’شاہین اور حارث رؤف کی ریڈ لائن کپتان بابر اعظم ہیں‘


شاہین، حارث، بابر
سنہ 2022 میں بابر اعظم پہلے پاکستانی کپتان بنے جنھوں نے ایک سال میں ایک ہزار سے زیادہ ٹیسٹ رنز سکور کیے۔ مگر ساتھ ہی یہ پہلا موقع تھا کہ ہوم سیریز میں پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا اور لگاتار چار ہوم ٹیسٹ میچوں میں شکست ہوئی۔

انگلینڈ کی پاکستان میں اس تاریخی فتح کے بعد ایسے لوگوں کی تعداد بظاہر بڑھی ہے جو بابر اعظم کو بطور بلے باز تو پسند کرتے ہیں مگر بطور ٹیسٹ کپتان نہیں۔

جہاں بعض سابقہ کرکٹرز اور شائقین بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹانے کا مطالبہ کر رہے ہیں وہیں موجودہ ٹیم میں کچھ کھلاڑی ایسے بھی ہیں جنھوں نے مشورہ دیا ہے کہ ’ایسا سوچنا بھی منع ہے۔‘

فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کھل کر کپتان بابر اعظم کی حمایت میں سامنے آئے ہیں۔

یہ غیر معمولی اس لیے بھی ہے کہ پاکستانی کرکٹ میں ایسا کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے کہ کھلاڑی کسی کپتان کے دفاع میں دیوار بن جائیں۔

اگرچہ 26 دسمبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے کوئی واضح اعلان نہیں کیا ہے تاہم فی الحال یہی سمجھا جا رہا ہے کہ سال 2023 کے آغاز پر پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی بابر اعظم کے پاس ہی ہو گی۔

https://twitter.com/iShaheenAfridi/status/1605234846070378496

شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے کپتان بابر اعظم کا دفاع کیسے کیا؟

دونوں فاسٹ بولرز نے ٹوئٹر کے ذریعے یہ پیغام دیا ہے کہ کوئی بابر اعظم کو بطور کپتان تبدیل کرنے کے بارے میں ’سوچے‘ بھی مت۔

شاہین شاہ آفریدی نے لکھا ہے کہ ’بابر اعظم ہماری اور پاکستان کی شان، جان اور پہچان ہے۔ وہ ہمارا کپتان ہے اور رہے گا۔ کچھ اور سوچنا بھی منع ہے۔ پلیز انھیں سپورٹ کریں۔

’یہی ٹیم ہمیں جتائے گی بھی۔ کہانی کبھی ختم نہیں ہوئی۔‘

جبکہ حارث رؤف نے ’سوچنا بھی منع ہے‘ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ لکھا کہ ’آپ ہمارے لیڈر ہو اور ہمیشہ رہو گے۔‘

https://twitter.com/HarisRauf14/status/1605238352458010626

اگرچہ ان دونوں کے علاوہ کسی نے اس نوعیت کے پیغام نہیں دیے ہیں مگر اس سے کچھ حد تک ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کے صف اول کے بولرز بابر اعظم کو ہی بطور کپتان دیکھنا چاہتا ہے۔

پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف تاریخی شکست کے بعد جب پریس کانفرنس میں بابر اعظم سے یہ سوال پوچھا گیا کہ آیا انھیں کپتانی چھوڑ کر بیٹنگ پر ہی توجہ دینی چاہیے، تو ان کا جواب تھا کہ ’میں دباؤ میں زیادہ انجوائے کرتا ہوں۔

’اس چیز (کپتانی) سے میری بیٹنگ پر فرق نہیں پڑتا۔ بلکہ یہ اعزاز کی بات ہے۔ میں اپنی بہترین کارکردگی دینے کی کوشش کرتا ہوں۔۔۔ بطور کپتان ٹیم کی ہار کا میں ہی دفاع کروں گا۔ جب بھی کوئی ایسی چیز ہوگی میں ہی اس کی ذمہ داری لوں گا۔‘

بابر اعظم نے کہا ہے کہ ’ہمیں کافی مایوسی ہے مگر انگلینڈ نے جیسی کرکٹ کھیلی انھیں سراہنا چاہیے۔

’ہم تھوڑے بدقسمت رہے ہیں کہ ہمارے فاسٹ بولرز فِٹ نہیں تھے۔ نئے لڑکوں کو کھلایا گیا، انھوں نے پرفارم کیا مگر ویسی کارکردگی نہ دے پائے۔۔۔ آسانی سے وکٹیں کھو دینے کی وجہ سے ہم جیتنے والے میچ بھی جیت نہ سکے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ٹیسٹ میچوں میں تجربہ درکار ہوتا ہے اور ہماری ٹیم میں فٹنس کے مسائل تھے۔۔۔ میں کوشش کروں گا کہ نئے لڑکوں کو بیک کیا جائے۔‘

سابق انگلش کپتان ناصر حسین نے تبصرہ کیا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی انجری کے باعث بابر اعظم کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے۔ ’کسی کپتان کا احتساب صرف نتائج پر نہیں ہونا چاہیے بلکہ یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ ان کے پاس کون سے کھلاڑی دستیاب تھے۔ بیٹنگ کی طرح آپ کپتانی بھی سیکھ سکتے ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیے

اس احتیاط کو خود علاج درکار ہے

رمیز راجہ خود کب بُرا منائیں گے؟

’لگی بندھی کپتانی سے کچھ نہ ہو پائے گا‘

https://twitter.com/leenacricket/status/1605084744148025344

’بابر اعظم ریڈ لائن ہیں‘

سوشل میڈیا پر بھی صارفین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔

سوربھ ملہوترا لکھتے ہیں کہ بابر اعظم نے ایک ہی سیریز میں تین ہوم ٹیسٹ میچوں میں شکست کھائی ہے جبکہ انڈین کپتان ورات کوہلی کو اپنے چھ سال کے کپتانی کے دور میں صرف دو ہوم ٹیسٹ میچوں میں ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

لینہ عزیز کا خیال ہے کہ پی سی بی کو فوری طور پر بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹا دینا چاہیے۔ ’وہ بہترین بلے باز ہیں مگر کپتان نہیں۔‘

ادھر شاہین شاہ آفریدی کے ’سوچنا بھی منع ہے‘ کی تنبیہ پر شائقین طرح طرح کے تبصرے کر رہے ہیں۔ کوئی ٹیم میں اتحاد کی تعریف کر رہا ہے تو کوئی کہہ رہا ہے کہ ’اس تاریخی شکست کے بعد سوچنا تو پڑے گا۔‘

https://twitter.com/Shine_Stine/status/1605305738850598913

ایک صارف نے پوچھا کہ ’یہ قومی ٹیم ہے یا آٹے کی مل کی مزدور یونین۔‘

جبکہ آمنہ کہتی ہیں کہ ’میں اسی لیے اس ٹیم کو سپورٹ کرتی ہوں کیونکہ یہ ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں۔‘

صارف کامران لطیف نے طنز کیا کہ شاہین نے واضح کر دیا ہے ’بابر اعظم ہماری ریڈ لائن ہیں۔‘

https://twitter.com/ameena65512841/status/1605280525165514755


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments