آئین کے ساتھ کون کھڑا ہے؟


جس ملک کے سرکاری افسران ہاورڈ، سٹینفورڈ، وارٹن، آکسفورڈ اور کیمبرج سے فارغ التحصیل ہوں اور قابلیت میں ان کا کوئی ثانی نہ ہو، جس ملک کے سیاستدانوں میں ایثار کا جذبہ ایسا ہو کہ بطور رکن اسمبلی اپنی جائز تنخواہ بھی وصول نہ کرتے ہوں، جس ملک میں فوج سرحدوں کی حفاظت کے لیے جان کی بازی لگا دیتی ہو، حزب اختلاف آئین کی بالادستی کی جنگ لڑ رہی ہو، وکلا قانون کا علم تھامے کھڑے ہوں، مدرسوں سے ہر ماہ صالح نوجوانوں کی ایک کھیپ تیار ہو کر نکلتی ہو، لکھاری اپنے خدا کو حاضر ناظر جان کر صرف سچ لکھتے ہوں، ارب پتی تاجر اپنی آمدن کا نصف حصہ غریبوں میں بانٹ دیتے ہوں، ہر سال تین چار لاکھ لوگ حج اور عمرہ کرنے کے بعد پوتر ہو کر واپس آتے ہوں اور ملک کا عام شہری اٹھتے بیٹھتے اس ملک سے محبت کا دم بھرتا ہو، پھر اس ملک کی یہ حالت کیسے ہو سکتی ہے جو اس وقت ہماری ہے؟

میں کئی برس سے اس سوال کے جواب کی تلاش میں ہوں، ویسے یہ کوئی ایسا مشکل سوال بھی نہیں کہ جس کا جواب ڈھونڈنے میں برسوں لگ جائیں، سامنے کی بات ہے کہ اس سوال میں ادھورا سچ بیان کیا گیا ہے، اگر ہم پورے سچ کی کھوج لگائیں گے تو جواب آسانی سے مل جائے گا، مصیبت مگر یہ ہے کہ پورا سچ کون لکھے! سچ کی کھوج لگانے کے لیے بات کی گہرائی میں جانا پڑتا ہے، بات کی گہرائی میں جانے کے لیے دماغ کھپانا پڑتا ہے اور دماغ کھپانے کے لیے دماغ خرچ کرنا پڑتا ہے۔

جس طرح بعض لوگ روپے پیسے کے معاملے میں کنجوس ہوتے ہیں اور اپنی ذات پر دھیلا خرچ کرنے سے پہلے بھی ہزار مرتبہ سوچتے ہیں، اسی طرح کچھ لوگ ذہنی طور پر کنجوس ہوتے ہیں اور ذہن کو استعمال نہیں کرتے، اس قسم کے ذہنی کنجوس لوگوں کو cognitive miser کہا جاتا ہے۔ امریکی انجمن برائے نفسیات کے مطابق ذہنی بخیل وہ شخص ہوتا ہے جو پیچیدہ مسائل پر فکر و تدبر سے کام لینے کی بجائے فوری اور آسان حل کو ترجیح دے، اس منفی تعبیر کے باوجود، یہ اصطلاح لوگوں میں ایک عمومی رجحان کی نشاندہی کرتی ہے، یعنی، روز مرہ زندگی میں لوگ فیصلے کرنے اور کسی بات کے درست یا غلط ہونے کے بارے میں ذہنی شارٹ کٹ کا استعمال کرتے ہیں۔

سوال پر واپس آتے ہیں۔ اگر ہم تحقیق کریں تو پتا چلے گا کہ اس وقت ملک کے اعلیٰ عہدوں پر کوئی ایک بھی افسر ایسا نہیں جس نے غیر ملکی یونیورسٹی سے فینسی قسم کی سند حاصل نہ کی ہو، آج کل سوشل میڈیا کا زمانہ ہے، افسران نے اپنے ٹویٹر اور فیس بک اکاؤنٹ بنا رکھے ہیں، وہاں جا کر ان کا تعارف پڑھ لیں، ایسے لگے گا جیسے انہوں نے نوکری کم کی ہے اور ڈگریاں زیادہ اکٹھی کی ہیں، کسی نے اقوام متحدہ میں کام کیا ہے تو کوئی ورلڈ بنک میں جھنڈے گاڑ کر آیا ہے، چلیے اچھی بات ہے، مگر کیا ان ڈگریوں کی مدد سے سرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر ہوئی؟

یہ جاننے کے لیے سرکاری افسران کی سندیں دیکھنے کی ضرورت نہیں، فقط ان کے دفتر کا چکر لگانے سے ہی اندازہ ہو جائے گا کہ وارٹن سکول سے ایم بی اے کرنے والے کی منیجمنٹ کیسی ہے! سیاستدان چونکہ آسان ہدف ہیں سو ان کی بات بھی کر لیتے ہیں۔ یہ درست ہے کہ بعض ارکان اسمبلی اپنی تنخواہیں وصول نہیں کرتے، یہ بھی درست ہے کہ ان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، اس بات میں بھی وزن ہے کہ سیاستدانوں کی اکثریت اس وقت مڈل کلاس گھرانوں سے تعلق رکھتی ہے، کچھ ارکان کے پاس ذاتی گھر اور گاڑی تک نہیں۔

ان تمام باتوں میں دم ہے مگر یہ بات اپنی جگہ ایک حقیقت ہے کہ سیاستدان اس ملک کو ایسا نظام دینے میں ناکام رہے ہیں جس میں عوام کو بنیادی انسانی حقوق اور سہولتیں میسر ہوں۔ اسی طرح اگر کوئی تجزیہ نگار آپ کو ٹی وی پر چنگھاڑتا ہوا نظر آتا ہے تو اس کی اداکاری سے متاثر ہونے کی ضرورت نہیں، فقط یہ دیکھیں کہ وہ کیا کہہ رہا ہے، اس کی باتوں کی پڑتال کریں، اس کے گزشتہ ٹی وی پروگرام تلاش کر کے دیکھیں اور تحریریں نکال کر پڑھ لیں، اس کے تضادات از خود سامنے آ جائیں گے۔

لیکن یہ سب کچھ بخیل ذہن کے ساتھ کرنا ممکن نہیں، اس کام کے لیے دماغ کو خرچ کرنا پڑے گا۔ اسی طرح اگر کوئی ارب پتی تاجر کہتا ہے کہ وہ اپنی دولت کا بڑا حصہ غریبوں کو مفت روٹی کھلانے میں صرف کرتا ہے تو اس سے متاثر ہونے کی بجائے یہ پتا چلانے کی کوشش کریں کہ اس نے اپنی آمدن پر کتنا ٹیکس دیا ہے، پھر آپ کو اندازہ ہو گا کہ دس ارب روپے ٹیکس کی مد میں دینے کی بجائے ایک کروڑ روپے کی روٹیاں کھلانا زیادہ ’افضل‘ ہے۔ عین ممکن ہے کہ اس بات کا فتویٰ اس نے کسی مدرسے کو چندہ دے کر حاصل کیا ہو!

آئین کی پاسداری کا دعویٰ کرنے والوں کا ذکر بھی ہو جائے۔ آج کل ہر شخص یہ دعویٰ کر رہا ہے کہ وہ اس ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کی جنگ لڑ رہا ہے، یہ بہت دلچسپ بات ہے، کیونکہ یہ دعویٰ کرنے والے ہر طبقے میں موجود ہیں، میڈیا، سیاستدان، وکلا، فوج، حکومت، ہر کسی کا یہ کہنا ہے کہ وہ قانون کے ساتھ کھڑا ہے، آئین کا پرچم اس کے ہاتھ میں ہے اور وہ فسطائی قوتوں سے برسرپیکار ہے۔ سچ کیا ہے؟ سچ یہ ہے کہ ہر شخص، ہر طبقہ، ہر گروہ اور ہر جماعت اپنی سہولت اور مفاد کے مطابق آئین اور قانون کے ساتھ کھڑی ہے۔

مثلا اًیک شخص کو پولیس گھر سے اٹھا کر لے جاتی ہے، اس پر جھوٹا سچا مقدمہ بنایا جاتا ہے، دو دن تھانے میں رکھنے کے بعد عدالت میں پیش کیا جاتا ہے، وہاں اس کی ضمانت ہوجاتی ہے، رہا ہونے کے بعد وہ شخص کہتا ہے کہ ملک میں فسطائیت ہے اور وہ اس فسطائی نظام کے خلاف لڑے گا۔ بظاہر یہ قابل ستائیش عمل ہے جس کی ہر ذی شعور اور جمہوریت پسند شہری کو حمایت کرنی چاہیے مگر یہ مکمل سچ نہیں، یہ کچا سچ ہے جسے کچھ لوگ ذہنی شارٹ کٹ کی وجہ سے قبول کر لیں گے۔

اگر ہم معاملے کی گہرائی میں جائیں گے تو معلوم ہو گا کہ جس شخص کو گرفتار کیا گیا ہے وہ ایک سال پہلے تک مخالفین پر جھوٹے الزامات لگاتا تھا، انہیں کافر اور غدار کہہ کر ان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلاتا تھا، خواتین صحافیوں کو غلیظ گالیاں دیتا تھا اور ان تمام اقدامات اور قوانین کی حمایت کرتا تھا جن کے تحت آج کی تاریخ میں اس پر مقدمہ ہوا اور وہ آج بھی اپنے کیے کو غلط نہیں سمجھتا، آئندہ موقع ملے گا تو یہی کچھ کرے گا۔ اب کس سچ کی حمایت کی جائے؟

اس سوال کا جواب جاننے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ دیکھا جائے کہ ماضی میں غیر آئینی قوتوں کے آلہ کار آج کہاں کھڑے ہیں؟ اس بات کا کھوج لگانے کے لیے بھی ذہنی مشقت درکار ہے، آپ کو نہ صرف تاریخ کھنگالنی ہوگی بلکہ اپنے ذہن سے تعصبات کو صاف کر کے دیکھنا ہو گا کہ وہ تمام گروہ اور کردار جو ماضی میں غیر جمہوری اور غیر آئینی کاموں کا نہایت اطمینان کے ساتھ دفاع کرتے رہے اور ان کے ضمیر نے انہیں ذرا برابر بھی ملامت نہیں کی، آج وہ کیا کہہ رہے ہیں۔

اگر آج وہ لوگوں کو آئین اور قانون کا سبق پڑھا رہے ہیں تو کیا یہ سبق انہوں نے ماضی سے سیکھا ہے، اگر ایسا ہے تو پھر ضروری ہے کہ ماضی میں انہوں نے جن غیر آئینی کاموں کا دفاع کیا تھا، ان سے مستقبل میں مکمل اجتناب کرنے کا عہد کریں۔ اگر کوئی شخص ایسا نہیں کرتا تو پھر اس کی آئین اور قانون کی دہائی فریب نظر کے سوا کچھ نہیں!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

یاسر پیرزادہ

Yasir Pirzada's columns are published at Daily Jang and HumSub Twitter: @YasirPirzada

yasir-pirzada has 495 posts and counting.See all posts by yasir-pirzada

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments