سال کے شروع میں آپ کے لئے ایک سطر
سوشل میڈیا ہم سب کی زندگیوں کا ناگزیر حصہ بن چکا ہے اور یہاں ہم ہر قسم کے لوگوں سے متعارف ہوتے ہیں جن میں کچھ آپ سے سراسر لاتعلق، کچھ بہت زیادہ شناسا اور کچھ ان دونوں اقسام سے ہٹ کر صرف اور صرف آپ کو انگریزی والا سک کرنے کے لئے ہوتے ہیں جن کو ہر وقت یہ فکر لاحق رہتی ہے کہ آپ نے یہ بات کیوں کر دی، وہ بات کیوں کر دی اور یہ کہ آپ سوشل میڈیا پر وقت کیوں ضائع کر رہے ہیں مگر بظاہر ان کو ہماری فکر ہم سے زیادہ ہوتی ہے۔
”سال کے آخر میں میرے لئے ایک لائن“ والے اس سال بھی دوسرے نمبر پر تھے، پہلے نمبر پر دسمبر کی شاعری والے رہے، مگر میں بات دوسرے نمبر والوں پر کرنا چاہتی ہوں کیونکہ مجھے دسمبر یا اس پر شاعری والوں سے کچھ زیادہ گلہ نہیں ہے کہ یہ حساس اور دکھی سے لوگ ہوتے ہیں اور جگہ جگہ بے وفائیوں کا شکوہ کرتے نظر آتے ہیں اور میرے خیال سے صرف اپنے ہی لئے خطرناک ہوتے ہیں لہذا آپ ان کی پوسٹس کو محض اگنور کر کے بھی نارمل زندگی گزار سکتے ہیں۔
مگر یہ جو ”میرے لئے ایک لائن والے“ ہیں ان کے لئے میں آج وہ چند چیزیں شیئر کرنا چاہتی ہوں جو ہمارے لئے سوشل میڈیا پر بنیادی اخلاقیات ہیں جیسا کہ کسی کی پوسٹ پر تبلیغ کی ایک حد سے آگے مت بڑھیں مثال کے طور پر میری نئے سال کے متعلق پوسٹس پر ایک سے زیادہ بار ایک ہی شخص نے یہ پوسٹ کی کہ ہمارا نیا سال نہیں ہے، ہمیں مبارک مت دیں تو میں حیرت زدہ تھی کہ میں نے نہ تو آپ کو آپ کی وال پر مبارک دی، نہ ان باکس میں تو پھر آپ نے کیسے سمجھ لیا کہ میں آپ کو نئے سال کی مبارک دے رہی ہوں۔ یہ تو ایسا ہی ہے کہ ٹیلی ویژن پر گانا چل رہا ہو اور یہ سمجھ لیں کہ یہ تو میرے لئے ہے۔
دوسرا مسئلہ جس کا میں ہی نہیں بلکہ میری طرح بہت سارے لوگ شکار بنے وہ ٹیگنگ کا ہے۔ خدارا اس بات کا یقین رکھیے کہ آپ کی پوسٹ بغیر ٹیگنگ کے بھی نظر آتی ہے اور اگر معیاری ہے تو لوگ آپ کو پڑھتے بھی ہیں اور سراہتے بھی ہیں۔ پھر اگر کوئی اپنی مصروفیات کی وجہ سے سوشل میڈیا پہ لاگ ان نہیں کر سکا اور واپسی پہ آپ کو ٹیگز ہی ٹیگز نظر آئیں تو یہ سراسر وقت کا زیاں بنتے ہیں لہٰذا اس سے گریز کیجئے۔
خواہ مخواہ کسی کی بھی اور خاص طور پر مخالف جنس کی پوسٹ پر دل کا سمبل مت بنائیں، خدارا مت بنائیں۔ دیکھیں دل کا کام خون صاف کرنا ہے اور بس۔ اس کا یوں بے دریغ استعمال آپ کو دوسروں کی نظر میں ہلکا کرتا ہے۔ سراہنے کے لئے الفاظ بہترین متبادل ہیں تو کیوں نہ ان سے مستفید ہوا جائے۔
کچھ لوگ اپنے وقت کا بہترین استعمال کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر آپ کو ایکٹو نظر آتے ہیں تو لگتا ہے کہ شاید یہ وقت ضائع کر رہے ہیں تو یقین کیجیے ایک پوسٹ کرنے میں ایک منٹ سے بھی کم لگتا ہے اور اس کے بعد کمنٹس پڑھنے اور رپلائی میں چند منٹس۔ ایکٹو لوگوں کے بارے میں بہت فکر مند ہو کر اپنی پریشانی میں اضافہ مت کیجئے۔
کسی کا تعارف پوچھنے سے پہلے ہمیشہ اپنا تعارف کرائیں گے اور بات کرنے کا مقصد بتائیے۔ آپ کو رسپانس بھی ملے گا اور وقت بھی بچ جائے گا۔
سوشل میڈیا پر آپ کو بہت قابل اور دلکش لوگ ملتے ہیں اور آپ ان سے اپنی استطاعت کے مطابق سیکھ سکتے ہیں۔ یہ باقاعدہ ایک ادارہ بن چکا ہے جہاں ہم خیال لوگ ایک دوسرے سے اپنے دکھ سکھ بانٹتے ہیں اور آپ کو اپنے ساتھ ساتھ رکھتے ہیں۔
ان تمام لائنوں میں سے جو لائن آپ کو پسند آئی ہو وہ اس سال کے آخر میں آپ کے لئے ہے لہذا اب آپ کا مجھ سے گلہ بالکل نہیں بنتا۔ آپ سب کو سال نو مبارک


