پاکستان کرکٹ: سُوریا کمار یادو تو نہیں مگر رضوان عالمی نمبر ایک بن گئے


mohammad rizwan
ایک کھیل میدان میں ہوتا ہے جس میں کھلاڑی مدمقابل ہوتے ہیں جبکہ ایک اور کھیل سوشل میڈیا پر چل رہا ہوتا ہے جس میں ہر کوئی اپنے پسند کےکھلاڑی کی تعریف میں زمین آسمان ایک کر رہا ہوتا ہے اور اکثر تنقید کرنے کے معاملے میں حد بھی پار کر لی جاتی ہے۔

پچھلے چند ہفتوں سے سوشل میڈیا پر یہ بحث چل رہی تھی کہ اگر پاکستان کے بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار نہ رکھ سکے تو انڈین بیٹسمین سوریا کمار یادو کے پاس اچھا موقع ہو گا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی کے عالمی نمبر ایک بیٹسمین بن جائیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے بھی منگل کے روز ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ کی پہلی پوزیشن کے مضبوط دعویداروں کے بارے میں تفصیلی تجزیہ کیا تھا کہ نمبر ایک پوزیشن کے لیے بابراعظم، محمد رضوان اور ُسوریاکمار یادو کے درمیان مقابلہ ہے لیکن سوریا کمار یادو تو عالمی نمبر ایک نہ بن سکے البتہ بابراعظم کی چھوڑی ہوئی پہلی پوزیشن پر ایک اور پاکستانی بیٹسمین محمد رضوان براجمان ہوگئے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے بدھ کے روز ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ جاری کی ہے اس کے مطابق محمد رضوان 815 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئے ہیں بابراعظم کی رینکنگ اب دوسری ہے ان کے 794 پوائنٹس ہیں اس کامطلب یہ ہے کہ ان دونوں کے درمیان 21 پوائنٹس کا فرق ہے۔

سُوریا کمار یادو کہاں گئے؟

انڈین بیٹسمین سوریا کمار یادو آئی سی سی کی گذشتہ ٹی ٹوئنٹی عالمی رینکنگ میں 792 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھے جبکہ بابراعظم 810 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور محمد رضوان 796 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھے یعنی ان تینوں کے درمیان زیادہ پوائنٹس کا فرق نہیں تھا۔

بدھ کے روز جاری ہونے والی آئی سی سی کی نئی عالمی رینکنگ میں نہ صرف بابراعظم کو اپنی پہلی پوزیشن سے محروم ہونا پڑا ہے بلکہ سوریا کمار یادو بھی تیسرے سے چوتھے نمبر پر آگئے ہیں اور اب ان کے پوائنٹس کی تعداد 775 ہے۔

رضوان

ایشیا کپ میں بابراور یادو کی کارکردگی

متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ میں بابراعظم کی کارکردگی اچھی نہیں رہی ہے۔ گروپ مرحلے میں وہ انڈیا کے خلاف صرف 10 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تھے جبکہ ہانگ کانگ کے خلاف بھی وہ محض 9 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکے تھے۔

سپر فور میں انڈیا کے خلاف میچ میں بابراعظم 14 رنز بناپائے۔

سوریا کمار یادو جن کے ٹیلنٹ کے بارے میں بڑے چرچے رہے ہیں پاکستان کے خلاف 18 رنز بنانے کے بعد ہانگ کانگ کے خلاف چھ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 68رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ سپر فور میں وہ پاکستان کے خلاف صرف 13 اور سری لنکا کے خلاف 34 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکے۔

رضوان

محمد رضوان کی شاندار فارم

پاکستان کے محمد رضوان گذشتہ ایک سال سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے آرہے ہیں۔ گذشتہ سال وہ تمام ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں دو ہزار سے زائد رنز بنانے والے واحد بیٹسمین تھے جس میں ان کی ایک سنچری اور اٹھارہ نصف سنچریاں شامل تھیں۔

رضوان اس سال بھی تمام ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ایک ہزار سے زائد رنز بناچکے ہیں۔

اس ایشیا کپ میں وہ ابتک سب سے زیادہ 192رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں جس میں دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ہانگ کانگ کے خلاف انھوں نے آؤٹ ہوئے بغیر 78رنز بنائے تھے جبکہ انڈیا کے خلاف میچ میں انھوں نے71 رنز کی اہم اننگز کھیل کر پاکستان کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

محمد رضوان پاکستان کے تیسرے بیٹسمین ہیں جو ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

ان سے قبل بابر اعظم مجموعی طور پر 1155 دن عالمی نمبر ایک رہے جبکہ مصباح الحق 20 اپریل 2008 سے27 فروری 2009 تک دن تک عالمی نمبر ایک بیٹسمین رہے تھے۔

Facebook Comments HS

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp