کپتان اور نگہبان دو مقبول عام کیمپ: عوام کس کا ساتھ دیں گے؟


کس نے یہ حالات پیدا کر دیے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کو خود آ کر پریس کانفرنس کرنا پڑی؟ لیکن ایک طرح سے یہ ٹھیک بھی ہے، زمانے کے اقدار بدل رہے ہیں، آزادی اظہار نے وہ دھول اڑائی ہے کہ اللہ کی پناہ، ہر پانچواں پڑھا لکھا شخص صحافی اور تجزیہ نگار۔ چڑیا سے خبر لینے، اور طوطے سے فال نکالنے والے الگ۔ قیافہ شناسی اور وش فل ایسٹیمیشن کی ایسی تھکا دینے والی دوڑ لگی ہے کہ الامان و الحفیظ، آج سے دس سال پہلے یہ منظر نامہ نہی تھا، جتنے منہ اتنی باتیں، اس تناظر میں فوجی اسٹیبلشمنٹ نے اگر کنفیوژن دور کرنا مناسب سمجھا ہے، تو اس کی مزید معقول وجوہات بھی ہو سکتی ہیں۔ یہ سوال لیکن تشنہ تعبیر ہے کہ وہ ملعون کون ہے جو رات کے اندھیرے میں ملاقات کرتا ہے، اور دن کے اجالے میں ہزیان بکنے لگتا ہے؟

اور یہ کپتان کے بلڈ پریشر کو کیا ہوا، ؟ وہ ذو معنی گفتگو کا خوگر کیسے، کب سے بن گیا؟
گزشتہ کم از کم دو عشرے کی سیاسی تاریخ میں اتنی مقبولیت کسی سیاست دان کو حاصل نہی ہوئی،

لیکن کپتان ایک غلطی کر رہے ہیں۔ قوم نے عالمی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف ان کے بیانیہ کی تائید کی ہے، اور جدی پشتی دغا بازوں کے خلاف کپتان کی ببانگ دہل جدوجہد کو پسند کیا ہے۔ ان کی کسی حد تک ذاتی دیانتداری کا بھی عوام کو اعتراف ہے، جبھی وہ چاروں صوبوں میں کپتان کا پرتپاک استقبال کرتے ہیں،

لیکن یہ کیسی خبریں چھن چھن کر باہر نکل رہی ہیں؟

یہ غلط سلط تاثر کون راسخ کر رہا ہے کہ کپتان ملک کی آرمرڈ فورسز کے بارے غیر محتاط گفتگو کرنے لگا ہے؟ جمعرات کی شام لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے تو لیکن کپتان کا لہجہ بہت محتاط تھا۔ یہ محتاط ہی رہنا چاہیے،

کپتان اور نگہبان۔ یہ دونوں ہی اس وقت پاکستان کی محب وطن عوام کی آنکھ کا تارہ ہیں۔ لیکن خاکی وردی میں لال لہو کی خوشبو سے معطر ہمارے راج دلارے بیٹے، یہ روز و شب سے آزاد، یہ ہر لمحہ دل میں دھڑکتے ہیں، پوری پاکستانی محب وطن عوام اپنی مسلح افواج سے بے مثال محبت کرتی ہے

کسی کو غلط فہمی میں نہی رہنا چاہیے

پاکستان کے چوبیس کروڑ عوام کی خاموش اکثریت، وہ آزادی اظہار کے احترام کی وجہ سے ان سیاسی بازی گروں کی چولیں سنتی رہتی ہے، اور موجودہ سیناریو میں کپتان سے امیدیں وابستہ کرنے کے باوجود۔ کپتان کو لیکن لازمی طور پر نگہبانوں سے ہیلو ہائے درست کرنے پڑیں گے، اور خدا نخواستہ اگر کوئی ایسا دوراہا سامنے آ جائے، جہاں دونوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑ جائے،

تو پاکستانی عوام کی خاموش اکثریت کپتان نہی، نگہبانوں کے ساتھ کھڑی ہوگی۔