حضرت خدیجتہ الکبری کی منظوم سوانح حیات، 2023 کی پہلی کتاب


حضرت سیدہ خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیھا کی منظوم سوانح زندگی منظر عام پر آ گئی، دو ہزار تئیس کی یہ پہلی کتاب سید عارف معین بلے کی تخلیق اور تحقیق کا ثمر ہے۔ ۔

عالم اسلام کی خاتون اول حضرت بی بی سیدہ خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیھا کی منظوم سوانح زندگی منظر عام پر آ گئی۔ جو معروف شاعر اہل بیت اطہار علیھم السلام سید عارف معین بلے کی تخلیق اور تحقیق کا ثمر ہے۔ یہ منظوم سوانح حیات کئی اعتبار سے بڑی منفرد ہے۔ ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ یہ منظوم کتاب دو ہزار تئیس کی پہلی اردو کتاب ہے۔ جسے سید عارف معین بلے یکم جنوری دو ہزار تئیس کا سورج نکلنے سے پہلے تاریخ اور کیلنڈر تبدیل ہونے کے ساتھ ٹھیک رات بارہ بجے منظر عام پر لائے ہیں۔ ایک انفرادیت یہ بھی ہے کہ مصنف نے اس کا انتساب بھی منظوم لکھا ہے اور انتساب اپنی والدہ مرحومہ مہر افروز بلے المعروف۔ مہرو۔ کے نام کیا ہے۔ اس کتاب میں جو کچھ ہے، منظوم ہے۔ نثری پیرائے میں کچھ نہیں لکھا گیا۔ منظوم مقدمے کو پیش گفتار کا عنوان دیا گیا ہے۔

کتاب بیس ابواب میں منقسم ہے۔ ان ابواب کے بیشتر عنوانات بھی شعری پیرائے میں ہیں۔ مصرعے لکھ کر ہر باب کو عنوان دیا گیا ہے۔ فہرست کا نام۔ آئینہ نما۔ رکھا ہے۔ بی بی سیدہ خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیھا نے سب سے پہلے اسلام قبول کیا، اس لئے انہیں عالم اسلام کی خاتون اول قرار دے کر اسی عنوان کے تحت بڑی خوبصورت منقبت کو اس منظوم سوانح حیات میں شامل کیا گیا ہے۔ بلکہ مصنف نے اسے اپنی کتاب کا عنوان بھی بنایا ہے۔

اب چند ایسے عنوانات کا ذکر ضروری ہے، جنہیں مصرعوں کی صورت میں۔ آئینہ نما۔ کی زینت بنایا گیا ہے۔ قبل از اسلام بی بی سیدہ خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیھا ملیکۃ العرب کے لقب سے معروف تھیں۔ اس لئے ملیکۃ العرب لکھ کر اس کے نیچے مصرعہ دیا گیا ہے۔ قبل از اسلام کی بی بی خدیجہ سیدہ۔ نام و نسب کے لئے بھی یہی انداز اپنایا گیا ہے۔ اس باب کا عنوان ہے۔ سیدہ کا نام کیا ہے؟ کیا لقب ہے؟ کیا خطاب؟ ایک اور باب کا عنوان ہے۔

مصطفیٰ کے ساتھ مل کر ، کی تجارت آپ نے۔ شام سے واپس آنے پر بی بی خدیجہ نے اتنی تعریفیں اپنے غلام میسرہ سے سنیں کہ نبی ء کریم کو اپنا جیون ساتھی بنانے کا تہیہ کر لیا۔ اس حقیقت کو مصرعے کی شکل میں نئے باب کا جو عنوان باندھا گیا ہے ۔ وہ یہ ہے۔ کرنی ہے شادی محمد سے کیا ہے فیصلہ۔ نیا باب ہے۔ جب ہوا سرکار دو عالم پہ قرآن کا نزول۔ دعوت اسلام دینے پر کفار اور مشرکین نے ظلم و تشدد کی انتہا کر دی اور نبیٔ رحمت صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اور بی بی خدیجۃ الکبریٰ سمیت مسلمانوں کو شعب ابی طالب میں محصور کر دیا گیا۔

اس باب کا عنوان ہے۔ سختیاں شعب ابی طالب میں جھیلیں آپ نے۔ اس کے بعد کے باب کا عنوان بھی ایک مصرعہ ہے۔ ملاحظہ کیجئے۔ مصطفیٰ کے ساتھ گزرے آپ کے پچیس سال۔ جب بی بی سیدہ رحلت فرما گئیں تو اس پر نئے باب کا عنوان ہے۔ چل بسیں، یہ ہے نبی کی زندگی کے غم کا سال۔ اس کے بعد آ رہا ہے نیا باب۔ حکم رب پر شادیاں کر لیں، خدیجہ یاد ہیں۔ ایک اور باب کا ایک اور عنوان دیکھئے۔ حضرت بی بی خدیجہ، رشک ازواج نبی۔ اور یہ دو تین مزید عنوانات بھی اسی رنگ میں رنگے ہوئے ہیں۔ سچ یہی ہے آپ جڑ ہیں گلشن سادات کی۔ ہر حوالے سے خدیجہ بی بی کا ہے پہلا نام۔ مرحبا ہیں آپ سیرت النبی کا پہلا باب۔ کتاب کا آخری باب تخلیق کار کی تحقیق و تخلیق کا نچوڑ ہے۔ اس باب کا عنوان ہے۔ عورت کا مقام۔ قرآن و احادیث اور اسوۂ خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیھا کے آئینے میں۔

حقیقت یہ ہے کہ اس نوعیت کی شعری، تخلیقی اور تحقیقی کتاب اردو ادب اور تاریخ میں اس سے پہلے نہیں لکھی گئی۔ جس کے انتساب سے لے کر ایک ایک باب کے مندرجات منظوم ہوں۔ بلاشبہ عالم اسلام کی خاتون اول حضرت بی بی سیدہ خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیھا کی یہ منظوم سوانح زندگی سید عارف معین بلے کی قادر الکلامی کی آئینہ دار اور ام المومنین بی بی خدیجۃ الکبریٰ سے قادر الکلام شاعر سید عارف معین بلے کی محبت، مودت اور عقیدت کی مظہر ہے۔ اس تاریخی اور ادبی کتاب کا پبلشر عالمی اخبار انگلینڈ ہے۔ ان تمام ابواب کو ایک ایک کر کے سامنے لایا جائے گا تاکہ ادبی ذوق و شوق رکھنے والے اصحاب اور تاریخ اسلامی سے دلچسپی رکھنے والے گھر بیٹھ کر اپنی نوعیت کی اس منفرد کتاب سے فیض یاب ہو سکیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments