شاہد آفریدی اور سکون جوائنٹ آن آئل
بلبلے ڈرامہ کے مشہور کردار محمود صاحب اور شاہد خان آفریدی جوڑوں کے دردوں کے تیل سکون جوائنٹ آن آئل کی تشہیر کرتے نظر آتے ہیں۔ عمومی طور پر لوگ مشہور شخصیات پر اعتبار کرتے ہوئے خریداری کرتے ہیں۔ شاہد آفریدی اور محمود احمد کی تشہیری ترغیب کی وجہ سے سکون جوائنٹ آن آئل کافی مشہور ہو گیا ہے۔
جہاں تک تیل کے فائدہ کی بات کریں تو ایک عام گرم تیل جیسا ہے۔ خاطر خواہ رزلٹ نہیں دیکھا گیا۔ سب سے چھوٹی پیکنگ کی قیمت 1750 روپے ہے۔
جوڑوں کے درد ہوں یا پٹھوں کے تمام گرم تیل کسی حد تک مریض کو فائدہ دیتے ہیں لیکن بعض مریض کی صورتحال مختلف ہوتی ہے کہ تیل کا فائدہ نہیں ہوتا۔ مثلاً گھٹنوں میں جھلی اگر گھس گئی ہے تو وہ نئی بننے سے رہی، ہڈیوں میں رگڑ بڑھ جاتی ہے جس کی وجہ سے چلنے پھر نے میں دشواری ہوتی ہے۔ ایسے مریضوں کو تیل فائدہ نہیں کرتے۔
عام اجزا جیسا کہ لونگ، ہینگ، انڈے کی زردی، جانوروں کی چربی، ریگ ماہی اس طرح کے بیسیوں اجزا اور مجرب نسخے موجود ہیں جو آپ گھر پر بنا سکتے ہیں یا ہربل ادویات والی کمپنیوں سے بنے بنائے تیل معمولی قیمت میں خرید سکتے ہیں۔ روغن اوجاع کے نام سے مارکیٹ میں کئی تیل موجود ہیں۔ اس کے علاوہ فارمیسیز سے مختلف جیل مل جاتی ہیں جو پٹھوں اور جوڑوں کے درد میں مفید ہیں۔
قارئین کے لیے مشورہ یہ ہے کہ تشہیر کی بنیاد پر اشیا پر اعتبار نہ کریں۔ مارکیٹنگ کی بنیاد پر سو دو سو روپے والا تیل دو دو ہزار روپے میں فروخت کیے جا رہے ہیں۔
جوڑوں اور پٹھوں کی درد کے لیے مجرب نسخہ ملاحظہ کریں۔ یہ نسخہ آپ باآسانی گھر بنا سکتے ہیں۔
اجزا:
انڈے کی زردیاں 20 عدد
لونگ 10 گرام
نمک سیاہ 10 گرام
تخم ہرمل 10 گرام
جائفل 10 گرام
زیتون کا تیل 50 گرام
تیل بنانے کا طریقہ:
بیس انڈے ابال کر زردیاں نکال لیں۔ زردیوں اور زیتون کے تیل کو ایک کڑاہی یا برتن میں ہلکی آنچ پر پکائیں۔ چند گھنٹوں بعد زردیاں اپنا تیل چھوڑ دیں گی۔ اس کے بعد باقی چیزوں کو باریک کر کے اسی برتن میں ڈال دیں۔ جب باقی اجزا جل کر سیاہ ہوجائیں تو برتن چولہے سے اتار لیں، ٹھنڈا ہونے پر باریک کپڑے میں پُن لیں۔ شیشیوں میں محفوظ کر لیں۔
فوائد:
جوڑوں کے دردوں میں مفید ہے۔
پٹھوں کے دردوں میں مفید ہے۔
گہری چوٹوں میں استعمال کر سکتے ہیں۔
موچ اور گنٹھیا کی دردوں میں موثر ہے۔
بطور طلا مالش میں مفید ہے۔


