شاہین آفریدی کی پریکٹس سیشن میں شرکت: ’وہ 100 فیصد فٹ نہیں، دوسرا رن لیتے ہوئے بے بس نظر آئے‘


شاہین شاہ آفریدی، زمبابوے، رن
پاکستان کی زمبابوے کے خلاف شکست اور سیمی فائنل تک رسائی میں حائل مشکلات کے پیش نظر سابق کرکٹرز اور شائقین اس موضوع پر بات کرتے دکھائی دے رہے ہیں کہ آیا صف اول کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی مکمل طور پر فٹ ہیں یا نہیں۔

انڈیا کے خلاف شاہین نے 34 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کی جبکہ زمبابوے کے خلاف چار اوورز میں 29 رنز دے کر بھی وہ وکٹ لینے میں ناکام رہے تھے۔ جولائی 2021 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ شاہین نے دو لگاتار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں کوئی وکٹ حاصل نہیں کی ہے۔

انجری کے بعد کم بیک کرنے والے شاہین نے بظاہر دوسرے میچ کے دوران بہتر ردھم کے ساتھ بولنگ کی مگر شائقین سوشل میڈیا پر ان کی ایک ویڈیو شیئر کر رہے ہیں جس میں زمبابوے کے خلاف آخری گیند پر دوسرا رن بنانے کی کوشش میں وہ آؤٹ ہو جاتے ہیں۔

اس گیند پر دوسرا رن مکمل کرنا واضح طور پر مشکل تھا اور شاہین نواز کے آؤٹ ہونے کے بعد اپنی پہلی گیند کھیل رہے تھے۔ مگر شائقین کو خدشہ ہے کہ جس طرح شاہین دوسرے رن کے لیے بھاگ رہے تھے، اس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ وہ پوری طرح فٹ نہیں۔

یوں تو اتوار کو نیدرلینڈز کے خلاف میچ کے لیے شاہین کو پریکٹس سیشن میں حصہ لیتے دیکھا جا سکتا ہے تاہم بعض شائقین یہ سوال بھی کر رہے ہیں کہ آیا انھیں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے مزید میچوں میں کھیلنا چاہیے؟

https://twitter.com/Binte__Khalid/status/1585681112138907650

’شاہین 100 فیصد فٹ نہیں‘: سابق کرکٹرز کی متفقہ رائے

ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کے دوران اب تک کے دو میچوں میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی ناکامی پر سابق کرکٹرز شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں اور ان کی تنقید کا ایک موضوع یہ بھی ہے کہ اگر شاہین مکمل فٹ نہیں تو وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیسا بڑا ایونٹ کیوں کھیل رہے ہیں۔

ایک ٹاک شو میں فاسٹ بولر وہاب ریاض نے کہا کہ شاہین کو قصوروار نہیں ٹھہرایا جا سکتا، وہ ڈھائی ماہ بعد ایک انجری سے آیا ہے، انھیں کھلانا قبل از وقت تھا۔

محمد عامر نے کہا کہ قصوروار وہ لوگ ہیں جنھوں نے شاہین کو کھلایا۔ ’شاہین گن پوائنٹ پر نہیں کہہ رہا کہ مجھے کھلاؤ۔ گھٹنے کی انجری سے بولرز کے کیریئر ختم ہوئے۔۔۔ شاہین کو کھلانے والوں سے سوال بنتا ہے۔ ہمیں یہاں بیٹھ کر نظر آ رہا ہے۔ ‘

ایک دوسرے شو میں سابق سٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کہتے ہیں کہ آخری گیند پر دوسرا رن تیز ہونا چاہیے تھا۔ انھوں نے کہا کہ شاہین کا قد لمبا ہے اور وہ انجری سے آیا تھا اور اوپر سے وہاں ٹھنڈ تھے، جسم کُھلنے میں وقت لگتا ہے۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’ابھی تین اہم میچز باقی ہیں۔۔۔ مجھے وہ پہلے سے زیادہ دوسرے میچ میں بہتر لگا ہے۔‘ شاہد آفریدی نے کہا کہ ’وکٹوں کی شکل میں ہی شاہین کی فارم اور اعتماد واپس آ سکتے ہیں۔‘

انڈیا کے خلاف پہلے میچ کے بعد سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ایسا لگا کہ شاہین کے پاس میچ پریکٹس نہیں۔ جبکہ وقار یونس کا کہنا تھا کہ ’میں نے نیوزی لینڈ نے میڈیکل پینل اور بابر اعظم سے پوچھا تھا کہ شاہین ورلڈ کپ کھیلنے جا رہے ہیں مگر وہ وہاں کیوں نہیں۔‘

’انھوں نے وارم اپ میچوں میں صرف دو اوورز کروائے۔ بڑے اور دباؤ والے میچوں میں آپ کو میچ پریکٹس کی ضرورت ہوتی ہے۔‘

92 ورلڈ کپ میں فاتح ٹیم کے فاسٹ بولر اور لاہور قلندرز کے کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے ’شاہین 100 فیصد نظر نہیں آئے۔ وہ فٹ نہیں اور بھاگنے میں انھیں مشکل ہو رہی ہے۔ یہ دیکھنا ہو گا کہ کیا وہ بھاگ نہیں پا رہے۔ اگر کچھ ہوا تو انھیں کھلانا بہت بڑا بلنڈر ہو گا۔ یا وہ 100 فیصد فٹ ہیں یا وہ فٹ نہیں ہے۔‘

https://twitter.com/shakilsh58/status/1585887361589604355

’دوسرے رن کے لیے بھاگتے ہوئے شاہین بے بس نظر آئے‘

شاہین شاہ آفریدی کی فٹنس کے حوالے سے ٹوئٹر پر بھی بحث جاری ہے اور بعض صارفین کا خیال ہے کہ اگر وہ فٹ نہیں تو انھیں آرام دینا چاہیے۔

دوسرے رن کے لیے شاہین کی دوڑ کا حوالہ دیتے ہوئے سمرہ نامی صارف کہتی ہیں کہ ’میں یہ بھول نہیں سکتی کہ شاہین کتنے بے بس تھے۔‘ وہ کہتی ہیں کہ شاہین نے پوری طرح فٹ نہیں۔ انھوں نے پوری کوشش کی مگر وہ رن مکمل نہ کر سکے۔‘
ثنا نے لکھا کہ شاہین ’میچ فٹ نہیں۔ ان پر دباؤ نہ ڈالو۔ وہ دوسرے رن کے لیے صحیح طرح بھاگ نہیں پائے۔‘

ادھر علی حسن کی رائے ہے کہ اگر شاہین کی ریکوری میں ابھی وقت ہے تو حسنین کو بھی ان کی جگہ کھلایا جا سکتا ہے جو کہ کوئی بُری آپشن نہیں۔ ’انھوں نے پانچ بی بی ایل میچز کھیلے ہیں اور چھ کی اکانومی کے ساتھ سات وکٹیں حاصل کی ہیں۔‘

https://twitter.com/bewhoyou_are/status/1585613541658492929

عبدالباسط اس حوالے سے پریشان ہیں کہ ’یہ وہ شاہین نہیں۔ وہ اس ٹورنامنٹ کے لیے تیار نہیں تھے۔ وہ اپنے پرانے رن اپ اور پیس کی طرح نہیں بھاگ رہے۔‘

حسن ضمیر کے مطابق آخری گیند پر تین رن درکار تھے اور یہ ظاہر تھا کہ کم از کم دو رنز مکمل کرنے ہیں۔ ایسے میں شاہین کو بھیجنا اچھا فیصلہ نہیں تھا۔

مگر خیال رہے کہ اس سے قبل انڈیا کے خلاف میچ میں شاہین نے ایک چھکے اور ایک چوکے کے ساتھ آٹھ گیندوں پر 16 رنز بنائے تھے۔

https://twitter.com/pakhairrr/status/1585943588520747008


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments