گلگت بلتستان اسمبلی کی قبل از وقت تحلیل اور وفاق پاکستان کے ساتھ انتخابات؟
سوشل میڈیا پر گزشتہ چند دنوں سے چند ایک سیاسی کارکن اور دیگر سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ یہ بحث کر رہے ہیں کہ گلگت بلتستان کے انتخابات وفاق پاکستان کے ساتھ ہونے چاہیے۔ کیونکہ اس طرح گلگت بلتستان کے انتخابات پر وفاقی حکومت پاکستان کا اثر ختم ہو گا یہ بات بادی النظر میں کافی پرکشش لگ رہی ہے لیکن گہرائی میں پاکستان کی سیاسی نظام کو دیکھتے ہیں تو یہ دلیل اپنی قوت کھو دیتی ہے چونکہ الیکشن میں دھاندلی یا پولیٹیکل انجینئرنگ تو عام سی بات ہے جس کا اعتراف پاکستان کی تمام سیاسی لیڈر بشمول عمران خان سب کر رہے ہیں لہذا گلگت بلتستان جیسے سٹریٹجک اہمیت کے حامل خطے میں آزادانہ انتخابات ہوں اور کسی بھی پاور سنٹر کی مداخلت نہ ہوگی ایسا سوچنا احمقوں کی جنت میں رہنے کے مترادف ہے۔
کچھ دوست سوشل میڈیا پر یہ دلیل بھی دے رہے ہیں کہ چونکہ یہ قومی مفاد میں ہے اس لئے گلگت بلتستان میں مسند اقتدار پر براجمان ممبران اسمبلی اپنے پیروں پر خود ہی کلہاڑی ماریں اور اپنی حکومت ختم کریں اور وفاق پاکستان کے ساتھ انتخابات کرانے پر رضامند ہوں اور اپنا سیاسی مستقبل ہمیشہ کے لئے ختم کرنے کا رسک لیں
مگر یہ غلطی کوئی کیوں کر کرے گا؟ کیونکہ اگلی بار یہی لوگ الیکشن جیت جائیں گے اس کی کیا گارنٹی ہے؟ اور تلخ حقیقت یہ ہے کہ گلگت بلتستان میں دوسری مرتبہ الیکشن بہت کم لوگ ہی جیتنے میں کامیاب ہوتے ہیں زیادہ تر لوگ ماضی کی دھند میں ایسے غائب ہو جاتے ہیں کہ ان کو خود بھی مشکل سے یاد رہتا ہے کہ کبھی وہ بھی سیاست دان تھے اور ان کی جگہ نئے لوگ اور نئے چہرے لیتے ہیں گلگت بلتستان کی تاریخ ایسے افراد سے بھری پڑی ہے۔
دوسری اہم بات یہ ہے کہ قانونی اعتبار سے بھی یہ ممکن نہیں کہ وفاق پاکستان یا کوئی عدالت گلگت بلتستان اسمبلی کو قبل از وقت تحلیل کرے۔ یہ ان کے مینڈیٹ میں نہیں ہے۔ گلگت بلتستان آرڈر 2018 میں اسمبلی تحلیل کرنے کا واضح قانون موجود ہے آرٹیکل 41 میں اسمبلی تحلیل کرنے کا طریقہ کار واضح ہے، چیف منسٹر کے کہنے پر گورنر اسمبلی تحلیل کر سکتا ہے یا پھر ووٹ اف نو کانفیڈنس یعنی عدم اعتماد کے ذریعے اسمبلی تحلیل کیا جا سکتا ہے یہ دونوں صورتیں موجود معروضی زمینی حالات میں ممکن نظر نہیں آتی ہیں۔
دوسری بات گلگت بلتستان نہ ہی آئین پاکستان میں شامل ہے نہ ہی کوئی صوبہ ہے۔ نہ ہی 58 2 B کی شق آئین پاکستان میں اب موجود ہے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے 2019 کے فیصلے کے بعد اب گلگت بلتستان میں لاگو صدارتی آرڈر میں ترمیم بھی سپریم کورٹ کی اجازت کے بغیر نہیں ہو سکتی۔ اس کی ایک اہم مثال یہ ہے کہ حفیظ سرکار کے خاتمے کے بعد گلگت بلتستان میں نگران حکومت کے قیام اور انتخابات کرانے کے لئے سپریم کورٹ سے اجازت لی گئی اور پھر صدارتی حکم نامہ کے تحت نگران حکومت بنانے کے بعد گلگت بلتستان میں انتخابات کرائے گئے تھے۔
گلگت بلتستان کی موجودہ حکومت کے انتخابات وفاق پاکستان کے ساتھ اس لئے بھی نہیں ہوسکتے ہیں چونکہ یہ علاقہ وفاق پاکستان کا کوئی آئینی صوبہ نہیں جس کے انتخابات دیگر صوبوں کے ساتھ ہوں چنانچہ یہاں آئین پاکستان کا اطلاق دیگر صوبوں کی طرح نہیں ہوتا ہے اور یہ اس وقت تک ممکن نہیں ہے جب تک گلگت بلتستان پاکستان کا باضابطہ آئینی صوبہ نہیں بنتا اور اس کی متنازع حیثیت بالکل ختم نہیں ہوتی ہے۔ جو کہ موجودہ بین الاقومی سیاسی معروضی حالات میں ممکن دکھائی نہیں دیتا البتہ اس کی خواہش کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
اس وقت گلگت بلتستان میں آرڈر 2018 لاگو ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گلگت بلتستان کی موجودہ حکومت آرڈر 2018 کے آرٹیکل 35 ( 3 ) کے تحت 5 سال کے لئے منتخب ہوئی ہے لہذا اس سے قبل از وقت ختم کرنے کا کوئی قانونی گنجائش نہیں سوائے ووٹ اف نو کانفیڈنس کے اور چند ماہ قبل اپوزیشن جماعتیں بھرپور کوشش کے باوجود اس میں بھی بری طرح ناکام ہوئیں۔
چنانچہ اب فرض کریں اگر وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں ایک نیا صدارتی حکم نامہ لاگو کرنے کی کوشش کرتی ہے تو اس کے لئے بھی سپریم کورٹ سے اجازت لینا درکار ہے اور اس صورت میں بھی موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی کیونکہ گلگت بلتستان جیسے اہم سٹریٹجک علاقے میں ایک منتخب حکومت کو خلاف قانون ختم کر کے اضطراب اور سیاسی کرائسس پیدا کرنا ریاست کے مفادات پر کاری ضرب لگانے کے مترادف ہے لہذا اس طرح کی حماقت کا کوئی جواز موجود نہیں نہ ہی ایسا ممکن ہے۔ حاصل گفتگو یہ ہے کہ یہ حکومت پانچ سال مکمل کرے گی
آنے والے سالوں میں جو بھی سیاسی جماعت گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کی کوشش کرے گی اور اگر کامیاب ہو بھی جاتی ہے تو عوام گلگت بلتستان یہ یاد رکھیں کہ وہ جماعت یا لیڈران اپنے پیروں پر اور گلگت بلتستان کے عوام کے سر پر کلہاڑی ماریں گے۔
کیونکہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے اصلی صوبہ تو بن نہیں سکتا اور عبوری صوبہ کی صورت میں صرف 3 افراد کو سینٹ اور 3 کو قومی اسمبلی میں نمائندگی ملے گی جبکہ عوام پر ٹیکسز کا بوجھ لاگو ہو گا اور چند سالوں میں گلگت بلتستان کی ڈیموگرافی بھی مکمل تبدیل ہو جائے گی۔ لہذا عقل مندی کا تقاضا یہ ہے کہ گلگت بلتستان میں سٹیٹ سبجیکٹ رول کی بحالی کے ساتھ داخلی خودمختاری کے لئے آواز بلند کیا جائے اور آئین پاکستان کے آرٹیکل 257 پر عمل درآمد کرتے ہوئے گلگت بلتستان کو لوکل اتھارٹی یعنی آزاد کشمیر طرز کا سیٹ اپ دیا جائے یہ واحد حل ہے جو تا تصفیہ کشمیر تک گلگت بلتستان کی شناخت اور وسائل کو تحفظ فراہم کر سکتا ہے اور ہاں عبوری بھائیوں کے لئے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ جب کشمیر پاکستان بن گیا تو گلگت بلتستان کو اصلی آئینی صوبہ بھی بنا سکتے ہیں یا پھر کے پی کے کا ایک ضلع لیکن یہ اس وقت کے حالات پر منحصر ہو گا۔



کوٸی بات نہیں کامریڈ۔ جی بی ارتقاٸی مراحل
سے گزر رہا ہے صوباٸی سیٹ اپ کے بعد بتدریج این ایف سی ایوارڈ میں نماٸندگی بھی مل ہی جاٸے گی