امریکی پا بندیوں سے لرزاں حکمران


ممکن ہے پاکستانی وزارت خارجہ کی بات درست ہو ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا دورہ پہلے شیڈول کیا گیا ہو لیکن بہرحال مشرق وسطی میں جاری سنسنی خیز تناظر نے اس دورے کو معمول کا دورہ نہیں رہنے دیا۔ امریکا کی دھمکی نے اس دورے کو وہ خاص زاویے عطا کر دیے جن سے پرکھنے سے وزارت خارجہ نے منع کیا ہے۔ وزارت خارجہ نے دعوی کیا ہے کہ ”اس دورے کا فیصلہ ایران اور اسرائیل کے درمیان میزائل اور ڈرونز کے تبادلے سے پہلے کیا گیا تھا اس لیے اسے کسی خاص زاویے سے نہ دیکھا جائے۔“ وزارت خارجہ کی تصحیح ہی درست معلوم ہوتی ہے۔ خاص زاویہ ترک کر کے اگر عام زاویہ سے دیکھا جائے تو پھر ایک ہی بات بچتی ہے ”ہم آئیں گے تو آپ کیا کھلائیں گے، آپ آئیں گے تو ہمارے لیے کیا لائیں گے“ ۔ ہمارے دوست دو طرح کے ہیں۔ ایک پہلی طرح کے اور دوسرے ہر طرح کے لیکن سب سے ہمارا تقاضا اور تعلق ایک ہی ہے! ”ڈالر“

ایرانی صدر نے ایسے وقت پاکستان کا دورہ کیا جب ایران اور اسرائیل، دونوں ملک ایک دوسرے پر حملہ کرچکے ہیں۔ یکم اپریل کو اسرائیل نے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملہ کیا تھا۔ اس ننگی جارحیت پر امریکا اور یورپی ممالک نے اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کے برعکس ایران سے تدبر سے کام لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ دمشق پر اسرائیل کے حملے کی مذمت کی گئی نہ اقوام متحدہ میں کوئی قرارداد پیش کی گئی، اسرائیل پر کوئی پابندی لگائی گئی اور نہ کسی بھی طرف سے اس کی سفارش کی گئی۔

بھٹو صاحب کے زمانے میں یاور حیات کی سیریل جھوک سیال کی ایک قسط میں ریپ سین تھا۔ کابینہ میں سوال اٹھا کہ رات پی ٹی وی کے ڈرامے میں ریپ سین کیوں دکھایا گیا۔ اس پر بھٹو صاحب نے کہا تھا آئندہ ایسا ریپ نہ دکھایا جائے جو بیہودہ ہو۔ یہی معاملہ عالمی برادری کا ہے۔ جس کے نزدیک ایران چین اور روس جیسے ممالک کے اقدام ایسے ریپ ہیں جو بیہودہ ہوتے ہیں جب کہ خود امریکا، مغربی ممالک اور اسرائیل کے ریپ بیہودہ نہیں ہوتے۔ ان کے واقع ہونے میں کوئی حرج نہیں۔

سوال ہے کہ یہ عالمی قوانین کون بناتا ہے؟ یہ قوانین امریکا بناتا ہے اور پوری دنیا پر فرض ہے کہ وہ ان قوانین کے آگے سرتسلیم خم کرے اور من و عن مانے۔ یہ بھی امریکا کا بنایا ہوا عالمی قانون ہے کہ کوئی بھی ملک جسے امریکا چا ہے وہ تجارتی پا بندیوں کی زد میں آ سکتا ہے اگر وہ ایران کے ساتھ کاروبار کرے۔ پچھلے دنوں پاکستان کو میزائل کے پرزے فراہم کرنے والی چار کمپنیوں پر بھی امریکا کی طرف سے پا بندیاں لگادی گئی تھیں۔

جس پر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا ”ہم نے پا بندیاں اس لیے لگائی ہیں کہ یہ ادارے تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی ترسیل کے ذرائع تھے۔ “ کون سے اداروں کے ترسیل کردہ ہتھیار تباہی پھیلاتے ہیں اور کون سے اداروں کے ترسیل کردہ ہتھیار تباہی نہیں پھیلاتے اس کا فیصلہ بھی امریکہ ہی کرتا ہے۔ روس یو کرین پر جارحیت کرے تو وہ عالمی قوانین کی زد میں آتا ہے اور اس پر پا بندیاں لگادی جاتی ہیں لیکن اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر حملے اور نسل کشی پر ردعمل محض بیان بازی اور تبصروں تک محدود رہتا ہے کیونکہ امریکا کے وضع کردہ عالمی قوانین ایسا ہی کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔

ایران اور اسرائیل کشیدہ صورتحال میں ایرانی صدر کا دورہ پاکستان ایران کے لیے پاکستان کی جانب سے ایک سپورٹ ہے حالانکہ حالیہ دورے کی وجہ سے ممکن ہے کہ ایف اے ٹی ایف اور آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات میں پاکستان کے لیے مشکلات پیدا ہوں۔ پاکستان کی ایسی ہی ایک سپورٹ امریکا ایران کشیدہ صورتحال میں گیس پائپ لائن معاہدہ تھا۔ پاکستان اور ایران کے درمیان 7.5 ارب ڈالرز کی مالیت کا گیس پائپ لائن معاہدہ آج سے گیارہ برس پہلے 2013 میں صدر آصف علی زرداری کے پہلے دور سعید میں کیا گیا تھا۔

جس وقت یہ گیس معاہدہ کیا گیا سب کو علم تھا کہ جلد یا بدیر امریکا کو اس معاہدے پر اعتراض ہوں گے اور یہ امریکی پا بندیوں کی زد میں آ سکتا ہے۔ اس کے باوجود صدر پاکستان آصف علی زرداری کی دریا دلی اور گھر پھونک تماشا دیکھ کہ معاہدہ میں یہ شق شامل کردی کہ اگر پاکستان نے کچھ برسوں بعد گیس لینا شروع نہ کی تو اس کو جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔ اس شق کا نتیجہ ہے کہ ایران سے ممکنہ طور پر حاصل ہونے والی گیس سے پاکستان میں ایک روٹی نہیں پکی لیکن ایران کسی بھی وقت سترہ ارب ڈالرز کے جرمانے کا مطالبہ لے کر عالمی عدالت میں جاسکتا ہے۔

آٹھ فروری کے الیکشن کے بعد ایرانی صدر کا دورہ کسی بھی سربراہ مملکت کا پہلا دورہ ہے۔ سب کو امید تھی کہ دورے میں گیس پائپ لائن کا معاملہ لازمی اٹھایا جائے گا لیکن مشترکہ پریس کانفرنس اور سرکاری اعلامیہ میں اس منصوبے کا ذکر مفقود تھا۔ بدترین اقتصادی حالت میں یہ ایران کی طرف سے پاکستان کو سپورٹ اور سہارا ہے۔ نواز شریف اور عمران خان کے دور میں اس منصوبے پر کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی تھی۔ پاکستان کی سابقہ نگراں حکومت کی جانب سے فروری میں اس منصوبے کے 80 کلومیٹر کے حصے پر تعمیر کی منظوری دی گئی تھی مگر فورا بعد ہی امریکا نے اعتراض اٹھا دیا تھا کہ ایران کے ساتھ منصوبے پر کام کرنے کے نتیجے میں پاکستان کو بھی معاشی پا بندیوں کا سامنا ہو سکتا ہے جیسا کہ ایرانی صدر کے حالیہ دورے کے موقع پر اس دھمکی کی تکرار کی گئی۔

پاکستان نے ابھی تک امریکا سے اس موضوع پر مذاکرات نہیں کیے ہیں کہ پابندیوں کی زد میں آئے بغیر گیس پائپ لائن کیسے تعمیر کی جا سکتی ہے یا پھر امریکا ہمارے لیے کیا متبادل بندوبست کر سکتا ہے جیسا کہ اس نے بھارت کو سول نیو کلیر معاہدے کی صورت میں کیا تھا جب کہ توانائی کے شدید بحران کی وجہ سے یہ پائپ لائن پاکستان کی اہم ترین ضرورت ہے۔ امریکا کے باب میں ہم اس مقام پر آچکے ہیں کہ اپنے کسی جائز مطالبے کے لیے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنا تو درکنار آنکھیں ملا کر بات کرنے کے بھی قابل نہیں رہے کیونکہ بونے اور قدآور آنکھیں ملا کر بات نہیں کر سکتے اس کے لیے قد برابر ہونے کی ضرورت ہے یا پھر ہمت، شجاعت اور دلیری کی۔

ایرانی صدر کے دورے کے اختتام پر 28 نکاتی مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ مفاہمت کی متعدد یادداشتوں اور معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے، پاک ایران دوطرفہ تعلقات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اعلی سطحی دوروں کے ذریعے باہمی روابط بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا، دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی، مذہبی اور تہذیبی تعلقات کو بھی اجاگر کیا گیا۔ ہر ملک یقیناً اپنے مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے تعلقات کو استوار کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن ہمیں کسی بھی معاملے میں پیش رفت کرنے کے لیے امریکی طبع نازک کی گرانی کو بھی ملحوظ اور بے حد ملحوظ رکھنا پڑتا ہے کیو نکہ امریکی پابندیوں کی صورت میں ہمارے حکمرانوں کی امریکی بینکوں میں کرپشن کے ذریعے کمائی گئی دولت بھی پا بندیوں کی زد میں آ سکتی ہے ورنہ چین 13 لاکھ بیرل تیل روزانہ آج بھی ایران سے خرید رہا ہے۔

روس سے تیل کی خریداری پر بھی امریکا نے پا بندیاں عائد کر رکھی ہیں لیکن اس کے باوجود امریکا کے سب سے بڑے دوست اور فطری اتحادی بھارت نے گزشتہ برس چا لیس بلین ڈالر کا تیل روس سے خریدا اور خریدنے کے بعد روس کی ریفائنریوں میں ہی صاف کیا ہے۔ بعد میں اسی تیل کو یورپ میں بھی فروخت کیا گیا ہے۔ کہنا یہ ہے کہ پا بندیوں کے باوجود بھی راستے ڈھونڈے جا سکتے ہیں بات قیادت کے کردار، حوصلے، ذہانت اور اپنے ملک سے وفاداری کی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments