میں محروم ہوں، میں بلوچستان ہوں


جی ہاں! میں بلوچستان ہوں۔ میں ایک پہاڑ ہوں اور ایک میدان ہوں۔ میرے ہاں قدرتی وسائل کی کمی نہیں اور یہاں کی آب و ہوا کچھ بری نہیں۔ آبادی بھی گنجان نہیں پر زمین میری چھوٹی نہیں۔ میں سمندر سے ملا ہوا اور میں زمین کا امیر ہوں۔ میرے ہاں جنگلات بہت، میں گیس کی پیداوار ہوں۔ میں تاریخ میں کچھ چھوٹا نہیں اور میں ترقی پسند سوچتا رہا۔ جی ہاں! میں قدرتی وسائل سے مالامال ہوں پر کچھ یتیم سا ہوں۔

تعلیم کی بات کریں تو مجھے ابجد کا پتہ نہیں، تعلیمی اداروں کی یہاں کمی بہت، اساتذہ تو یہاں سوختہ حال ہیں۔ تعلیم کا شوق رکھتا تو ہوں پر یہاں تعلیم ملتی کہاں۔ تعلیم تو ترقی پسند ہے پر میرے ہاں ترقی کی سوچ نہیں۔ لوگ چاند کو پہنچ جاتے ہیں پر مجھے چاند کا پتہ نہیں۔ دنیا انفراسٹرکچر کی ڈویلپمنٹ میں لگی رہی اور میں دیکھتا رہا۔ انفراسٹرکچر کی کمی کی وجہ سے میں اب کسی سے ملنے کی زحمت کرتا نہیں۔ دنیا والے معیشت کی ترقی کی بات کرتے ہیں پر میرے ہاں روٹی ملتی نہیں۔

لوگ سیاسی حکمرانی کی بات کرتے ہیں لیکن میرے ہاں غربت کی حکمرانی ہے۔ دنیا والے گنجان آبادی سے پریشان پر میرے ہاں آبادی کو غریبی لے ڈوبی۔ دنیا میں تعلیم نسواں کا چرچا لیکن میرے ہاں عورت کو، انسان سمجھتا نہیں۔ لوگ چائلڈ لیبر کو برا سمجھتے ہیں اور میرے ہاں چائلڈ روزی کمانے کا ذریعہ رہا۔ لوگ ڈیجیٹل تعلیم کی طرف جا رہے ہیں پر میں لفظ تعلیم پڑھنے کی اہلیت رکھتا نہیں۔ لوگ دوسروں کو ترقی کی جانب گامزن کرتے ہیں اور میرے ہاں ترقی کا پتہ نہیں۔

دنیا مریخ کی بات کرتی ہے لیکن مجھے زمین کا پتہ نہیں۔ لوگ ماحولیاتی تبدیلی سے پریشان پر میرے ہاں ماحولیاتی تبدیلی کہرام مچاتی رہی۔ لوگ سوشل میڈیا کی برائی کی بات کرتے ہیں اور مجھے سوشل میڈیا کا پتہ نہیں۔ لوگ Artificial Intelligence سے پریشان اور میں اپنے زندگی سے پریشان۔ لوگوں کو جنگ عظیم سوئم کا غم پر مجھے دو وقت کی روٹی نہ ملنے کا غم۔

لوگ حقوق اللہ کی بات کرتے ہیں پر مجھے حقوق العباد میسر نہیں۔ لوگ دوزخ کے عذاب سے پریشان پر میں دنیا کے عذاب سے پریشان۔ لوگ کینسر کا علاج کرتے ہیں اور میرے ہاں ایک پیناڈول ملتی نہیں۔ لوگ جمہوریت کو فروغ دیتے رہے لیکن میرے ہاں سردارانہ نظام مضبوط ہوتا رہا۔

لوگ کہتے ہیں مایوسی گناہ ہے پر میرے ہاں مایوسی سے نمٹنے کا طریقہ نہیں۔ اب خودکشی چند فاصلوں کی دوری پر ہے پر کیا کروں اسلام خودکشی کی اجازت دیتا نہیں۔

میں بلوچستان ہوں۔
جی ہاں! میں بلوچستان ہوں۔

Facebook Comments HS