جھوک سرکار



جھوک سرکار اے آر وائی سے حال ہی میں نشر ہونے والا منفرد ڈرامہ ہے۔ جس کی ابتدائی چند اقساط نے ہی خاصی مقبولیت حاصل کر لی ہے۔ یاد رہے ڈرامے کے مصنف ہاشم ندیم اس سے پہلے بھی کئی شاہکار ڈرامے تخلیق کر چکے ہیں۔ جن میں خدا اور محبت، رقص بسمل، پری زاد، وصال اور عشق زہے نصیب شامل ہیں۔ ان کا ہر کردار انفرادی نوعیت کا حامل ہے۔

پاکستانی ڈرامہ لمبے عرصے سے یکسانیت کا شکار ہے۔ وہی ساس بہو کے جھگڑے، گھریلو سیاستیں، دھوکہ، فریب اور ازدواجی زندگی کے مسائل اور طلاقیں۔ ایسے میں ”جھوک سرکار“ اپنی کہانی کے اعتبار سے مختلف نظر آتا ہے۔ اس طرح کے ڈرامے پہلے پی ٹی وی کی پہچان ہوا کرتے تھے۔

اس ڈرامے میں سندھ میں موجود وڈیروں کے نظام اور بالخصوص کچے کے علاقے کو موضوع بنایا گیا جو اپنی لا قانونیت کی وجہ سے خاصا بدنام ہے۔ اس ڈرامے کے چند مرکزی کرداروں میں پہلا کردار ظالم وڈیرے پیرل کا ہے۔ جس کی دو بیویاں اور ایک بیٹا ( میرل) ہے لیکن اس کے باوجود وہ گاؤں کی عورتوں کو اپنی ملکیت ہی تصور کرتا ہے۔ اس کا بیٹا بھی اسی کے نقش قدم پر گامزن ہے اور منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہے۔ یہاں تک ان وڈیروں نے علاقے کے ایس ایچ او کو بھی اپنا زرخرید غلام بنایا ہوا ہے۔

ڈرامے میں ہیروئن کا کردار سسی ( حبہ بخاری) نے ادا کیا۔ جو اپنے ریٹائر اور معذور باپ اور ایک بھائی کے ساتھ چھوٹے سے گھر میں رہتی ہے۔ میرل ہیروئن کے بھائی کی معصومیت، کم عمری اور معاشی ضروریات کا فائدہ اٹھاتا ہے۔ اسے سنہرے مستقبل کے خواب دکھا کر منشیات فروشی کے دھندے میں استعمال کرنا شروع کر دیتا ہے۔

دوسری جانب ڈرامے کا ہیرو ارسلان ( فرحان سعید) مقابلے کا امتحان پاس کر کے اے ایس پی بن جاتا ہے اور ہیڈ کواٹر میں تعینات ہوجاتا ہے لیکن اداروں میں حکومتی اثر و رسوخ کی وجہ سے اس کی جگہ ہوم منسٹر کا بیٹا تعینات ہوجاتا ہے اور ارسلان کا تبادلہ جھوک سرکار کر دیا جاتا ہے۔

اے ایس پی ارسلان نے چارج لیتے ہی پہلے سپاہیوں کی اصلاح کی اور اب منشیات فروشوں کے خلاف ایکشن لے لیا ہے جس سے پورے علاقے میں ایک سنسنی پھیل گئی ہے۔ پہلے ہی چھاپے میں ہیروئن کا بھائی اے ایس پی کے ہاتھوں مارا جاتا ہے۔ اس وجہ سے وڈیرے سخت طیش میں آ جاتے ہیں اور ارسلان کے تبادلے کے لیے اعلی حکام سے بھی رابطے کرتے ہیں۔ لیکن یوں لگتا ہے کہ اے ایس پی بھی اپنے موقف اور مشن سے پیچھے ہٹنے والا نہیں ہے۔

وڈیروں اور قبائلی نظام پر بننے والے ڈرامے ہمارے یہاں ہمیشہ ذوق و شوق سے دیکھے جاتے ہیں۔ لوگ باقاعدہ ظالم کردار سے نفرت اور مظلوم سے ہمدردی اور محبت کے جذبات رکھتے ہیں۔ ڈرامہ ”جھوک سرکار“ بھی یقیناً دلچسپ انداز میں آگے بڑھے گا۔ کہانی کی سنسنی، کرداروں کا تصادم، حالات کی کشمکش، نظریات کا اختلاف اور اقتدار کی خاطر ہر حد پار کر جانے کا جنون یقیناً ناظرین کی توجہ کا مرکز بنے گی۔

Facebook Comments HS