مودی کنیت والوں کو ’چور‘ کہنے کے الزام میں راہل گاندھی کو دو سال کی سزا


راہل گاندھی
کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو سورت کی ایک عدالت نے چار سال پرانے ہتک عزت کے مقدمے میں دو سال قید کی سزا سنائی ہے۔ تاہم انھیں فوری طور پر ضمانت بھی مل گئی ہے۔

عدالت نے راہل گاندھی کو سزا کے خلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل کرنے کے لیے 30 دن کا وقت دیا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں راہل گاندھی کو زیادہ سے زیادہ سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

سال 2019 کا یہ معاملہ ’کنیت مودی‘ کے حوالے سے ان کے ایک تبصرے سے جڑا ہوا ہے۔ راہل گاندھی نے یہ بیان دیا تھا کہ ’تمام چوروں کی کنیت مودی کیسے ہے؟ نیروو مودی، للت مودی، نریندر مودی‘۔

نیروو مودی ہیرے کے تاجر ہیں اور ملک سے فرار ہیں، للت مودی انڈین پریمیئر لیگ کے سابق چیف ہیں جن پر ملک کے کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاحیات پابندی لگائی گئی تھی۔ راہل گاندھی کا موقف ہے کہ ان کا یہ بیان کرپشن کو اجاگر کرنا تھا نہ کہ کسی برادری کے خلاف۔

ان کے خلاف یہ کیس بی جے پی میں ہی شامل وکیل پرنیش مودی نے درج کرایا تھا جن کا یہ کہنا ہے کہ انھوں نے پوری مودی برادری کو اپنے بیان سے تکلیف پہنچائی ہے۔

معاملے کی سماعت کے دوران راہل گاندھی جمعرات کو سورت کی عدالت میں موجود تھے۔

راہل گاندھی کے وکلا کی ٹیم نے میڈیا کو بتایا کہ سماعت کے دوران راہل گاندھی نے کہا کہ وہ اپنے بیان سے کسی برادری کو تکلیف نہیں پہنچانا چاہتے تھے۔

راہل گاندھی نے 2019 میں کیا اور کیوں کہا تھا؟

2019 میں لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران، راہل گاندھی نے کرناٹک کے کولار میں ایک انتخابی ریلی میں کنیت مودی والے لوگوں کے حوالے سے یہ بیان دیا تھا۔

اس وقت کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے پی ایم مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ’چوکیدار سو فیصد چور ہے۔‘

گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں نریندر مودی نے خود کو ملک اور عوام کا ’چوکیدار‘ بتا کر مہم چلائی تھی۔

یہ رافیل طیاروں سے متعلق سودے کے بارے میں تھا۔ راہل نے ریلی میں کہا ’آپ نے 30 ہزار کروڑ روپے چرائے اور اپنے دوست انل امبانی کو دے دیے۔ آپ نے 100 فیصد رقم چرائی۔ چوکیدار چور ہے، نیرو مودی، میہول چوکسی، للت مودی، مالیا، انیل امبانی اور نریندر مودی۔ چوروں کا ٹولہ۔‘

اس کے بعد راہل نے طنزیہ انداز میں کہا ’میرا ایک سوال ہے، ان سب چوروں کے ناموں میں مودی، نیرو مودی، للت مودی اور نریندر مودی کیوں ہیں؟ ہمیں نہیں معلوم کہ ایسے اور کتنے مودی آئیں گے؟‘

راہل گاندھی نے عدالت میں کیا کہا؟

درخواست گزار کے وکیل نے سماعت کے بعد میڈیا کو بتایا کہ راہل گاندھی نے عدالت میں کیا دلائل دیے۔

جج نے راہل گاندھی سے پوچھا کہ کیا انھوں نے اپنی غلطی قبول کی؟ تاہم اس پر راہل نے کہا کہ انھوں نے جان بوجھ کر کچھ نہیں کہا اور ان کے بیان سے درخواست گزار کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

اس پر درخواست گزار کے وکیل نے دلیل دی کہ راہل گاندھی پارلیمنٹ کے رکن ہیں، جہاں پورے ملک کے لیے قانون بنتے ہیں۔ ایسے میں اگر راہل گاندھی کو کم سزا سنائی جاتی ہے تو سماج میں ایک غلط پیغام جائے گا کہ جو لوگ قانون بنا رہے ہیں انھیں کم سزا دی جاتی ہے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے راہل گاندھی کے وکیل کرت پان والا کے حوالے سے کہا کہ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (سی جے ایم) ایچ ایچ ورما کی عدالت نے گزشتہ ہفتے اس معاملے میں دونوں فریقوں کے دلائل سنے تھے اور 23 مارچ کو فیصلہ سنانے کی تاریخ دی تھی۔

راہل گاندھی اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے اکتوبر 2021 میں سورت کی عدالت میں حاضر ہوئے تھے۔

سزا کے اعلان کے بعد راہل نے کیا کہا؟

سزا کے اعلان کے بعد راہل گاندھی نے مہاتما گاندھی کا ایک قول ٹویٹ کیا ’میرا مذہب سچائی اور عدم تشدد پر مبنی ہے۔ سچائی میرا خدا ہے، عدم تشدد اس کے حصول کا ذریعہ ہے۔‘

دوسری جانب کانگریس نے کہا کہ راہل گاندھی ڈکٹیٹر کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں اور انھیں پولیس، کیس اور سزا سے ڈرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

راہل گاندھی کے وکلاء کی ٹیم نے میڈیا کو بتایا کہ سماعت کے دوران راہل گاندھی نے کہا کہ وہ اپنے بیان سے کسی کمیونٹی کو تکلیف نہیں پہنچانا چاہتے تھے۔

راہل گاندھی کی لوک سبھا رکنیت کا کیا ہوگا؟

اب راہل گاندھی اس معاملے میں مزید اپیل کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق راہل گاندھی کو 10 ہزار روپے کے مچلکے پر ضمانت ملی ہے۔

موجودہ رکن پارلیمنٹ ہونے کے ناطے راہل گاندھی کی رکنیت اس وقت خطرے میں نہیں ہے۔ فیصلے کو چیلنج کرنے کے لیے ان کے پاس 30 دن ہیں۔

قانون کے ماہر سدھارتھ لوتھرا نے بی بی سی کی سچترا موہنتی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کا رکن صرف جرم ثابت ہونے سے نااہل نہیں ہوتا۔

راہل کو فوری طور پر ہائی کورٹ یعنی گجرات ہائی کورٹ میں اپیل کرنی ہوگی اور سزا کے فیصلے پر عمل درآمد کو رکوانا ہوگا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32558 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments