پاکستان کے نظام انصاف کی چند مثالیں


پاکستان کا نظام انصاف دنیا کے بہترین جسٹس سسٹمز میں سے ایک ہے جو نہ صرف انصاف مہیا کرتا ہے بلکہ اس سے بڑھ کر اس بات کا بھی تعین کرتا ہے کہ کب اور کتنی مقدار میں انصاف مہیا کرنا ہے۔ مثال کے طور پر اگر آپ ایک سیاست دان ہیں اور آپ کی حکومت مضبوطی سے چل رہی ہے تو ہو سکتا ہے آپ کے خلاف ہر کیس کی سماعت کو غیر معینہ مدت کے لئے برخاست کر دیا جائے لیکن اگر آپ کی حکومت کو کوئی سبق سکھانا مقصود ہے تو دن رات سماعت پہ سماعت اور پیشی پہ پیشی ڈال کر دنوں کیا گھنٹوں میں بھی انصاف دیا جا سکتا ہے۔ اس کے برعکس اگر آپ کو معتبر ٹھہرانا مقصود ہے تو پھر آپ کو صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ دینے میں بھی پورا نظام ایک منٹ نہیں سوچے گا۔ یہ تو ہو گئے سیاسی فیصلے۔

اب آتے ہیں سیاست دانوں کے غیر سیاسی مقدمات۔ فرض کریں آپ ایک سیاست دان ہیں اور آپ سے غلطی سے کوئی قتل ہو گیا ہے یا درستگی سے کوئی قتل ہو گیا ہے تو اگر تو یہ قتل کسی کمی کمین کا ہے تو سب سے پہلے تو آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔ آپ کچھ دنوں کی چھٹیاں لیں اور سیر پہ نکل جائیں یورپ کے کسی ملک میں جائیں کسی ساحل پر ٹانگیں لمبی کر کہ دھوپ کا مزہ لیں اور قدرت کے حسین نظاروں سے لطف اندوز ہوں اور اس قتل سے جو آپ کی طبیعت کی نزاکت پر بد اثرات مرتب ہوئے ہیں اس کے اثرات زائل کریں۔ اور اتنے عرصے میں مطمئن رہیں معاملے کو جلد ہی ٹھنڈا بھی کر دیا جائے گا اور کچھ دے دلا کر ایک راضی نامہ بھی مقتول کے ورثا سے لے لیا جائے گا۔ اور اگر کوئی دینے دلانے سے راضی نہ ہو تو پھر حسب توفیق ڈرا دھمکا کر اس سے اس مقدمے کی پیروی سے ہٹا لیا جائے گا۔ ناظم جوکھیو کی مثال ہمارے سامنے ہے۔

فرض کریں کہ مخالف فریق بھی آپ کے ہم پلہ ہے اور دولت کی ریل پیل ہے تو بھی ہو سکتا ہے کہ وقتی طور پر آپ کو سزا بھی سنا دی جائے لیکن آپ نے پھر بھی گھبرانا نہیں ہے زیادہ امکان اس بات کا ہے کہ پولیس پانچ دس سال آپ کی عیش و آرام کا بھرپور خیال بھی رکھے گی اور آپ کی ہر جائز و ناجائز خواہش کو بجا لانے میں کوئی قصر نہیں اٹھا رکھے گی۔ اور پانچ دس سال کے بعد آپ با عزت بری ہو جائیں گے جیسا کہ شاہزیب اور شاہ رخ جتوئی کے کیس میں ہم نے دیکھا۔

لیکن میں اس نظام سے اتنا بھی نا امید نہیں ہوں اگر میں ان مثالوں کا ذکر نہ کروں جن میں بدرجہ اتم انصاف مہیا کیا گیا تو پاکستانی انصاف کے ساتھ نا انصافی ہو گی مثال کے طور پر سندھ کے ایک گاؤں ٹنڈو بہاول کی مائی جندو کا مشہور زمانہ 5 جون 1992 کا واقعہ۔ آپ اس کی تفصیل انٹرنیٹ پر پڑھ سکتے ہیں۔ یہاں فقط میں اتنا ذکر کر دیتا ہوں کہ مائی جندو کے بیٹوں کے قاتل کو اس نظام انصاف نے سزا دی اور کس شان سے دی کہ چار سال سڑکوں پر جوتیاں گھسانے اور بیٹوں کے قاتل کو سزا دلانے کے لئے دو بیٹیوں کو حیدرآباد کے پریس کلب کے سامنے جلتا ہوا دیکھنا پڑا اور اس طرح ایک ماں کو بڑھاپے میں ایسا انصاف مہیا کیا گیا کہ آنے والی کئی نسلیں انصاف کی اس عمدہ مثال پر عش عش کر اٹھیں گی۔

اس کے علاوہ اگر ایک عام آدمی ہیں اور زیادہ پیسہ بھی آپ کے پاس نہیں ہے اور کوئی بڑی سفارش بھی نہیں ہے۔ تو پھر بہتر تو یہ ہے کہ آپ بھول جائیں اور ہنسی خوشی زندگی بسر کریں اور اگر آپ زندگی سے تنگ ہیں اور ہنسی خوشی زندگی نہیں بسر کرنا چاہتے تو آپ کی مرضی ہے آپ کورٹ کچہری میں زندگی بسر کر لیں اور اگر اس سے بھی تنگ آ جاتے ہیں تو سو بسملہ ایک بوتل مٹی کا تیل لیں دو روپے کی ماچس اور عدالت کے سامنے اللہ اللہ خیر سلا۔

لیکن ہو سکتا ہے کہ جب آپ کے مقدمے کا فیصلہ ہو تیس چالیس سال کے بعد تو آپ کو یہ بھول چکا ہو کہ میرا مقدمہ کیا تھا اور اگر میں کل سے عدالت نہیں آؤں گا تو کیا کروں گا۔ اور اس سب کے دوران اگر ابھی بھی آپ کی ذہنی حالت درست ہے تو لیجیے فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے اب کروا لیجیے اس کو نافذ اگلی منزل ہے پٹواری اور تحصیل دار کے چکر اور باقی کی زندگی اس چکر میں آپ با آسانی گزار سکتے ہیں۔