انور مقصود کے ”ساڑھے 14 اگست“ تک کا ہمارا سفر
زمانہ جاہلیت، مطلب ہماری کم عمری یا جب صاحب ڈگری نہ تھے تب سے انور مقصود ایک پسندیدہ شخصیت رہے ہیں ۔ گو کہ ڈگریاں تو کئی لے لیں مگر صاحب علم نہ ہوئے تو پسند آج بھی اس زمانے کی سی ہے ۔ شاید ڈگری جعلی ہے، یا پھر پسند اصلی ہے۔ یا پھر بزبان شاعر
ہم نے جس جس کو بھی چاہا ترے ہجراں میں، وہ لوگ
آتے جاتے ہوئے موسم تھے، زمانہ تو تھا
اپنی عادت ہے کہ کہیں بھی اپنے پسندیدہ لوگوں کے بارے کچھ لکھا ہو، اپنے شہر آمد کی اطلاع ہو یا ہلکی سی جھلک نظر آنے کا اندیشہ ہو تو کوشش ہوتی ہے کہ وقت نکال کر پڑھ لیا جائے یا حاضری ممکن بنائی جائے۔
سو ہم بھی اسلام آباد میں اتوار کے روز انور مقصود کا سٹیج ڈرامہ ”ساڑھے 14 اگست“ دیکھنے پہنچ گئے۔
یوں تو انور مقصود صاحب کو بنفس نفیس ( انگریزی میں جسے Live کہتے ہیں ) کئی مرتبہ دیکھ چکا ہوں مگر کبھی گفتگو نہیں ہوئی ’سو سوچا اس بار تحریر ان تک پہنچا دوں۔ میرا مدعا مخاطب ہونا ہے جواب دینا ان کا استحقاق ہے۔
آج بھی یاد ہے کہ ہمارے زمانہ جاہلیت میں ایک فلم کی بہت تشہیر ہوئی جس کے اشتہار پر جلی حروف میں لکھا تھا ”اس فلم کے ڈائیلاگ انور مقصود نے تحریر کیے ہیں“ ۔ سو ہم بھی اماں ابا سے چھپ کر فلم ”دیوانے تیرے پیار کے“ دیکھنے سینما ہال پہنچ گئے ، یہ جیا علی کی پہلی فیچر فلم تھی اور معمر رانا کے بارے ہم زیادہ علم نہیں رکھتے تھے۔
یہ بتانا بھی لازم ہے کہ پہلی بار سینما ہال میں فلم بھی ہم نے تبھی دیکھیاور شاید بہت بڑا رسک لے کر ہم نے فلم دیکھی کہ اسلام آباد میں میلوڈی سینما اور ابا جان کا دفتر دونوں میلوڈی مارکیٹ میں تھے، دن 12 والا شو دیکھنا ممکن تھا کہ اول اس کا ٹکٹ نسبتاً کم ہوتا تھا، دوئم ہم نے کالج سے پھٹ کر جانا تھا، سوئم دوستوں کو ٹھڈ بھی نہیں کرا سکتے تھے ( پھٹ اور ٹھڈ ہمارے زمانے کے الفاظ تھے، الفاظ چاہے آج اس طرح استعمال نہ ہوں مگر یہ دونوں عمل آج بھی دیکھے جاتے ہیں ) ۔
سو ہم دن 12 بجے کالج سے چھپتے چھپاتے سیدھا سینما ہال پہنچے، نہ چاہتے ہوئے بھی فلم ختم ہونے تک سینما ہال میں موجود رہے، مکمل فلم شاید دیکھی کم سنی زیادہ کہ ڈائیلاگ انور مقصود نے تحریر کیے تھے، مگر باہر نکل کر زبان سے کچھ تبصرہ نہ کیا، دل میں کئی سوالات تھے کہ انور مقصود ہمارے ساتھ ایسا کیسے کر سکتے ہیں۔ اگلے روز صبح اخبار میں ایک خبر پڑھی جس میں انور مقصود صاحب کا بیان چھپا تھا، اور شہ سرخی تھی ”اس فلم میں اسلام علیکم اور خدا حافظ کے علاوہ کوئی ڈائیلاگ میرا نہیں ہے“ ۔
اس کے بعد ٹھان لی کہ جب تک مکمل یقین اور تصدیق نہ ہو کہ کسی پروگرام میں ان کی آمد یقینی ہے یا پھر یہ تحریر خالصتاً انور مقصود کی ہے ہم اس میں شرکت نہیں کریں گے اور نہ ہی تحریر پڑھنے کا رسک لیں گے۔
بالعموم زمانہ طالب علمی طویل ہوتا ہے اور اگر جاہلیت کا ہو تو خاصا طویل ہوتا ہے۔ 2007 کے اوائل میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سے متعارف ہوئے ۔ وہاں بھی چن چن کر پسندیدہ لوگوں کو ڈھونڈا اور پروفائل فالو کر لی۔ اب کیونکہ ٹھانی تو تحریر اور آمد کی تصدیق تھی تو یہاں پر پھر ایک بار ہم کسی جعلی پروفائل کے دلدادہ ہوئے بیٹھے تھے کہ ایک عرصہ بعد جون 2020 کو ایک وڈیو منظر عام پر آئی جس میں انور مقصود صاحب نے فرمایا کہ میں آج سے سوشل میڈیا پر آ گیا ہوں اور یہ کہ میرا صرف یہ اکاؤنٹ ہے اور باقی پچھلے تمام اکاؤنٹ جعلی ہیں ۔ ایک بار پھر ہم نے دھوکا کھا لیا۔ اب کہ ٹھانی کہ جب تک ان کا وڈیو بیان نہ آئے تب تک یقین نہیں کرنا۔
سو اب کی بار وڈیو اشتہار دیکھا کہ انور مقصود کا سٹیج ڈرامہ ساڑھے 14 اگست اسلام آباد میں پیش کیا جائے گا۔ اس بار تمام شرائط پوری ہو گئیں تو پختہ ارادہ کیا کہ لازمی دیکھنے جاؤں گا۔ پروگرام کی تاریخ انتظامیہ کی جانب سے کئی بار تبدیل ہوئی مگر ہمارا ارادہ نہ بدلا اور آخر کار ایک دن پریس کانفرنس کا کلپ دیکھا اور یقین ہو گیا کہ اس بار پروگرام مقررہ تاریخ پر ہی ہے اور تحریر مصدقہ انور مقصود کی ہے لہذا دھوکہ نہیں ہو گا اور لازمی جانا ہے۔
نیت اور لگن سچی ہو تو پیشہ قلم گردی جس کو عام زبان میں میڈیا انڈسٹری بھی کہا جاتا ہے ’سے تعلق رکھنے والوں کو ایسے اور دوسرے کئی پروگرام کے ٹکٹ مفت مل ہی جاتے ہیں۔ سو ایک جانب سے پیشکش موصول ہوئی کہ ایک کمپنی پورا شو سپانسر کر کے ڈرامہ دکھا رہی ہے اور یقین دہانی بھی کرائی گئی کہ انور مقصود خود بھی اس شو میں شرکت فرمائیں گے۔ سو ہم نے آمادگی ظاہر کی اور وقت سے پہلے مقررہ مقام پر پہنچ گئے۔
پروگرام شروع ہوا تو ایک وڈیو بیان چلایا گیا جس میں انور مقصود نے شرکت نہ کرنے کی معذرت کی۔ دل فسردہ تو ہوا مگر اس بار یقین پختہ ہو گیا کہ عرصہ بعد صحیح وقت اور درست مقام پر ہوں۔
حسب آرزو، حسب توقع و امید یہ ڈرامہ خالصتاً انور مقصود کی تحریر لگا۔ تاریخ کو حال میں لا کر کرداروں کو پرانے مگر ڈرامہ پلاٹ کو رنگین و سٹائلش پیرہن پہنا کر جس طرح سے ماضی کے سیاسی کرداروں کو اس دور میں پیش کیا گیا اور اس دور سیاست سے ان کا آمنا سامنا کروایا گیا وہ بے مثال ہے۔ یہی خاصہ بھی ہے اور خلاصہ بھی انور مقصود کے الفاظ اور تحریر کا۔ ڈرامہ تحریر اور اداکاری دونوں زاویوں سے وقت کی قیمت ادا کرتا ہے۔ بالخصوص گاندھی کا کردار ادا کرنے والا اداکار پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا حامل بہترین اداکار لگا۔
ڈرامہ دیکھ کر انور مقصود کا ایک پرانا جملہ یاد آ گیا جس میں انہوں نے کہا تھا ”یہ عجیب قوم ہے مذاق کرو تو قیامت سر پہ اٹھا لیتی ہے اور قیامت آئے تو اسے مذاق بنا لیتی ہے“۔
کیونکہ یہ ادھورا مکالمہ ہے کہ صرف میں مخاطب ہوں سو اس کو یہیں ختم کرتے ہیں کہ ہم سب ادھورے انسان ہیں۔


