عورت کا گناہ پوری نسل کو تباہ کر ڈالتا ہے: خلیل الرحمن قمر کا تازہ فتویٰ


باتوں کے عمران خان اور سوچوں کے ضیاء الحق معروف ”سماجی اداکار“ خلیل الرحمن قمر کا خواتین کے بارے میں ایک نیا فتوی سامنے آیا ہے فرماتے ہیں کہ

”مرد جب گناہ کرتا ہے تو ایک گھر کا نقصان ہوتا ہے لیکن جب عورت گناہ کرتی ہے تو ایک نسل کا نقصان ہوتا ہے“

اس کے علاوہ
”دو ٹکے کی عورت“

بھی اسی صاحب کا تکیہ کلام ہے اور درجنوں ایسے جملے ہیں جس سے اس کی ذہنیت جھلکتی ہے اور بدقسمتی سے اس قسم کا بدبودار مائنڈ سیٹ ہمارے معاشرے میں کثرت سے پایا جاتا ہے۔ اس معاشرے کے لاکھوں خلیل الرحمن قمر شروع دن سے اس روایتی موقف پر قائم ہیں اور باقاعدہ بھاشن کی صورت میں خواتین کو خوف میں مبتلا کر کے رکھتے ہیں۔

شریک جرم پاک باز یا دودھ کا دھلا کیسے ہو سکتا ہے؟
اگر عورت طوائف ہے تو اس کا جسم نوچنے والے کون ہیں؟
اگر عورت طوائف خانہ کی زینت ہے تو اس زینت سے مستفید ہونے والے کون ہوئے؟
اگر یہ گناہوں کی جڑ ہے تو منبر و محراب پر ان کا اتنا ذکر کیوں؟
ستر حوروں کے لالچ میں عبادات میں خشوع و خضوع کیوں؟

کیا حوروں کے جسمانی خد و خال کو رومینٹسائز کر کے بیان کرنے والی خواتین ہوتی ہیں یا مرد؟ یہ سوچ کی کون سی دھارا یا معیار ہے کہ دو ٹکے کی صرف عورت ہو سکتی ہے مرد نہیں؟

اور عورت کا گناہ مرد کے گناہ پر بھاری ہوتا ہے؟

منافقت کا لیول ملاحظہ فرمائیں کہ عورت کی اہمیت کو بڑھانے کے لئے ہمارے پاسداران غیرت کو ”نیک، اچھی، مثالی اور پاکباز“ جیسی اصطلاحات یا صیغے لگانے کی ضرورت پڑتی ہے۔ مطلب یہ خصائص کسی بھی عورت میں موجود نہیں ہوتے بلکہ معاشرے میں رہتے ہوئے کمانا پڑتے ہیں جس کا سرٹیفکیٹ خلیل الرحمن قمر جیسے بانٹتے ہیں اور خود اتنے کم ظرف ہوتے ہیں کہ دوران پروگرام اور کیمرہ کے سامنے انتہائی ڈھٹائی سے خاتون کو ڈانٹ پلانے سے بھی باز نہیں آتے کوئی جرات کر کے تو دیکھے۔

در جنوں ٹی وی ٹاک شوز میں آپ اس بندے کا تکبر سے بھرپور لہجہ اور خواتین کے ساتھ انتہائی ہتک آمیز رویہ مشاہدہ کر سکتے ہیں۔ جیسے ہی کوئی خاتون موصوف کو چیلنج کرتی ہے تو اس کی زبان کے نیچے چھپا ہوا اصلی خلیل قمر اچھل کے باہر آ جاتا ہے۔ اس کیفیت کو ”مولویانہ“ کہتے ہیں جیسے ہی سامنے سے کوئی تگڑا ریسپانس آتا ہے تو ان کا اندر کا چھپا ہوا مولوی بیدار ہو جاتا ہے اور منافقت کا لیول دیکھیں بڑی بڑی مذہبی باتیں کرنے کے بعد موصوف نے یہ بھی کہہ دیا کہ میں کوئی مذہبی انسان نہیں ہوں اور ساتھ ہی روحانی و مذہبی ٹچ دے ڈالا کہ

”میں خود نہیں لکھتا بلکہ مجھ پر نزول ہوتا ہے“

روحانی و ماڈرن بابوں کے معاشرے میں ایسے ہی کردار پائے جاتے ہیں اس میں حیرت کی کوئی بات نہیں ہے۔ مطلب موقع کی مناسبت سے اپنا کردار بدل لینا، غیرت کے ٹھیکیدار بھی بننا اور موقع ملتے ہی اندر کے شیطان کو رام کرنے کے لیے مہذب و ادبی گفتگو کی آڑ میں دوران پروگرام ٹھرک بازی کا فریضہ بھی احسن طریقے سے پورا کر لینا۔ یہ معاشرے کے وہ روحانی تلقین شاہ بابے ہیں جو باتوں کا چورن بیچتے ہیں اور ان کو ”بابا جی“ کہلوانا بہت اچھا لگتا ہے۔

بابا جی کے روپ میں جو عزت و تکریم ملتی ہے اس کا اپنا ایک الگ ہی نشہ ہوتا ہے گھٹنوں کو ہاتھ لگانے کے بعد گلے ملنے کی سہولت سے بابا بن کر ہی مستفید ہوا جا سکتا ہے ورنہ تو لوگ لچے کہیں گے۔ یہ انتہائی دلچسپ کردار اور ادبی ٹھرکی ہوتے ہیں جو کلین شیو ہونے کے باوجود بھی اندر سے مولوی کی ایکسٹینشن ہوتے ہیں اور من مست ہوتے ہیں۔ جس طرح مولانا مکی الحجازی بڑے مزے لے کر اپنے معتقدین کو جنسی ٹوٹکے بتا رہے ہوتے ہیں اور ساتھ ساتھ استغفار کا دور بھی چل رہا ہوتا ہے بالکل اسی طرح خلیل الرحمان قمر جیسے کردار بھی وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہوتے ہیں جس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ من کی رنگینیاں بھی بہل جاتی ہیں اور معاشرتی بھرم یا ٹھاٹ باٹ بھی برقرار رہتا ہے۔ جب ایک ٹکٹ میں دو نظارے یا مزے مل رہے ہوں تو مستفید ہونے میں کیا حرج ہے؟ رہ گیا معاشرہ تو ویسے بھی ریوڑ ہوتے ہیں کوئی بھی پرسونا ماسک پہن کر انہیں بڑی آسانی سے بے وقوف بنایا جا سکتا ہے۔ جب تک مداری موجود ہیں تماشائی بھی موجود رہیں گے فکر کی کوئی بات نہیں ہے۔


One thought on “عورت کا گناہ پوری نسل کو تباہ کر ڈالتا ہے: خلیل الرحمن قمر کا تازہ فتویٰ”

  • 05/09/2022 at 5:27 شام
    Permalink

    خلیل الرحمٰن قمر نے ہر گز غلط نہیں کہا ۔ اب دیکھیے نا اس کی والدہ محترمہ سے اس کو جنم دینے کا گناہ کبیرہ سرزد ہو گیا (اس بد باطن کی والدہ کی شان میں گستاخی پر معذرت مگر مجبوری ہے)۔ اب وہ گناہ نا صرف سر چڑھ کر بول رہا ہے بلکہ نسلیں بگاڑ رہا ہے۔ اپنے بے ہودہ افکار کے ذریعے۔

Comments are closed.