محبت اور شادی


ہماری ذات معاشرتی، معاشی اور نفسیاتی طور پر دوسرے انسانوں سے جڑی ہے لہذا ہمارے الفاظ، اعمال یا طرز زندگی دوسرے انسانوں کو براہ راست متاثر کر سکتا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر ہماری روزمرہ کے معمولات ہمارے اردگرد ماحول پر کئی طرح کے اثرات چھوڑتے ہیں، یہ اثرات منفی بھی ہو سکتے ہیں اور مثبت بھی۔ انسان ایک وقت میں مختلف ذہنی اور جسمانی کیفیات سے گزر رہا ہوتا ہے جن کا براہ راست اثر اس کے افعال و حرکات میں ظاہر ہوتا ہے ان میں سے کچھ کیفیات ارادی اور اختیاری ہوتی ہیں اور کچھ غیر ارادی۔

محبت اور شادی بظاہر دو رشتے ہیں جنھیں اکثر اوقات غلط طور پر ایک دوسرے سے منسوب کر لیا جاتا ہے۔ محبت روح کے ایک جذبے کا نام ہے جبکہ شادی جسموں کے ملاپ اور ضرورت کا۔ کبھی کبھار دونوں جذبات ایک ساتھ ایک جگہ اکٹھے ہو کر زندگی کی ایک انتہائی خوبصورت حقیقت کا روپ دھار لیتے ہیں اور اکثر اوقات یہ زندگی کے مختلف مراحل میں ظاہر ہو کر انسانی شخصیت کے دو پر تو بن جاتے ہیں۔ انسان ایک طرف جسم کے ایک رشتے میں پابند ہو جاتا ہے اور دوسری طرف روحانی تخیل میں ایک الگ دنیا بسا لیتا ہے جو اسے اندر ہی اندر مسحور رکھتی ہے۔

اکثر ہم ہوس یا وقتی جسمانی کشش کو محبت کے ساتھ خلط ملط کر لیتے ہیں جس کی بڑی وجہ ”شہزادی اور شہزادے کے کہانی کے آخر میں ملاپ اور ہنسی خوشی زندگی بسر کرنے کی کہانیاں یا فلمیں ہوتی ہیں۔ ہر وہ محبت جو انسان میں نفسانی و جسمانی خواہش کو بیدار کرے یا ہوا دے وہ محبت کے خوشنما غلاف میں ہوس تو ہو سکتی ہے محبت ہرگز نہیں۔ محبت میں حصول تو ایک طرف خواہش ہی کا تصور نہیں، یہاں تو منزل سے دلفریب ہے منزل کی جستجو۔ زمان و مکان کی قید ہی نہیں، محبوب کا قرب یا توجہ مل جائے تو خوب نہ ملے تو خوب تر۔ اس میں محبت کے بدلے محبت کی شرط بھی نہیں، محبت ہے کوئی تجارت تو نہیں کہ بدلے کی توقع میں کی جائے۔

گناہ و ثواب کا تصور، نکاح و وصل کی امید دراصل انسانی جبلت پر قابو رکھنے اور معاشرے کی حدود متعین کرنے کے اصول تو ہو سکتے ہیں مگر محبت کی شرائط یا مقاصد نہیں۔ شادی سے پہلے یا شادی کے بعد محبت ہونا معاشرتی طور پر بے شک دھوکہ دہی تصور کیا جاتا ہو لیکن میرے نزدیک یہ ایک فطری امر ہے۔ شادی ایک جسمانی تعلق ہے جو عام طور پر نیت اور ارادے سے باقاعدہ اہتمام اور تقریب سے قائم کیا جاتا ہے دوسری طرف محبت ایک روحانی رشتہ ہے جس میں ایک روح دوسری روح کے وجود کو محسوس کر کے ایک احساس قائم کر لیتی ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ فزوں تر ہوتا جاتا ہے۔

یہی وہ جذبہ ہے جو انسان کو تیشے سے پہاڑ چیرنے کا حوصلہ عطا کرتا ہے اور اس کی تنہائیوں کو رونق بخشتا ہے، انسان اکیلا ہوتے ہوئے بھی اکیلا نہیں رہتا۔ جب اس جذبے کا احساس بہت زیادہ ہو جائے تو کوئی با آواز بلند اپنے اندر کی محفل کو افشا کرتا ہے اور مجنوں کہلاتا ہے جبکہ کوئی انا الحق کا نعرہ لگاتا پھانسی پر جھول جاتا ہے۔

جسمانی تعلق میں محفل میں تنہائی جبکہ محبت /روحانی تعلق میں تنہائی میں محفل ہوتی ہے۔

دھوکہ یہ نہیں کہ آپ زندگی کسی کے ساتھ گزارتے ہوئے خیال میں کسی اور کو رکھتے ہیں، زندگی پر آپ کو کسی قدر اختیار ہے، آپ نیت اور ارادہ سے کسی کے ساتھ رہنے یا الگ ہونے کا فیصلہ کر سکتے ہیں جبکہ محبت انسان کے اندر سما جائے تو انسان بے بس ہوجاتا ہے، وہ چاہے بھی تو خود کو محبوب کے خیال سے آزاد نہیں کروا سکتا۔ دھوکہ یہ ضرور ہو گا جب آپ کسی انسان کو بطور استعمال کی چیز استعمال کرنے کی نیت سے اپنائیں اور اپنا مقصد نکلنے کے بعد چھوڑ کر اگلی منزل اور اگلی ضرورت کی طرف نکل جائیں لیکن اپنی ذمہ داریوں کو بحسن و خوبی انجام دیتے ہوئے محض ایک روحانی جذبے کو جو اختیاری بھی نہ ہو، دھوکہ نہیں کہا جا سکتا۔ جھوٹ دھوکہ ہے، چاہے اپنے شریک حیات کو دیں یا کسی دوسرے کو۔ اگر آپ کسی جسمانی یا مالی ضرورت کے تحت کسی دوسرے کو یقین دلائیں کہ آپ اس سے محبت کرتے ہیں تو وہ دھوکہ ہے۔

لہذا زندگی کے مختلف مراحل میں اپنے جسم اور دماغ میں ہونے والی تبدیلیوں کو سمجھنا از حد ضروری ہے۔ مختلف جذبات اور ان کے بنیادی مقاصد کو سمجھنا۔ ہوس، جسمانی اختلاط، وقتی جذبات، جذبہ ترحم اور محبت سب انسان کے فطری جذبات ہیں ان میں سے کچھ منفی اور کچھ مثبت ہونا ممکن ہے، کچھ تعمیری اور کچھ تخریبی کچھ اختیاری اور کچھ غیر اختیاری۔ جب ہم خود اپنے جذبات کو سمجھ سکیں گے اسی وقت ہم دوسرے انسانوں کے جذبات کو سمجھ اور ان کی قدر کر سکیں گے۔

کسی دوسرے کے جذبات کو کچل کر اپنے نفسانی، اختیاری اور تخریبی جذبات کی تسکین سے اجتناب کر سکیں گے۔ جب ہم خود اپنے جذبات، محبت، نفرت، عزت، اور ذلت وغیرہ کو سمجھ سکیں گے تبھی ہم احساس کر سکیں گے کہ ہمارا کیا گیا ایک کمنٹ، اچھالا گیا ایک جملہ یا کیا ہوا جسمانی حملہ کے کسی دوسرے انسان کے جسم اور روح کیا اثرات مرتب کر سکتا ہے۔