غاصبانہ قبضے میں سسک سسک کر غلامی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سبز ہلالی پرچم کا وقار اسی بات میں پوشیدہ ہے کہ ہم اپنے کردار سے کورین لوگوں کو متاثر کریں کہ ہم ایک باوقار قوم ہیں۔ آخر میں انہوں نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا کہ وہ آج کے دن اپنی باقی مصروفیات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پرچم کشائی کی تقریب میں شریک ہوئے۔

ایمبیسیڈر صاحب کے خطاب کے بعد میڈم سارا سرور صاحبہ نے تقریب کی کارروائی کا اختتام کرتے ہوئے مہمانوں کو ناشتے کی ٹیبل پر تشریف لانے کا اعلان کیا۔ سفارت خانے کی جانب سے مہمانوں کے لیے ایک پرتکلف ناشتے کا بندوبست کیا گیا تھا۔ لوگ اپنے ڈرنکس، کافی، سینڈوچز، سموسے، پیٹیز اور کھانے پینے کی دوسری چیزوں سے لطف اندوز ہوتے ایک دوسرے کو یوم آزادی کی مبارک بادیں دے رہے تھے۔ ہر طرف ایک اپنائیت کا سماں بندھا ہوا تھا۔ ایمبیسی کی طرف سے دی گی ریسپشن کی ستائش کی جانا بھی ضروری ہے اور اس کے ساتھ جونئیر اسٹاف جس سلیقے سے مہمانوں کو کافی سرو کر رہا تھا اس کی شاباش نا دینا زیادتی سمجھتا ہوں۔

کھانے کے دوران ہی فوٹوگرافی کا سیشن شروع ہو گیا۔ ایمبیسی کا اسٹاف خصوصاً عزت مآب سفیر جناب نبیل منیر صاحب خوش دلی اور مسکراہٹوں کے ساتھ تصاویر سیشن میں آخر تک شامل رہے۔ ایمبیسیڈر صاحب نے تقریب میں شامل فیملیز کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ وہ بچوں سمیت تقریب میں شامل ہوئے۔ انہوں نے بچوں کے ساتھ خصوصی تصاویر بنوائیں۔ کمرشل کونسلر محترم عمران رزاق بھی اپنے دھیمے مزاج اور مسکراہٹ کے ساتھ تصاویر میں شامل رہے۔ ملٹری اتاشی کرنل چنگیز ظفر صاحب اپنی چمکتی دھمکتی یونیفارم میں ملبوس حاضرین محفل میں نمایاں تھے۔ اس کی وجہ عوام اور پاک فوج کی لازوال محبت و احترام کا دائمی رشتہ ہونے کے ساتھ ساتھ اس نوجوان افسر کا شستہ مزاج بھی ہے۔

ایمبیسی کے افسران اور محترم سفیر صاحب تقریب کے اختتام تک لوگوں کے ساتھ رہے۔ اختتامی لمحات میں کمیونٹی ویلفیئر کونسلر محترم محمد عادل خان نے الوداعی مصافحہ کرتے ہوئے تمام مہمانوں کو رخصت کیا۔

1۔ پاکستان کے سفیر مسٹر نبیل منیر پرچم کشائی کر رہے ہیں۔

2۔ دائیں سے بائیں : ڈاکٹر میاں صابر حسین، ایمبیسیڈر مسٹر نبیل منیر اور بزنس ایسوسی ایشن کے سابق صدر مدثر علی چیمہ۔

Facebook Comments HS