حاجی مُراد: ٹالسٹائی کا غیر معروف ناول
ٹالسٹائی کاکیشیا کے علاقے اور اس کی پیچیدہ تاریخ سے بے حد متاثر تھے۔ یہ ناول انیسویں صدی میں روس کاکیشین تنازعہ کے دوران پیش آنے والے حقیقی واقعات پر مبنی ہے۔ چوں کہ ٹالسٹائی خود اس جنگ میں شریک تھے اس لیے انہوں نے اپنے مشاہدات کو الفاظ میں ڈھال کر یہ متاثر کن کہانی تخلیق کی ہے۔
حاجی مراد ایک ایسے حریت رہنما کی کہانی ہے جو روس کے خلاف گوریلا جنگ لڑنے والے امام شامل کا نائب ہے۔ بعد ازان حاجی مراد اور امام شامل اختلافات کا شکار ہو جاتے ہیں اور اصل مقصد کو حاصل کرنے کے بجائے ذاتی عناد پر اتر آتے ہیں۔ حاجی مراد اپنے چند وفاداروں کے ہمراہ بغاوت پر اتر آتا ہے اور ایک گاؤں میں پناہ گزین ہو جاتا ہے جب کہ امام شامل اس کے خاندان کے افراد کو یرغمال بنا لیتا ہے۔ جب وہ اپنے عزیزوں کو امام شامل کے چنگل سے چھڑانے میں ناکام رہتا ہے تو وہ مدد کے لیے روسیوں کے ساتھ الحاق کر لیتا ہے۔
حاجی مراد ایک کثیر جہتی کردار ہے جو انتقام اور امن کی خواہش کے درمیان بھٹا ہوا ہے۔ وہ اپنی شناخت قائم رکھتے ہوئے روسیوں کے ساتھ الحاق بھی چاہتا ہے اور چیچن ثقافت کو محفوظ بنانے کے لیے جدوجہد بھی جاری رکھتا ہے۔ وہ اپنے آخری لمحات میں بھی ہمدردی اور مفاہمت کی طاقت کو مجسم کرتے ہوئے نجات کی تلاش میں رہتا ہے۔
ناول کی کہانی جنگ وجدل، ایثار، محبت، بہادری اور قومیت پرستی جیسے اہم موضوعات پر مبنی ہے۔ ٹالسٹائی نے بڑی مہارت سے کڑی سے کڑی ملاتے ہوئے کہانی کو آگے بڑھایا ہے اور اس کا ڈرامائی اختتام قارئین کو چند ساعتوں کے لیے مبہوت کیے دیتا ہے۔
کاکیشیا وہ علاقہ تھا جہاں صدیوں سے مسلمان بستے تھے جو اپنی الگ تہذیب و شناخت رکھتے تھے اور اسی شناخت کو قائم رکھنے کے لیے انہوں نے روسیوں کے خلاف مذاحمت کا پرچم بلند کیا تھا۔ چوں کہ ٹالسٹائی کاکیشیا میں کافی عرصہ قیام پذیر رہے تھے اور انہوں نے اسلامی ثقافت کا بڑے نزدیک سے مشاہدہ کیا تھا اس لیے انہوں نے اس کہانی میں اسلامی رسم و رواج کی ترویج کرتے ہوئے ایسی کہانی پیش کی ہے جس کی روسی ادب میں مثال نہیں ملتی۔
ٹالسٹائی نے بغیر کسی رکاوٹ کے تاریخی تفصیل کو اخلاقیات، انسانی فطرت اور خودشناسی کے ساتھ یکجا کرتے ہوئے بیان کیا ہے۔ یہ ناول ٹالسٹائی کے فلسفیانہ ارتقاء کی بھی نشان دہی کرتا ہے، خاص طور پر اس کی سامراج اور تشدد جیسی خرافات پر بڑھتی ہوئی مایوسی۔ وہ جنگ کی منظر نگاری کرتے ہوئے فاتح اور مفتوع دونوں پر جنگ کے اثرات کو ہدف تنقید بناتا ہے۔


