شاہ کی لاڈلی چینی لوک داستان


مترجم : خلیل الرحمان
کتاب : Favorite Tales From Around The World

پرانے وقتوں کی بات ہے کہ ایک انتہائی حسین و جمیل خاتون می زوشا، شاہ وئی کی بہت لاڈلی تھی۔ وئی کے قانون کے مطابق جو بھی بادشاہ کی بگھی میں بغیر اجازت بیٹھنے کی جسارت کرتا تو اس کا پاؤں کاٹ دیا جاتا۔ ایک بار می زوشا کی ماں کی طبیعت اچانک سے بہت خراب ہو گئی اور آدھی رات کے وقت ایک ہرکارہ دوڑتے ہوئے اس کی طرف یہ خبر لے کر آیا۔ اس نے فوراً شاہی بگھی نکالی اور محل سے چلی گئی، جب بادشاہ کو اس کی خبر ملی تو اس نے می زوشا کی اپنے والدین کے ساتھ شدید محبت کی بہت تعریف کی، کہ اس نے اپنی ماں کی خاطر اپنے پاؤں کے کٹ جانے کی بھی پروا نہ کی۔

دوسری بار جب وہ شاہ وئی کے ساتھ اس کے پھلوں کے باغ میں اٹکھیلیاں کرتی جا رہی تھی تو اس نے ایک درخت سے آڑو توڑ لیا جو اس قدر شیریں تھا کہ سارا پھل خود کھانے کی بجائے اس نے آدھا شاہ کو پیش کر دیا۔ شاہ نے کہا کہ یہ مجھ سے کس قدر شدید محبت کرتی ہے کہ اس نے مجھے بھی اس شیریں ذائقے سے لطف اندوز ہونے کے لیے اپنے ساتھ شریک کر لیا۔

لیکن جب می زوشا کا حسن ڈھلنے لگا تو شاہ کے لاڈ بھی دھیمے پڑنے لگے۔ اور پھر جب ایک بار اس سے شاہ کی شان میں کوئی گستاخی سرزد ہوئی تو وہ طیش میں آ کر شاہی جاہ و جلال کے ساتھ بولا، ”کیا وہ ایک بار میری بگھی بلا اجازت لے کر نہیں چلی گئی تھی؟ اور پھر دوسری بار اس نے اپنے چکھے ہوئے جھوٹے آڑو کو مجھے کھلانے کی گستاخی نہیں کی تھی؟“

Facebook Comments HS

One thought on “شاہ کی لاڈلی چینی لوک داستان

  • 27/05/2023 at 10:35 شام
    Permalink

    خوب سر! آپ بہت کمال ہیں ۔۔۔

Comments are closed.