جیل ٹورازم: جیل جا کر بری بلاؤں سے نجات پائیے

شکیل اختر - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نئی دہلی


جیل کی دیوار
کئی بار نجومی اور سادھو وغیرہ اپنے پیروکاروں کو بتاتے ہیں کہ انھیں اپنے اعمال کے سبب جیل ہو سکتی ہے۔
انڈیا کی ریاست اتراکھنڈ کی ایک جیل نے بری بلاؤں اور مستقبل میں آنے والی مصبیتو ں سے بچنے کا ایک انوکھا طریقہ نکالا ہے ۔

ہلدوانی کی ایک جیل نے ایک سکیم شروع کی ہے جس کے تحت عام لوگ پانچ سو روپے میں ایک رات اصل قیدی کی طرح جیل کی کوٹھری میں گزار سکتے ہیں۔ جیل حکام کا کا کہنا ہے کہ اس سے برے اعمال کی جو سزا ملنے والی ہے اس سے لوگ بچ سکتے ہیں۔

انڈیا میں بہت سے لوگ ستاروں کی گردش اور اور جنتریوں وغیرہ میں بہت یقین رکھتے ہیں ۔ کئی بار نجومی اور سادھو وغیرہ اپنے پیروکاروں کو ستاروں کی پوزیشن اور دوسرے کوائف دیکھ کر بتاتے ہیں کہ انھیں اپنے اعمال کے سبب جیل ہو سکتی ہے۔ ہلدوانی جیل نے اس کا سدباب کرنے کےلیے ‘جیل ٹورزم ‘ کی یہ سکیم شروع کی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس ایک تو جیل کی اصل زندگی کو صحیح معنوں میں محسوس کیا جا سکتا ہے اور دوسرے ‘بری بلاؤں’ کا اثر بھی ٹل جائے گا ۔ پہاڑی سیاحتی مقام نینی تال کے نزدیک واقع ہلدوانی جیل 1903 میں تعمیر کی گئی تھی۔ وہاں ایک اسلحہ خانہ ہے جس میں عملے کی رہنے کے لیے چھ کمرے بنے ہوئے ہیں ۔ اب ان کمروں کو ‘ جیل گیسٹ ‘ کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔

ہلدوانی جیل کے اعلیٰ افسر ستیش سوکھیجا نے میڈیا کو بتایا کہ کہ پولیس کے اعلیٰ افسران کی جانب سے اکثر ایسے احکامات آتے تھے کہ جن لوگوں کے نام کی سفارش کی گئی ہے انھیں مختصر عرصے کے لیے جیل میں ٹھہرنے دیا جائے ۔

جیل حکام نے بتایا ہے کہ ہلدوانی جیل کے میدان کے ایک حصے کو جیل ٹورسٹ کے رہنے کے لیے جیل کے کمرے میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ وہ جیل کو محسوس کر سکیں اور اپنی قسمت میں لکھے ہوئے ‘ بندھن یوگ ‘ یعنی برے وقت کو آنے سے ٹال سکیں ۔

وہ بتاتے ہیں ” اس طرح کے تقر یبآ سبھی معاملے ان لوگوں کو ہوتے ہیں جن کے ہاتھ کی لکیریں اور ستارے وغیرہ دیکھ کر نجومی یہ بتاتے ہیں کہ انھیں آنے والے دنوں میں جیل ہو سکتی ہے ۔ ہم جیل کے اندر ایک خالی حصے میں ایسی جیل بنا رہے ہیں جہاں اس طرح کے لوگوں کے ٹھہرنے کا انتطام ہو گا ۔ انھیں ایک رات کے لیے پانچ سو روپے دینے ہونگے ۔”

بعض اخبارات نے ایک نجومی مرتیونجے اوجھا کے حوالے سے بتایا ہے کہ اگر کسی شخص کے پیدائش کے چارٹ میں مریخ ، زحل اور ایک تیسرا ستارہ ناموافق پوزیشن میں ہیں تو اس شخص کے جیل جانےکا اندیشہ رہتا ہے ۔ ”ہم انھیں جیل میں کچھ راتیں گزارنے کی صلاح دیتے ہیں تاکہ آنے والا برا وقت ٹل جائے ”

انڈیا میں اس طرح کے تہمات اور پیش گوئیوں میں یقین رکھنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ اکثر خاندانوں بالخصوص نسبتآ پیسے والے لوگ کسی مذہبی گرو یا نجومی وغیرہ سے وابستہ ہوتےہیں۔ وہ ان کی پیش گوئیوں میں یقین رکھتے ہیں اور وہ برے اثرات کو زائل کرنے کے لیے ان گروؤں کی صلاح پر عمل بھی کرتے ہیں ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32558 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments