کرناٹک میں بی جے پی کی شکست

آل انڈیا نیشنل کانگریس نے 224 ممبران پر مشتمل کرناٹک اسمبلی کی 136 نشستوں پر کامیابی کے جھنڈے گاڑھ کر حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جو محض 65 نشستیں جیت سکی ہے کو پچھاڑ کر رکھ دیا ہے جبکہ جنتا دل سیکولر (جے ڈی ایس) کے حصے میں صرف 19 نشستیں آئی ہیں۔ بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹک کی 224 نشستوں کی ریاستی اسمبلی کے لئے انتخابات 9 مئی کو منعقد ہوئے جب کہ نتائج کا اعلان گزشتہ روز کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ریاست میں کل ووٹر 52,173,579 تھے جن میں 2 کروڑ 62 لاکھ مرد، 2 کروڑ 59 لاکھ خواتین اور 4,699 ٹرانس جینڈر ووٹر تھے۔
الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لیے 58,282 پولنگ اسٹیشن قائم کیے تھے جن میں سے 24,063 شہری علاقوں اور 34,219 دیہی علاقوں میں تھے۔ الیکشن کمیشن نے ووٹروں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کے لیے 1,320 پولنگ اسٹیشنوں کا مکمل انتظام خواتین کے حوالے کیا تھا۔ واضح رہے کہ کرناٹک میں کامیابی کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں زبردست مہم چلائی گئی لیکن بی جے پی یہاں مسلسل دوسری مرتبہ اقتدار حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے جسے بی جے پی اور نریندر مودی کے زوال کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔
نریندر مودی نے اپنے امیدواران کی انتخابی مہم کو کمک پہنچانے کے لیے کرناٹک کا 24 مرتبہ دورہ کیا جب کہ بی جے پی نے حسب روایت یہاں بھی ہندو انتہا پسندی کا کارڈ کھیلنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا حتیٰ کہ پوری انتخابی مہم کے دوران مسلمانوں کے ساتھ ساتھ جنگ آزادی کے ہیرو ٹیپو سلطان شہید کو بھی نہیں بخشا گیا بلکہ اس ضمن میں بی جے پی نے ایک ایسا من گھڑت بیانیہ بھی گڑھنے سے دریغ نہیں کیا جس میں ٹیپو سلطان کو بطور ولن پیش کرنے کے علاوہ ان کی شہادت کا محرک انگریزوں کی بجائے دو انتہا پسند ہندو بھائیوں کو قرار دیا جاتا رہا۔
یہاں یہ بات بھی قابل توجہ ہے کہ 2018 ء میں کرناٹک اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 104، کانگریس نے 80 اور جنتا دل ایس نے 37 نشستیں حاصل کی تھیں۔ یہاں شروع میں تو کانگریس اور جنتا دل مشترکہ طور پر حکومت بنانے میں کامیاب ہو گئی تھیں لیکن بعد ازاں بی جے پی اس اتحاد میں دراڑ پیدا کر کے خود برسراقتدار آ گئی تھی اور یہاں ابھی تک اس کی حکومت تھی اسی لیے اس کی حالیہ شکست کو ایک بڑے اپ سیٹ سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔
بھارت میں اگلے سال عام انتخابات کے تناظر میں کرناٹک کے حالیہ نتائج بی جے پی کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دیے جا رہے ہیں۔ یہ بات دلچسپی کی حامل ہے کہ حالیہ انتخابات میں ووٹوں کی مجموعی شرح 73.19 فیصد رہی ہے جسے کرناٹک میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ میں اب تک کی سب سے زیادہ شرح بتایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب کرناٹک کے انتخابی نتائج کے بعد راجستھان اور چھتیس گڑھ کے متوقع انتخابات میں بھی کانگریس کی کامیابی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ جب کہ کرناٹک کی شاندار فتح کے بعد بی جے پی کے بعد کانگریس ملک کی دوسری بڑی پارٹی کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے جو گزشتہ سال کے شروع تک صرف دو ریاستوں راجستھان اور چھتیس گڑھ میں برسراقتدار ہونے کے ناتے عام آدمی پارٹی کے ہم پلہ تھی کیونکہ وہ بھی ان دنوں دو ریاستوں دہلی اور پنجاب میں برسراقتدار ہے لیکن گزشتہ سال ہمہ چل پردیش کی جیت اور اب کرناٹک کی فتح کے بعد کانگریس کو کافی عرصے بعد ملک کی چار ریاستوں میں کامیابی نصیب ہوئی ہے جسے مستقبل کے عام انتخابات کے تناظر میں ایک بڑی تبدیلی سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔ بھارتی مبصرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر کانگریس بی جے پی کے مقابلے میں اپوزیشن کا ایک موثر الائنس بنانے میں کامیاب ہو گئی تو کوئی وجہ نہیں ہے کہ وہ اگلے عام انتخابات میں بی جے پی کو ٹف ٹائم نہ دے سکے۔ اس سلسلے میں ان جماعتوں کا حوالہ بھی دیا جا رہا ہے جو مختلف ریاستوں میں برسراقتدار ہیں۔
اس ضمن میں یہ بتانا خالی از دلچسپی نہیں ہو گا کہ بی جے پی اس وقت ملک کی تیس میں سے دس ریاستوں میں برسراقتدار ہے جب کہ اس کے مقابلے میں کانگریس کی چار اور عام آدمی پارٹی کی دو ریاستوں میں حکومت کے علاوہ بھارت کی چودہ ریاستیں ایسی ہیں جن میں مختلف علاقائی اور بعض دوسری جماعتیں برسراقتدار ہیں لہٰذا اگر کانگریس ان میں سے اکثر جماعتوں کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے تو وہ بی جے پی کے مقابلے میں ایک زیادہ بڑا اور وسیع انتخابی اتحاد بنانے کی پوزیشن میں آ سکتی ہے۔
کانگریس کے ممکنہ وسیع البنیاد اپوزیشن اتحاد میں دیگر علاقائی پارٹیوں کے علاوہ مہاراشٹر میں برسراقتدار شیو سینا جیسی ہندو انتہا پسند جماعت کے راہنما سنجے راوت کو بھی گزشتہ دنوں یہ ماننا پڑا ہے کہ کانگریس کے بغیر مستقبل میں کسی بڑے اپوزیشن اتحاد کا وجود میں آنا اور اس کی کامیابی کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے حالانکہ شیو سینا کو اس کے کٹر اور سخت گیر ہندو انتہا پسندانہ نظریات کی وجہ سے بی جے پی کی ہمنوا اور ہم خیال سمجھا جاتا ہے لیکن اب جب اس کی جانب سے بھی کانگریس کی قیادت میں کسی ممکنہ اتحاد کی خواہش کا اظہار کیا جا رہا ہے تو اس سے یہ نتیجہ اخذ کرنا مشکل نہیں ہو گا کہ اگر کانگریس آئندہ قومی انتخابات کے لیے اپنے پتے صحیح طور پر کھیلنے کی کوشش کرے تو وہ نہ صرف بی جے پی کو ناکوں چنے چبا سکتی ہے بلکہ پچھلی ایک دہائی سے کھوئی اپنی سیاسی ساکھ کو بھی ایک بار پھر بحال کر سکتی ہے۔ #

