کیا چیونٹی حلال ہے؟
میں نے تو صرف یہ ہی پوچھا تھا کہ کیا چیونٹی حلال ہے۔ یار لوگ بے قابو ہو گئے۔
کیا واقعی؟
ارے بھئی مجھے کیا معلوم۔ ان کے پاؤں دیکھ کر ہی کچھ معلوم ہو سکتا ہے۔ لیکن بات نکلی تو پھر بہت دور نکل گئی۔
کسی نے پوچھا۔ کیا ووٹ دینا حلال ہے؟
اور ووٹ کے تو پیر بھی نہیں ہوتے۔ ووٹ کو شاہین ہونے کی دعوت دیتے ہوئے میں نے اس کو نئے بال و پر پیدا کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی۔ لیکن وہ نو آموز ووٹ ہے۔ ہمت ہار گیا۔ میں نے کہا اپنے پچھلوں کو دیکھو۔ نہ وہ بدلے۔ نہ امیدوار بدلے۔ نہ دل کی آرزو بدلی۔ نہ رنگ گلستان بدلا۔ سالہا سال گزر چکے ہیں۔ وہی نا اہلی و نادہندگی و امارت و جہالت و بے پیندگی ہے۔ ووٹ دیتے دیتے انگلیاں تو فگار ہو گئی ہوں گی۔ خامہ خونچکاں۔ مگر آج بھی اسی تندہی سے جمہوری ٹوپی سے ایک نئے چمتکار کی خواہش میں قطاریں بنائے کھڑے ہیں۔ کون لوگ ہیں یہ یار۔
کسی نے چمک کر پوچھا۔ تو جمہوریت حلال ہوتی ہے؟
دیکھیں فتوے تو بہت متنوع و متنازعہ اور مشکل ہیں لیکن بات انسان کو سیدھی اور آسان کرنی چاہیے۔ جمہوریت اگر اسلامی جمہوریہ میں ہے تو حلال ورنہ تو شاید مکروہ ہے۔ اور اسمبلی کے حلال ہونے کے لیے دیکھنا پڑے گا کہ اس نے جمہوریت کی زکواۃ نکالی ہے یا نہیں۔ اڑھائی فیصد سیٹیں بحقدار رسید نہ ہونے پر جمہوریت کا بڑا صدقہ نکالنا پڑ سکتا ہے۔
جمہوریت کے مکروہات پر ابھی بات شروع ہی تھی کہ کسی نے جمہوری حکمران کے حلال ہونے پر سوال اٹھا دیا۔ ارے بھئی یہ کچھ ایسا ہے کہ چھری تلے آ جائے تو حلال ہو جاتا ہے ورنہ بے موت بھی مر جاتا ہے سپاہی۔ مارشل لاء تو معلوم نہیں حلال ہے یا نہیں مگر بہتر یہی رہتا ہے کہ ریفرینڈم کروا کر قوم کا امیر بننے کی کوشش کرے۔ کون جانے کوئی کب کسی کو جہنم کی سگ باشی کا طعنہ دے دے۔ گو لوگ اس پر بھی کہیں گے سگ باش برادر سگ مباش۔ یا یہ کہ سگ اگر ہوں گے تو کیا نام نہ ہو گا وغیرہ۔
اب وہ پوچھتے ہیں کیا ناموری حلال ہے؟ یعنی وائرل ٹرینڈز ( ٹک ٹاک اور بٹ کوائن کا بھی بتائیں۔ )
میں نے بھی کہ دیا بس آپ خود دو ملاؤں میں مرغی نہ قرار پا جائیں باقی سب بعد کی باتیں ہیں۔ کچھ لوگ تو پڑھنا لکھنا نہیں جانتے۔ عربی رسم الخط کو اردو رسم الخط میں غلط ملط کر دیتے ہیں۔ اردو گویا ان کے گھر کے باندی ہے۔ اسی لیے ابھی تک بہت سے لوگ اسلام اور اردو والے اسلام میں کنفیوز ہیں۔ کچھ پوچھتے ہیں یہ حلوہ لکھا یا جلوہ؟ گویا جانتے نہیں کہ یہ حلوے کا سیزن ہے۔ ایسے کنفیوز دیسیوں سے اللہ بچائے۔ یا پھر مارشل لا۔
نہیں مگر کیا علما کی عسکری قوت کے ہاتھوں پر بیعت حلال ہے؟
دیکھیں بات کو مشکل نہ کریں طاقت کے توازن کو سمجھیں خود کو بلاوجہ ہلاکت میں نہ ڈالیں موت سے کچھ دیر پہلے تو سبھی کچھ حلال ہوتا ہے۔ تو ہاتھ کیا اور بوٹ کیا۔ گدھا کیا اور گھوڑا کیا۔ اور پھر آئین کی پاسداری بھی کوئی چیز ہوتی ہے۔ اب محفل کا درجہ حرارت ہجوم کے درجہ حرارت کا سا ہو گیا۔
تو پھر تو آپ کہیں گی آئین بھی حلال ہے؟
دیکھیں اگر وہ تعزیرات سے وجود میں آیا ہے۔ ہمارے دیسی اسلام پر پورا اترتا ہے تہتر میں مزید رجوع کر چکا ہے تو حلال کیا اسے تو مقدس بھی ہونا چاہیے، چمکیلی جلد والا۔ زرق برق۔ غلافی۔ ویسے آپ نے کبھی نہیں نوٹ کی عقیدت کی بیتاب لپک جب کوئی آئین کا ذکر کرتا ہے؟
واہ واہ مکرر۔ تو کیا آئین پہ حلف لینا حلال ہے؟
حلف کا تو مجھے نہیں پتا لیکن مجھے نمک حلالی کا اندازہ ہے۔ ویسے سپریم کورٹ کو کیا سوجھی یہ اچانک اصل کتاب سے قانون اخذ کرنے کی۔ کیا یہ اقلیتوں کا مسئلہ ہے یا قانون کا یا پھر بیرونی ایجنڈا ہے؟
کیا ایسی کورٹ حلال ہے جس میں انصاف خال خال، یا بوجوہ مآل۔ بیشر بے حال رہتا ہے؟
دیکھیں۔ میں تو اس حق میں ہوں کہ اس ذہنی بیداری کو ایک نئی روایت کی بنا رکھنے کا اشارہ سمجھیں اور دوسرے حلال حرام کے مسئلے بھی حل کروا لیں۔ پھر نہ کہنا خبر نہ ہوئی۔
لیکن پتہ کیسے لگے گا کون سے کام حلال کروانے ہیں اور کون سے حرام؟
دیکھیں کتابیں تو آپ کو خود پڑھنی پڑیں گی میں ایسی کتابوں کے خلاصے نہیں لکھ سکتی جن سے میں خود نابلد ہوں۔ ویسے میں کوئی مفتی تو ہوں نہیں لیکن کھرا دیکھ کر مجھے اتنا ہی سمجھ آیا ہے کہ حکمران سے سوال حلال ہے کیونکہ وہ ریاست کا رکھوالا ہوتا ہے اور اپنی انکم کے ذرائع تو اس کو خود اچھی طرح معلوم ہوتے ہیں۔ تبھی حلال کی خواہش میں اس کو کبھی ٹوپیاں بھی بننی پڑ جاتی ہیں۔ اقامہ لینا پڑ سکتا ہے، علیحدہ بزنس کرنا پڑ سکتا ہے۔ کون جانے کسی نے کہا ہو اس گھر میں کک بیکس کی روٹی نہیں پکے گی۔
ہاہ بس اسی لیے تو ۔ ہم پہلے ہی کہتے تھے وہ سب سے الگ اور مختلف ہے اسی لیے قوم نے ووٹ دیتے یا نہ دیتے ہوئے یک زبان ہو کر اپنا مینڈیٹ ریکارڈ کروایا ہے۔ ہم تو سمجھتے ہیں عمران ہی ہمارا وزیراعظم ہے۔ یا صدر ہے؟ یا امیر؟ جو بھی ہے۔ ہمیں تو وہ جو کہے گا ہم وہی کریں گے۔
(آہ۔ پہلے بھی کہیں دیکھے ہیں ایسے خواب گزیدہ لوگ۔ ایسے دل کو نہ جلا اے میرے اچھے ووٹر۔ ایک لمحے کو ٹھہر میں تجھے گیم کارڈ لوڈ کرا دوں! ) اچھا اچھا ٹھیک ہے۔ لیکن بوجوہ۔ اعلی حضرات کو وہ کچھ پسند نہیں۔ دھیان رکھنا بڑی عید پر ۔
ہیں؟ چئیر مین پی ٹی آئی حلال ہے؟

