صدارتی اعزازات کی تقسیم پر جلنے، کڑھنے والے لوگ


ہر برس 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے چنیدہ افراد کو حکومت پاکستان کی جانب سے صدارتی تمغے اور اعزازات سے نوازا جاتا ہے ۔ ان اعزازات کے لیے خوش نصیب قابل افراد کا انتخاب کس قاعدہ، قانون یا فارمولے کے تحت کیا جاتا ہے، یہ ایک ایسا سربستہ راز ہے، جس تک کسی ہما شما کی رسائی نہیں ہے۔ مگر ایک بات جو ساری پاکستانی قوم پر بہت اچھی طرح سے عیاں ہے، وہ یہ ہے کہ صدارتی تمغے اور اعزازات دینے کا حتمی فیصلہ بہرحال ہوتا حکومتی ایوانوں میں ہی ہے۔ لہٰذا، حاکم وقت اور اس کے رفقا کی باریک بیں نگاہوں کو جس شخص کی بھی پیشہ ورانہ کارکردگی اور سماجی خدمات زیادہ متاثرکن اور نمایاں محسوس ہوتی ہے، اسے صدارتی تمغہ و اعزاز کا مستحق قرار دے دیا جاتا ہے ۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جس طرح یوم پاکستان پر صدارتی تمغوں اور اعزازات کی تقسیم ایک معمول کی سالانہ کارروائی سمجھی جاتی ہے، بالکل ویسے ہی جن معزز شخصیات کو بھی صدر پاکستان کی جانب سے سول اعزازات سے نوازا جاتا ہے ، ان کے انتخاب پر مختلف حلقوں کی جانب سے کڑی تنقید کا ہونا بھی ایک معمول کا واقعہ خیال کیا جاتا ہے۔ یعنی جہاں ایوان صدر میں منعقد تقریب کے اختتام پر ایک طرف صدارتی اعزازات وصول کرنے والی معزز شخصیات، لوگوں سے مبارک باد اور تہنیتی پیغامات وصول کر رہی ہوتی ہیں تو وہیں دوسری جانب بعض حلقوں میں یہ بحث و مباحثہ بھی پورے زور و شور کے ساتھ جاری ہوتا ہے کہ فلاں کو صدارتی تمغہ کیوں مل گیا؟ اور فلاں کو اس اعزاز کے قابل کیوں نہ سمجھا گیا؟

واضح رہے کہ ماضی میں سول اعزازات کی تقریب پر ہونے والی تمام تر تنقید کا مرکز و محور شخصیات کا انتخاب ہوتا تھا۔ لیکن رواں ہفتہ ایوان صدر میں منعقدہ تقریب پر تنقید اعزاز ات کے لیے منتخب ہونے والی شخصیات کے بجائے ترجیحات کے تعین کے اردگرد گھوم رہی ہے اور سوشل میڈیا پر بعض صارفین کی طرف سے صدارتی اعزاز حاصل کرنے والی ہر منتخب شخصیت کو بیک جنبش قلم مسترد کرتے ہوئے تھوک کے حساب سے اعتراض نما پوسٹیں لگا کر لائک، ری ٹویٹ اور ٹیگ کی جا رہی ہیں۔

جن میں کچھ اس قسم کے جملوں کی سوالیہ تکرار ہے کہ ”صدارتی تمغوں اور اعزازات یافتگان میں کوئی ایک بھی ایسا سائنس دان شامل ہے، جس نے ملکی زرعی اجناس یا سبزیوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کا طریقہ دریافت کیا ہو؟ ایک بھی آبی ماہر ہے جس نے بارش اور سیلاب کے پانی کے استعمال کا کوئی نیا طریقہ بتایا ہو؟ کوئی ایک بھی سائنس دان ہے جس نے کسی زرعی یا انسانی و حیوانی بیماری کے علاج کی دوا ایجاد کی ہو؟ کوئی ایک بھی انجینئر ہے جس نے تعمیراتی یا کیمیائی شعبے میں کوئی نئی تحقیق کی ہو؟

یا کوئی ایک بھی معاشی ماہر ہے جس نے قرضوں کی معیشت کی دلدل سے نکلنے کا طریقہ پیش کیا ہو؟“ ۔ مذکورہ پوسٹ کے اختتام پر جلی حروف میں جملہ لکھا ہوتا ہے کہ ”اگر عمران خان کی حکومت ہوتی ہے تو صدارتی تمغے و اعزازات کی تقسیم میں بندر بانٹ کے بجائے میرٹ کا خیال بہرصورت رکھا جانا تھا“ ۔ یہ پوسٹ پڑھ کر اچھے بھلے بندے کا مسکرانے کا کم اور قہقہہ لگانے کا زیادہ دل کرتا ہے۔ کیونکہ اگر پوسٹ کرنے والے صاحبان کاپی پیسٹ، ایک بار عمران خان کے ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں صدارتی تمغوں اور اعزازات سے نوازے جانے والی معزز شخصیات کی فہرست پر طائرانہ نگاہ ڈال لیتے تو شاید انہیں یہ مزاحیہ پوسٹ کرنے کی سرے سے ہمت یا جسارت ہی نہیں ہوتی۔

کیونکہ تحریک انصاف کے سابقہ نئے پاکستان میں بھی جن شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو صدارتی تمغہ و اعزاز کا حق دار قرار دیا گیا تھا، کم و بیش انہیں شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والی شخصیات کو موجودہ حکومت نے بھی لائق اعزاز گردانا ہے۔ بلکہ یہ کہنا عین قرین قیاس ہو گا کہ ہماری 75 سالہ تقسیم اعزازات کی تاریخ میں ایک جیسے لگے بندھے ضابطہ اور اصول کے تحت ہی بعض شخصیات کو سول اعزازات کے لیے منتخب کیا جاتا رہا ہے۔

جن معزز شخصیات کو بھی رواں یوم پاکستان پر صدارتی تمغوں و اعزازات سے نواز گیا ہے۔ ان میں سے کچھ شخصیات کے بارے میں آپ یہ تو ضرور کہہ سکتے ہیں کہ متعلقہ شعبہ میں ان سے بھی زیادہ نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد بھی معاشرے میں پائے جاتے ہیں۔ جن کا اگر انتخاب کر لیا جاتا تو شاید زیادہ مستحسن ہوتا۔ مگر آپ یہ کسی صورت بھی نہیں کہہ سکتے کہ جن معزز شخصیات کو بھی حکومت نے سول اعزازات سے نواز ہے۔ انہوں نے اپنے شعبہ میں سرے سے کوئی نمایاں کام ہی نہیں انجام دیا ہے یا ان کا شعبہ اس قابل ہی نہیں ہے کہ اس سے متعلق کسی بھی شخصیت کو لائق اعزاز سمجھا جاتا۔

یاد رہے آرٹ، ادب، سائنس، طب، کھیل، سیاست، صحافت اور معیشت سمیت ہر وہ شعبہ جس کا سماج کی تعمیر و ترقی اور نشوونما میں ذرہ برابر بھی کوئی کردار ہوتا ہے۔ اس قابل ہے کہ ان سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کی ریاست کی طرف سے بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے۔ تاکہ معاشرہ کا ہر فرد مذکورہ شعبوں کی جانب متوجہ ہو۔

جہاں تک اس نقطہ اعتراض کا سوال ہے کہ ملک میں ایجادات اور دریافت کرنے والے سائنسی ماہرین کو صدارتی تمغوں اور اعزازات سے کیوں نہیں نوازا جاتا؟ تو اس کا سادہ سا جواب یہ ہے کہ ہمارے ملک میں سائنسی میدان میں قابل ذکر ایجادات، تحقیق اور دریافتیں کرنے والے پیدا ہی کب ہو رہے ہیں؟ جو انہیں تلاش کر کے صدارتی تمغوں اور اعزازات سے سرفراز کیا جا سکے۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں یا تو مقبولیت کے منہ زور گھوڑے پر سوار نام نہاد سیاسی رہنما پیدا ہو رہے ہیں یا پھر روبوٹ کی مانند اپنے سیاسی رہنماؤں کی ہر جھوٹی سچی بات، بیان یا یوٹرن پر آمنا و صدقنا کہنے والے سیاسی کارکنان کی افزائش ہو رہی ہے۔ یہاں سوال بنتا ہے کہ آخر سوشل میڈیا پر کوئی بھی صارف لائیو ویڈیو بنا کر کسی سے یہ سوال کبھی کیوں نہیں پوچھتا کہ آپ اپنے بیٹے بیٹی کو اسٹیفن ہاکنگ، ٹائن بی، سگمنڈ فرائڈ، مادام کیوری، ہیلن کیلر، ول ڈیو رانٹ، طالسطائی یا علامہ اقبال بنانا چاہو گے؟

لیکن آپ کو سوشل میڈیا پر ایسی لاتعداد ویڈیوز باآسانی ملاحظہ کے لیے دستیاب ہوجائیں گی۔ جن میں سستی شہرت کے متلاشی سیاست زدہ یوٹیوبرز ایک دوسرے سے پارکوں اور بازاروں میں یہ پوچھ رہے ہوتے ہیں کہ آپ اپنے بیٹے کو عمران خان بناؤ گے؟ نواز شریف بناؤ گے؟ یا اپنی بیٹی کے لیے مریم نواز بننے کی دعا کرو گے؟ اگر تو پاکستان کے تمام والدین نے تہیہ کر لیا ہے کہ انہوں نے اپنے بیٹوں کو فقط عمران خان اور بیٹیوں کو صرف مریم نواز ہی بنانا ہے تو پھر یاد رکھیئے گا کہ جس طرح آج ایوان صدر میں کوئی موجد یا مفکر صدارتی اعزاز وصول کرتا ہوا دکھائی نہیں دیا، آئندہ بھی کبھی دکھائی نہیں دے گا۔ کیونکہ سیاست کی چکی میں اپنی مرضی سے پسنے والی قوم لانگ مارچ، احتجاج، جلاؤ گھیراؤ اور سوشل میڈیا پر اپنے مخالفین کی عزت و ناموس کو تار تار تو کر سکتی ہے۔ لیکن ایجادات، دریافت، تحقیق اور علم کے میدان میں کوئی کارہائے نمایاں کبھی بھی انجام نہیں دے سکتی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments