پٹرول بنانے کا مجرب نسخہ


آج کل بلاشبہ ہر شخص پیٹرول کی آسمان کو چھوتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے پریشان ہے۔ لیکن اب آپ کو گھبرانے کی قطعاً بھی ضرورت نہیں، کیوں کہ اس بلاگ میں دینے والا ہوں، آپ کو میں، ایک ایسا نسخہ جو آپ کی یہ مشکل ہمیشہ کے لیے حل کر دے گا۔ آپ گھر بیٹھے بغیر کسی تردد کے بآسانی بنا سکیں گے، اپنا خود کا پٹرول اور وہ بھی بغیر کسی لاگت کے۔ جی ہاں آپ نے بالکل درست پڑھا ہے۔ لیکن اس کے لئے آپ کو یہ بلاگ آخر تک پڑھنا ہو گا تاکہ آپ اچھی طرح سے یہ نسخہ سمجھ لیں اور لاکھوں کا فائدہ حاصل کریں۔ دوستو یہ نسخہ بغیر کسی لالچ کے فی سبیل اللہ آپ کو دیا جا رہا ہے، مجھے بدلے میں آپ سے صرف دعائیں چاہئیں۔

پٹرولیم مصنوعات کا شمار وطن عزیز میں سب سے زیادہ درآمد کی جانے والی اشیاء میں ہوتا ہے اور اس مد میں ہم اربوں ڈالر کا زرمبادلہ خرچ کرتے ہیں۔ دوستو اس نسخے کی بدولت ہمارا اربوں ڈالر کا سرمایہ بچے گا۔ یوں تو یہ ساری رقم ہمارے برادر اسلامی ممالک کے پاس ہی جاتی ہے لیکن ہمیں اپنی جیب بھی دیکھنی ہے۔ اس بنیاد پر میں یہ تو نہیں کہ سکتا کہ یہ نسخہ پوری امت مسلمہ کے لئے خیر کا باعث بنے گا، مگر بہر حال اس نسخے سے وطن عزیز کے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔ اس لئے دوستو اس نسخے کی جزئیات اور تراکیب بہت توجہ کے ساتھ نوٹ فرما لیں تا کہ کوئی سقم نہ رہ جائے اور آپ اعلٰی معیار کا پٹرول تیار کر سکیں۔

دوستو اس نسخے سے پٹرول تیار کرنے کے لئے آپ کو کوئی بھی خام مال بیرون ملک سے درآمد نہیں کرنا، بلکہ تمام اشیاء اپنے ہی ملک میں بکثرت موجود ہیں اور بآسانی دستیاب بھی ہیں بلکہ بہت سی چیزیں تو آپ کو بازار سے بھی خریدنے کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ ہر گھر میں موجود ہوتی ہیں۔ یہ نسخہ امریکہ میں توانائی کے متبادل ذرائع کی کھوج لگانے والے بہت سے سائنسدانوں نے تیار کیا ہے۔ مگر آپ کے علم میں ہو گا کہ دنیا بھر کی بڑی تیل کی پیداواری کمپنیاں ہر گز یہ نہیں چاہتیں کہ ایسا کوئی نسخہ عوام تک پہنچے جس سے ان کا کاروبار تباہ ہو جائے اور غریب ممالک ان کی گرفت سے نکل جائیں۔ اس نسخے کے موجد کئی سائنسدان پر اسرار موت مر چکے ہیں اور جو زندہ بچے ہیں وہ گمنامی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ راقم تحریر بھی اسی ریسرچ گروپ کا حصہ تھا، جو بمشکل جان بچا کر گوشہ نشینی کی زندگی بسر کر رہا ہے اور انسانیت کی بھلائی کے لئے مزید تجربات جاری رکھے ہوئے ہے۔

تیل کی کمپنیاں ایک مافیا کی طرح کام کرتی ہیں اور ہر وہ ایجاد جو ان کے کاروبار کو نقصان پہنچانے کا اور ان کی اجارہ داری ختم کرنے کا باعث بن سکتی ہے اسے وہ جڑ سے مٹانے کی ہر ممکن کوشش کرتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ، ہمارے ملک کا ایک مایہ ناز انجینئر، جس نے چند سال پہلے، پانی سے کار چلانے کا کامیاب تجربہ کیا تھا اور بڑے بڑے سائنسدانوں سے داد وصول کی تھی، اب گمنامی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ مجھے بے حد افسوس ہوتا ہے جب ایسے نگینوں کی ناقدری کی جاتی ہے۔

وطن عزیز میں ایک سے بڑھ کر ایک اعلٰی پائے کا دماغ موجود ہے۔ یہاں کینسر، کالا یرقان، کورونا، ذیابیطس، دل کی بند نالیوں اور ان کے علاوہ متعدد موذی بیماریوں کا علاج پلک جھپکنے میں کرنے والے ہزاروں معالج موجود ہیں۔ مگر افسوس حکومتی سر پرستی نہ ہونے کی وجہ سے کتنے ہی ہیرے، اپنی چمک دکھائے بنا، منوں مٹی تلے چلے جاتے ہیں۔ حکومت کو اس طرف توجہ دینی چاہیے۔ دنیا کے بہت سے ممالک طبی سیاحت کے ذریعے اربوں ڈالر کا زر مبادلہ کما رہے ہیں۔

بات کسی اور جانب نکل گئی، ہمیں اپنی توجہ پٹرول بنانے کے نسخے پر، پوری طرح، مرکوز رکھنی ہے۔ یہ ایک ایسا نسخہ ہے جو ہمیں آئی ایم ایف اور دوسری سامراجی طاقتوں کے چنگل سے آزاد کروا دے گا 1 ور وطن عزیز کے انتہائی مبارک ثابت ہو گا۔ اس لئے یہ انتہائی ضروری ہے کہ آپ اس نسخے کو اچھی طرح سمجھ لیں، اس کی تمام تراکیب اور جزئیات بہت احتیاط سے نوٹ فرما لیں، کیونکہ اگر اس کی تیاری میں کوئی کسر رہ گئی تو آپ کی گاڑی کے انجن کو نقصان بھی پہنچ سکتا ہے۔

یہاں میں ایک بات واضح کرتا چلوں کہ، چونکہ یہ نسخہ میں آپ کو بلا معاوضہ دے رہا ہوں اور اس نسخے کو آپ اپنی مرضی سے استعمال کریں گے، اس لیے نسخے کے غلط استعمال کی صورت میں نقصان کے ذمہ دار بھی آپ خود ہی ہوں گے۔ یہ فلاحی کام میں صدقہ جاریہ کے طور پر کر رہا ہوں، لیکن ایک افسوس رہے گا کہ ہمارے برادر اسلامی ممالک، جن کا انحصار تیل کی دولت پر ہے، وہ میرے اس نسخے کی وجہ سے اپنی امارت کھو دیں گے۔ اس کے بعد دنیا بلند و بالا، آسمان کو چھوتی، عمارتوں کو دیکھنے کے لئے ترسے گی۔

سونے کی بنی کاریں اور فراری پارک جیسی نعمتیں بھی ناپید ہو جائیں گی۔ اور تو اور توشہ خانہ میں جمع کروانے کے لئے حکمرانوں کو قیمتی تحائف بھی نہیں ملا کریں گے۔ لیکن میری نیت بالکل صاف ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ میرا رب میرے اسلامی بھائیوں کو اس کے متبادل کچھ اور دے دے گا، جو اس سے بھی بہتر ہو گا، اگر ایسا نہ بھی ہوا تو ہم خود بھی تو امیر ہو جائیں گے، پھر ان کو دکھائیں گے کہ سخاوت کیا چیز ہوتی ہے۔

دیکھیے دوستو بات پھر کہاں سے کہاں نکل گئی۔ میں آپ کو بتانے والا ہوں ایک ایسا نایاب نسخہ جس سے آپ کی زندگی کی ساری پریشانیاں تو نہیں لیکن بہت سی مالی مشکلات حل ہو جائیں گی۔ آج کے بعد آپ کو پیٹرول پمپ کی قطار میں انتظار نہیں کرنا پڑے گا اور نا ہی گاڑی کی ٹینکی بھروانے کے لئے اپنے گردے بیچنے پڑیں گی۔ تو احباب جلدی سے اس نسخے کو نوٹ فرما لیجیے اور کسی ایسے مقام پر محفوظ کر لیجیے جو تیل مافیا کی پہنچ سے دور ہو۔

آپ اس نسخے کو پا کر اپنی قسمت پر رشک کریں گے، لیکن آپ کو ایک وعدہ کرنا ہو گا کہ آپ کبھی تکبر نہیں کریں گے اور نہ ہی اس نسخے کو فروخت کریں گے، چاہے کوئی کتنے بھی دام دے۔ البتہ آپ یہ نسخہ اپنے دوستوں اور عزیزوں میں فی سبیل اللہ بانٹ سکتے ہیں۔ فروخت کرنے سے یا تکبر کرنے سے یہ نسخہ بے اثر ہو جائے گا اور آپ کے بنائے ہوئے پیٹرول میں کوئی خامی رہ جائے گی۔

باتوں باتوں میں خیال ہی نہیں رہا اور میں نے آپ کا بہت وقت لے لیا۔ تو نسخہ آپ کو دیتا ہوں۔ اس کی حساسیت کے پیش نظر اس کو سائفر کے ذریعے بہت محفوظ کر کے میں نے اپنی پورٹیبل ہارڈ ڈسک میں رکھا ہوا ہے تاکہ پاکستان اور امت کے دشمن اسے اڑا نہ لیں۔ تو یہ رہا نسخہ۔

ہائے اس تیل مافیا کا ستم دیکھیے میں جب یہ تحریر لکھ رہا ہوں اور یہ قیمتی نسخہ آپ کے سامنے پیش کرنے ہی والا تھا کہ ظالموں نے میرے اس کمپیوٹر کی ہارڈ ڈسک ہی صاف کر دی ہے، جس میں میں نے یہ نسخہ چھپا رکھا تھا۔ لیکن دوستو مایوس نہ ہوئیے گا کیونکہ مایوسی گناہ ہے۔ جن سائنسدانوں نے اس نسخے پر کام کیا ہے میں ابھی بھی ان کے ساتھ رابطے میں ہوں، میں پھر سے یہ نسخہ حاصل کر لوں گا اور آپ تک ضرور پہنچاؤں گا۔ یہ ظلم کے خلاف اک جہاد ہے اور میرا یہ مشن ہے کہ میں آپ کو اس ظلم سے ضرور نجات دلواؤں گا۔ جو احباب میرے اس مشن میں شامل ہونا چاہتے ہیں وہ فیسبک پر مجھے سٹارز بھیج سکتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments