خود اعتمادی


خود اعتمادی انسان میں تب آتی ہے جب وہ اپنے آپ کو پہچان لیتا ہے وہ اپنی صلاحیتوں کا اعتراف کر لیتا ہے، ہر انسان میں بے شمار صلاحیتیں ہوتیں ہیں، اور یہ ہی انسان کو کامیابی کی طرف لے جاتیں ہیں اس میں کوئی شک نہیں کہ کامیاب ہونے کے لیے محنت اولین شرط ہے لیکن اس سے پہلے لازم و ملزوم ہے کہ انسان اپنے آپ کو پہچان لے، اپنی زندگی میں موجود ہر خوبی کو اچھی طرح نکھار لے۔ کیوں کہ جب تک ہر صلاحیت کو پہچان کر پالش نہیں کریں گے اس کی صحیح نشو و نما نہیں کریں گے تو آپ کامیابی کی پہلی سیڑھی پر قدم نہیں رکھ سکتے ہیں۔

انسان جب اپنے آپ کو نہیں پہچانتا تب وہ دوسرے لوگوں کی زندگی کو نقل کر کے جیتا رہتا ہے۔ اچھے کاموں کی نقل کرنا اچھی بات ہے، لیکن نقل کو اتار کر اپنی صلاحیتوں کے ساتھ اپنے اوپر ڈھال لیا جائے تو یہ اصل نقل کا صحیح استعمال ہے۔ ہمارے ہاں نوجوانوں کا ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ

وہ ہمیشہ خود سے اجنبی ہی رہتے ہیں، وہ اپنی نہیں بلکہ دوسروں کی ہو بہو نقل اتار کر زندگی جیتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر آتے جاتے سٹارز کے کپڑوں کے سٹائل، بیٹھنے کے سٹائل، ٹہلتے جوڑے دیکھ کر یہ بھی مختلف روڈز، پارک اور تفریحی مقامات پر جا کر وہ ہی ویڈیوز، وہ ہی گانے، وہ چہل قدمی کرنے کی کوشش میں مصروف عمل رہتے ہیں۔ اس کوشش میں وقت، پیسہ، رشتے، تعلیم، پیشہ، ملازمت بھی گنوانے میں دریغ نہیں کرتے۔ اور پھر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کو احساس ہوتا ہے کہ ہم نے تو سب کچھ برباد کر دیا۔

برباد تو ہونا ہی تھا آپ کے اندر تو کچھ اور کرنے کی صلاحیتوں کا خزانہ تھا جو آپ پہچان نہ سکے۔ لیکن یاد رکھیں اب بھی وقت ہے دیر بالکل نہیں ہوئی۔ اپنی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے، پر سکون بنانے کے لیے آج ہی واپس پلٹ کر اپنے آپ کو پہچان لیں۔ اپنے مقصد کو پہچانیں، اپنی ترجیحات کا تعین کریں۔ پلاننگ کریں۔ اپنے علم میں مزید اضافہ کریں۔ اپنے شعبے میں تو آپ کو پوری دسترس ہونی چاہیے لیکن اس کے ساتھ ساتھ غیر نصابی کتابوں کا مطالعہ اپنی عادت بنا لیں۔

آپ کے پاس جیسے ہی علم میں اضافہ ہونا شروع ہو گا آپ کے اندر خود اعتمادی بحال ہونا شروع ہو جائے گی۔ اپنے کردار کو خوب صورت بنائیں، آپ کی اخلاقی عادات بھی آپ کے اندر روشنی پیدا کرتی ہیں۔ جب کوئی کام شروع کریں تو پورے اعتماد کے ساتھ آغاز کریں اللہ تعالیٰ پہ مضبوط توکل رکھیں۔ ہر چیز کا خوف، خصوصاً ہار کا خوف دل سے نکال دیں اور یہ ذہن میں رکھیں کہ اللہ تعالیٰ میری ہر وقت ہر جگہ پہ حفاظت فرمائے گا۔ اپنے آس پاس اور گھر کے ماحول کو خوب صورت بنائیں، پر اعتماد ماحول بھی آپ کو مزید آگے بڑھنے میں مدد دے گا۔

اپنی قدر کرنا شروع کریں اپنی عزت خود کریں، اپنی عزت کا مطلب یہ ہے کہ اپنے اوقات کا شیڈول بنائیں اور اس کے مطابق ہی کام کریں۔ اگر آپ نے مہمانان گرامی کے لیے کوئی وقت مختص کیا ہوا ہے تو آنے والے دوستوں کو اس کی اطلاع کر دیں۔ تا کہ وہ اسی وقت آپ کے پاس آئیں۔ اسی طرح بالترتیب ہر چیز کو اپنے وقت پہ کرنے کی کوشش کریں۔ ہاں کبھی کبھار ترتیب خراب ہو جائے تو پھر بھی پریشان نہ ہوں فرض کا درجہ دیے بغیر شیڈول ٹف کرنے کی کوشش کرتے رہیں۔ سب سے پہلے اپنے آپ سے محبت کریں گے، تو خود شناس بن جائیں گے اور خود شناسی خود اعتمادی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔

Facebook Comments HS