اعظم سواتی کی ذاتی ویڈیو: ’یہ اس ملک میں پستی کی نئی سطح ہے‘


پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی نے سنیچر کو ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا ہے کہ اُن کی اہلیہ کو نامعلوم نمبر سے اُن کی اور ان کی اہلیہ کی ذاتی ویڈیو بھیجی گئی ہے۔

اعظم سواتی یہ پورا واقعہ بیان کرتے ہوئے انتہائی پریشان دکھائی دے رہے تھے اور ایک موقع پر وہ رو بھی پڑے۔

لاہور میں پریس کانفرس کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’میں آج آپ کو بتانے آیا ہوں کہ ہمارا ملک کتنا دور جا چکا ہے۔ چند دن پہلے میں نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے کبھی کوئی کرپشن نہیں کی، میری کوئی غیر اخلاقی ویڈیو مقتدر حلقوں کے پاس نہیں ہو گی لیکن میں غلط تھا۔‘

پریس کانفرنس کے دوران آبدیدہ ہوتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’مجھے اپنے ساتھ ہوا واقعہ بتاتے ہوئے اپنے عوام کی بیٹیوں اور بہنوں سے شرم آ رہی ہے۔‘

اُنھوں نے دعویٰ کیا کہ گذشتہ رات اُن کی اہلیہ نے انھیں فون کیا اور وہ زور زور سے رو رہی تھیں اور ان کی آواز نہیں نکل رہی تھی۔ ’میں سمجھا میری پوتیوں کو کسی نے قتل کر دیا ہے۔ میں نے بار بار ان سے چیخ و پکار کی وجہ پوچھی لیکن وہ کچھ نہ کہہ سکیں۔‘

’پھر میں نے اپنی امریکہ پلٹ بیٹی کو کال کیا اور پوچھا کہ اپنی والدہ سے پوچھو کیا ہوا ہے۔ اس پر میری بیٹی نے بتایا کہ ان کے پاس کسی نے نامعلوم نمبر سے میری ایک قابل اعتراض ویڈیو بھیجی ہے۔‘

اعظم سواتی کے مطابق ’اس پر میں نے کہا کہ جب مجھے 13 اکتوبر کو اٹھا کر لے جایا گیا تھا تو انھوں نے میری ویڈیو بنائی تھی اور آج کل جعلی ویڈیو بنانا مشکل کام نہیں ہے۔‘

’اس پر میری بیٹی نے روتے ہوئے بتایا کہ یہ کسی اور کی ویڈیو نہیں بلکہ ’ڈیڈی یہ آپ کی اور میری والدہ کی ویڈیو ہے۔ جس پر میں نے کہا یہ کیسے ممکن ہے۔ تو میری بیٹی نے کہا جب آپ کوئٹہ گئے تھے یہ اس وقت کی ویڈیو ہے۔‘

https://twitter.com/PTIofficial/status/1588800814222802944

انھوں نے الزام عائد کیا کہ ’فوج کی وردی میں ملبوس ان کالی بھیڑوں کو جب کچھ نہ ملا تو انھوں نے میری اور میری بیوی کی ذاتی ویڈیو نکال لی۔‘

اعظم سواتی کی جانب سے ان الزامات کے بعد پاکستان میں سیاسی و سماجی شخصیات اور عام صارفین کی جانب سے اس مبینہ واقعے کی مذمت کی جا رہی ہے اور اعظم سواتی کا نام سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔

اس واقعے پر پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی طرف سے اعظم سواتی کی اہلیہ سے ان کو پہنچنے والے درد، تکلیف اور احساسِ بے عزتی پر معافی مانگتے ہیں۔

اُنھوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان انسانی وقار، خاندان کی عزت اور چادر و چار دیواری کی اسلامی اخلاقی اقدار پر معرض وجود میں آیا تھا۔ ریاست کے ہاتھوں اعظم سواتی کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ ان تمام اقدار کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے: دوران حراست انھیں برہنہ کرنے سے لے کر حراست کے دوران ان پر تشدد کرنے تک اور اب یہ ویڈیو جس میں ان کی اہلیہ کی پرائیویسی کی خلاف ورزی کی گئی۔‘

اُنھوں نے اس واقعے پر چیف جسٹس سے از خود نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔

صحافی رؤف کلاسرہ نے لکھا کہ اعظم سواتی اور ان کے خاندان کے ساتھ ہونے والا سلوک افسوسناک ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ یہ ہمارے ملک میں پستی کی ایک نئی سطح ہے۔

رؤف کلاسرہ نے اس واقعے پر اعلیٰ سطح کی تحقیقات اور ذمہ داروں کو سزا کا مطالبہ کیا۔

https://twitter.com/KlasraRauf/status/1588854409928544256

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے عمران خان کو ریٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اُنھوں نے کبھی عمران خان کو ریٹویٹ کرنا نہیں چاہا لیکن یہاں وہ ان سے اتفاق کرتے ہیں۔ اُنھوں نے لکھا کہ انھیں شرم آ رہی ہے کہ ایک عزت دار خاتون کے ساتھ میرے ملک میں ایسا شرمناک سلوک کیا جا سکتا ہے۔ اس جنونیت کو رکنا چاہیے۔

https://twitter.com/MiftahIsmail/status/1588848152408621056

پی ٹی آئی رہنما چوہدری فواد حسین نے لکھا کہ گویا سپریم کورٹ کے گیسٹ ہاؤسز مکمل طور پر خفیہ کیمروں کی زد میں ہیں۔ وزیرِ اعظم کے دفتر سے لے کر اعلیٰ عدلیہ کے جج صاحبان کی پرائیوٹ ویڈیوز بنائی گئی ہیں۔ یہ المناک صورتحال ہے۔

https://twitter.com/fawadchaudhry/status/1588844154368720896

واضح رہے کہ اعظم سواتی کے مطابق یہ ویڈیو کوئٹہ میں سپریم کورٹ کے جوڈیشل لاجز کی ہے۔

صحافی حامد میر نے سینیٹر مشتاق احمد خان کو ریٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ سپریم کورٹ کا انتظار کرنے کے بجائے سینیٹ میں موجود تمام جماعتوں کو اعظم سواتی کی شکایت پر ایک مشترکہ پارلیمانی تحقیقاتی کمیٹی بنانی چاہیے جو دو ہفتے میں اپنی رپورٹ ایوان میں پیش کرے۔

https://twitter.com/HamidMirPAK/status/1588842736039645184

صحافی مظہر عباس نے لکھا کہ سینیٹر اعظم سواتی کا ویڈیو بیان ہر جمہوری اور انسانی حقوق کے کارکن کے لیے چشم کشا ہونا چاہیے۔

اُنھوں نے لکھا کہ حیرت ہے سینیٹر پرویز رشید جیسا شخص بھی خاموش ہے جو خود ایسی ہتک کا سامنا کر چکا ہے۔ یہ ناقابلِ قبول ہے۔

https://twitter.com/MazharAbbasGEO/status/1588839000512815110

پی ٹی آئی رہنما تیمور خان جھگڑا نے لکھا کہ جب شہباز شریف کے پاس وزیرِ اعظم ہاؤس میں غیر قانونی طور پر اپنی گفتگو ریکارڈ کیے جانے پر سوال اٹھانے کی ہمت نہیں تو وہ تشدد، قاتلانہ حملوں یا اعظم سواتی کے ساتھ ہونے والے سلوک کی کیا تحقیقات کروائیں گے۔

https://twitter.com/Jhagra/status/1588853765007810561

Facebook Comments HS

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp