ولادیمیر پوتن کو 70 ویں سالگرہ پر بیلاروس ٹریکٹر کا تحفہ، تاجکستان نے خربوزے اور تربوز پیش کیے

پیٹرک جیکسن - بی بی سی نیوز


روس کے صدر ولادیمیر پوتن کو ان کی 70 ویں سالگرہ پر ٹریکٹر کا تحفہ ملا ہے۔

یہ تحفہ اُنھیں بیلاروس کے صدر اور ان کے اتحادی الیگزینڈر لوکاشینکو نے دیا ہے۔ بیلاروس دنیا بھر میں اپنے ٹریکٹروں کے لیے مشہور ہے۔

اُنھوں نے اس بات کی تصدیق بات چیت کی غرض سے سینٹ پیٹرزبرگ کے دورے کے دوران کی۔ صدر پوتن یہاں دیگر سابقہ سوویت ریاستوں کے رہنماؤں کی میزبانی کر رہے ہیں۔

پے در پے کامیاب یوکرینی حملوں کا سامنا کر رہے پوتن نے حال ہی میں روس میں ضم ہونے والے علاقوں میں ’بدامنی‘ پر بھی بات کی۔ مگر جمعے کو ان کے اتحادیوں نے دو دہائیوں سے بھی زیادہ عرصے سے روس کے بطور صدر یا بطور وزیرِ اعظم قائد رہنے والے پوتن کو تعریفوں سے نوازا۔

بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو بیلاروس میں تیار شدہ ٹریکٹر کا گفٹ سرٹیفیکیٹ لے کر سینٹ پیٹرزبرگ آئے۔

اُنھیں یورپ کا ’آخری ڈکٹیٹر‘ بھی کہا جاتا ہے اور وہ پوتن سے بھی طویل عرصے (سنہ 1994) سے اقتدار میں ہیں۔ پوتن کی طرح ان کا ملک بھی مغربی پابندیوں کی زد میں ہے۔

https://twitter.com/BBCWillVernon/status/1578360790200950784

مِنسک ٹریکٹر ورکس بیلاروس کی سرکردہ صنعت ہے اور بیلاروس نامی ٹریکٹرز تیار کرتی ہے۔

یہ معلوم نہیں ہے کہ صدر پوتن نے بڑے پہیوں والے اس تحفے پر کیا ردِ عمل دیا جس کے مقابلے میں تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کی جانب سےتحفے میں خربوزوں اور تربوزوں کے ڈھیر دیے تھے۔

مگر صدر پوتن کو اکثر و بیشتر ٹریکٹروں میں دیکھا گیا ہے۔

پوتن ٹریکٹر

پوتن سنہ 2005 میں جرمنی کے شہر ہینوور میں جرمن چانسلر گیرہارڈ شروڈر کے ہمراہ ایک فینڈ ٹریکٹر کی آزمائش کر رہے ہیں
پوتن

سنہ 2010 میں روسی شہر تامبوف کے دورے کے دوران
پوتن

پوتن سنہ 2018 میں روستو اون ڈون شہر کی ایک فیکٹری میں ایک ٹریکٹر سمیولیٹر کا تجربہ کر رہے ہیں

یہ بھی پڑھیے

سات ایسے لمحات جو پوتن کی کردار سازی میں اہم ثابت ہوئے

10 سے زائد جرنیلوں کی ہلاکت کے بعد کیا صدر پوتن جوہری ہتھیار استعمال کر سکتے ہیں؟

ولادیمیر پوتن : سرکاری کوارٹرز میں رہنے والے سابق جاسوس صدر کیسے بنے؟

ان تحفوں کے علاوہ روسی آرتھوڈوکس چرچ کے سربراہ پیٹریارک سیرل نے پوتن کی تعریف کی۔ اُنھوں نے کہا کہ پوتن نے روس کا تشخص بدل دیا ہے، اس کی خودمختاری اور دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کیا ہے، اور اس کے قومی مفادات کا تحفظ کیا ہے۔

چیچنیا کے ماسکو نواز رہنما رمضان قادروف نے کہا: ’دنیا کے سب سے بڑے محبِ وطن۔‘

پڑوسی ملک میں ان ہی کی طرح عالمی تنہائی کا سامنا کر رہے شمالی کوریائی رہنما کِم جونگ اُن نے کریملن میں موجود شخص کو ‘امریکہ کی دھمکیوں’ کو کچل دینے پر مبارکباد پیش کی۔

تاہم صدر پوتن کے مخالفین نے ان کی سالگرہ کے موقع پر انھیں ایسا جنگی مجرم قرار دیا جو دوسرے ملک کے ساتھ اپنے ملک کو بھی برباد کر رہے ہیں۔

یوکرین کے وزیرِ دفاع اولیکسی ریزنیکوف نے روسی فوج سے کہا کہ وہ پوتن کو مسترد کر کے ان کی جنگ لڑنے سے انکار کر دیں۔ اُنھوں نے کہا کہ پوتن اپنے فوجیوں کے ہمراہ ‘کھڑے ہونے کے بجائے بنکر میں چھپے ہوئے ہیں۔’

کچھ سوشل میڈیا صارفین کو پوتن کے لیے لوکاشینکو کے تحفوں میں عجیب بات یہ لگی کہ ٹریکٹر درحقیقت روسی حملے کے خلاف یوکرینی مزاحمت کی علامت بن گئے تھے کیونکہ یوکرینی کسان ان کا استعمال کرتے ہوئے متروکہ فوجی گاڑیاں ہٹا رہے تھے۔

ان کی سالگرہ کے موقع پر جمہوریہ چیک کے دارالحکومت پراگ میں مظاہرین نے روسی صدر کے برہنہ پتلے کو ایک سنہری ٹوائلٹ پر بٹھا کر مظاہرہ کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32504 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments