عزیز سنجر


عزیز سنجر ایک ترکیہ نژاد نوبل انعام یافتہ سائنسدان ہیں۔ انہیں کیمیا کے شعبے میں 2015 میں نوبل انعام سے نوازا گیا۔ وہ حیات ہیں اور سائنس اور انسانی معاشرے کے مختلف شعبوں میں اپنی گراں قدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

وہ بنیادی طور پر بائیو کیمسٹ ہیں۔ ڈی این اے اور کینسر پر آپ کی تحقیقات بھی انتہائی قابل تحسین سمجھی جاتی ہیں۔

عزیز سنجر 8 ستمبر 1946 کو ترکیہ کے صوبے ماردن کے گاؤں ساور میں پیدا ہوئے۔ ان کے والدین پڑھے لکھے نہیں تھے لیکن انہیں اپنے بچوں کو پڑھانے کا بہت شوق تھا۔ ان کے والد کسان تھے اور ایک انتہائی محنتی شخص تھے۔ عزیز سنجر نے اپنی ابتدائی تعلیم گاؤں کے پرائمری سکول ساور میں حاصل کی جبکہ ہائی سکول ماردن میں مکمل کیا۔ سکول کے زمانے ہی سے انہیں بہت اچھے اساتذہ ملے۔ خاص طور پر کیمسٹری کے استاد ان کے فیورٹ تھے۔ وہ سکول کے زمانے میں فٹبال بڑے شوق سے کھیلتے تھے اور اپنی ٹیم کے گول کیپر تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ بہت اچھے طالب علم تھے اور ہمیشہ اپنی کلاس میں فرسٹ آتے۔

ہائی اور ہائر سیکنڈری سکول اعزازی نمبروں میں پاس کرنے کے بعد وہ میڈیکل کی تعلیم کے لیے استنبول میڈیکل سکول میں داخل ہو گئے۔ طب کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ اپنے علاقے میں کچھ عرصہ پریکٹس بھی کرتے رہے۔ تقریباً 18 ماہ کی اس پریکٹس کے دوران اپنے گاؤں ساور میں وہ فری میڈیکل کلینک چلاتے رہے اور مریضوں سے پیسے نہیں لیتے تھے۔

1973 میں وہ امریکہ چلے گئے جہاں انہوں نے یونیورسٹی آف ٹیکساس میں مالیکیولر بیالوجی میں پی ایچ ڈی کی۔ اسی یونیورسٹی میں ریسرچ ایسوسی ایٹ متعین ہوئے۔ انہوں نے نارتھ کیرولینا سکول آف میڈیسن میں بھی پڑھانا شروع کر دیا۔ انہوں نے ڈی این اے پر اپنی تحقیقات جاری رکھیں۔ کینسر کی تشخیص پر بھی بہت کام کیا۔

2015 میں انہیں ان کی خدمات پر نوبل نام سے نوازا گیا۔ انہیں یہ انعام مشترکہ طور پر تھامس لنڈہل اور پال موڈرچ کے ساتھ دیا گیا۔

وہ بہت سے بین الاقوامی تحقیقاتی اور علمی اداروں کے رکن بھی ہیں جن میں ؛
• امریکن اکیڈمی آف آرٹس اینڈ سائنسز
• نیشنل اکیڈمی آف سائنسز
• ترکش اکیڈمی آف سائنسز
وغیرہ شامل ہیں۔

پوری دنیا میں ڈی این اے اور کینسر پر آپ کی تحقیقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
ترکیہ میں بھی آپ کو بہت سے اعزازات سے نوازا گیا جن میں ؛
• توبی تاک سائنس ایوارڈ
• وہبی کوچ ایوارڈ
وغیرہ شامل ہیں۔

عزیز سنجر فی الوقت یونیورسٹی آف نارتھ کیرولینا میں بائیو کیمسٹری اور بائیو فزکس کے پروفیسر ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ عزیز اینڈ گوون سنجر فاؤنڈیشن کے شریک بانی بھی ہیں۔ یہ ایک غیر منافع بخش آرگنائزیشن ہے جو ترک کلچر اور طلبہ و طالبات کو سپورٹ اور پرموٹ کرتی ہے۔

Facebook Comments HS

اسلم بھٹی

اسلم بھٹی ایک کہنہ مشق صحافی اور مصنف ہیں۔ آپ کا سفر نامہ ’’دیار ِمحبت میں‘‘ چھپ چکا ہے۔ اس کے علاوہ کالم، مضامین، خاکے اور فیچر تواتر سے قومی اخبارات اور میگزین اور جرائد میں چھپتے رہتے ہیں۔ آپ بہت سی تنظیموں کے متحرک رکن اور فلاحی اور سماجی کاموں میں حصہ لیتے رہتے ہیں۔

aslam-bhatti has 45 posts and counting.See all posts by aslam-bhatti