ڈارون کا نظریہ ارتقا اور مذہبی دانشور


Loading

مجھے بچپن کی وہ دوپہر یاد ہے جب میں نے اپنے خاندان کے ایک بزرگ سے پوچھا تھا کہ اس دنیا میں انسان کہاں سے آئے ہیں؟ اور انہوں نے فرمایا تھا ’جنت سے‘ پھر اس بزرگ نے مجھے آدم و حوا کہ کہانی ان الفاظ میں سنائی تھی۔ فرمانے لگے ’جنت میں خدا نے مٹی کا ایک پتلا بنایا تھا۔ جب خدا نے اس مٹی کے پتلے میں روح پھونکی اور وہ زندہ ہو گیا تو خدا نے اس کا نام آدم رکھا۔ آدم کچھ عرصہ جنت میں اکیلا رہا پھر اس نے خدا سے کہا کہ مجھے ایک شریکِ حیات چاہیے کیونکہ میں جنت میں احساسِ تنہائی کا شکار ہو گیا ہوں۔

خدا نے آدم کی بائیں پسلی سے ایک عورت بنائی اور اس کا نام حوا رکھا۔ آدم اور حوا کچھ عرصہ جنت کے باغوں اور بہاروں میں خوش رہے لیکن پھر شیطان کو آدم اور حوا کی خوشی سے حسد ہونے لگا۔ شیطان نے حوا کو اور حوا نے آدم کو ورغلایا اور آدم نے وہ پھل کھایا جس کو کھانے سے خدا نے آدم کو منع کیا تھا۔ ایسا کرنے سے خدا آدم اور حوا سے ناراض ہو گیا اور دونوں کو جنت سے نکال کر زمین پر بھیج دیا۔ اب اس دنیا میں آدم اور حوا کے بیٹوں اور بیٹیوں کی آزمائش ہو رہی ہے۔ قیامت کے دن ان کا امتحان ہو گا۔ جس نے نیکیاں زیادہ کی ہوں گی وہ امتحان میں پاس ہو جائے گا اور جنت میں چلا جائے گا اور جس نے برائیاں زیادہ کی ہوں گی وہ امتحان میں فیل ہو جائے گا اور اسے جہنم میں بھیج دیا جائے گا ’۔

میں نے جب اس بزرگ سے آدم اور حوا ’جنت اور دوزخ کی کہانی سنی تو مجھے مزا تو بہت آیا کیونکہ وہ ایک دلچسپ کہانی تھی لیکن میرا دل نہ مانا۔ مجھے یوں لگا جیسے وہ سچ نہ ہو بلکہ کسی نے وہ کہانی خود ہی گھڑ لی ہو۔

مجھے اپنی نوجوانی کی وہ شام بھی یاد ہے جب میری والدہ نے مجھے قرآن کا نسخہ دیتے ہوئے کہا تھا ’سہیل بیٹا ایک اچھا مسلمان بننے کے لیے آپ کو نہ صرف قرآن پڑھنا چاہیے بلکہ اس کی تعلیمات پر عمل بھی کرنا چاہیے‘

میں چونکہ عربی زبان سے نابلد تھا اس لیے قرآن کو سمجھنے کے لیے میں لائبریری سے بہت سے تراجم اور تفاسیر لے آیا۔ ان تراجم اور تفاسیر میں بہت سے اسلامی سکالرز اور دانشوروں کی کتابیں شامل تھیں۔ اگلے چند سالوں میں میں نے ابوالا علیٰ مودودی ’غلام احمد پرویز اور ابوالکلام آزاد کی تفاسیر کے ساتھ ساتھ علامہ اقبال کی کتاب Reconstruction of Religious Thought in Islam کے چھ خطبات بھی پڑھے۔ علامہ اقبال کے خطبات پڑھنے سے مجھے یہ پتہ چلا کہ آسمانی کتابوں کو پڑھنے کے دو طریقے ہیں۔ بعض سکالر اس کی آیات کو لغوی معانی دیتے ہیں اور بعض دانشور استعاراتی معانی۔

اقبال نے فرمایا کہ آدم اور حوا کی کہانی صرف جنت میں بسنے والے دو انسانوں کی کہانی نہیں بلکہ کرہ ارض پر بسنے والے ہر مرد اور عورت کی استعاراتی کہانی ہے۔ اقبال سے میں نے یہ بھی سیکھا کہ جنت اور دوزخ انسانی ذہن کی کیفیتوں کے نام ہیں کوئی آسمانوں میں مخصوص جگہیں نہیں ہیں کیونکہ HEAVEN AND HELL ARE STATES NOT PLACES اقبال نے مجھے آسمانی کتابوں کو استعاراتی انداز میں پڑھنا سکھایا۔

میں نے مختلف اسلامی دانشوروں کی قرآن کی تفاسیر میں جب آدم و حوا کی کہانی کی تفصیل پڑھیں تو مجھے پتہ چلا کہ قرآن میں لکھا گیا ہے کہ ساری نسلِ انسانی کا آغاز نفس الواحدہ سے ہوا ہے۔ میں نے جتنے مسلم سکالرز کی تفاسیر پڑھیں انہوں نے نفس الواحدہ کا ترجمہ آدم کیا اور کہا کہ آدم سے نسلِ انسانی کا آغاز ہوا۔

میرے لیے دلچسپ بات یہ تھی کہ جن اسلامی سکالرز نے آدم اور حوا کی کہانی پیش کی ان سب نے ڈارون کی تھیوری کو رد کیا اور یہ لکھا کہ قرآنی تعلیمات ڈارون کے نظریہ ارتقا کو رد کرتی ہیں۔ لیکن جب میں نے ابوالکلام آزاد کی تفسیر پڑھی تو مجھے حیرانی ہوئی کہ انہوں نے لکھا کہ قرآن اور سائنس میں کوئی تضاد نہیں ہے۔ آزاد نے نفس الواحدہ کا ترجمہ آدم کرنے کی بجائے
Unicellular Organism۔ Amoeba کیا۔ پھر آزاد نے قرآن کی کئی اور آیات کے حوالے دے کر [جن میں لکھا ہے کہ زندگی کا آغاز پانی سے اور انسانی زندگی کا آغاز خون کے لوتھڑے سے ہوا] یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ قرآنی تعلیمات اور ڈارون کے نظریہ ارتقا میں کوئی تضاد نہیں ہے۔

پہلے تو میں آزاد کی علمیت ’سائنس اور مذہب کے درمیان پل بنانے اور قرآنی آیات کو نئے معانی پہنانے سے بہت متاثر ہوا لیکن جب میں نے دوسرے آسمانی مذاہب کے دانشوروں کی کتابوں کا مطالعہ کیا تو مجھے احساس ہوا کہ وہ دانشور جو آسمانی صحیفوں پر ایمان رکھتے ہیں اور ان کو خدا کا کلام سمجھتے ہیں۔ چاہے وہ قرآن ہو‘ انجیل ہو ’تورات ہو یا زبور۔ وہ جب کسی لامذہب سائنسدان کی نئی تحقیق پڑھتے ہیں یا کسی دہریہ محقق کے جدید نظریے کا مطالعہ کرتے ہیں تو وہ دوبارہ اپنی آسمانی کتاب کی طرف رجوع کرتے ہیں اور کسی پرانی آیت کی اس طرح نئی تفسیر لکھتے ہیں جیسے وہ نئی تحقیق اس پرانی کتاب میں پہلے سے موجود ہو۔ اور یہ اسی وقت ہو سکتا ہے اگر ان آیتوں کی استعاراتی تفسیر کی جائے۔

اس راز کو جاننے کے بعد مجھے یہ بھی سمجھ آیا کہ کسی بھی مذہب کے بنیاد پرست پیروکاروں اور روشن خیال پیروکاروں میں بنیادی فرق کیا ہے۔ بنیاد پرست پیروکار آسمانی صحیفوں کا لغوی ترجمہ کرتے ہیں جو وقت کے ساتھ نہیں بدلتا لیکن روشن خیال پیروکار صحیفوں کی استعاراتی تفسیر کرتے ہیں جو ہر نئی صدی میں نئی ہوتی ہے کیونکہ وہ سائنس ’طب‘ نفسیات اور سماجیات کی ہر نئی تھیوری اور ہر نئے نظریے کو پڑھنے اور سمجھنے کے بعد اپنی پرانی آسمانی کتاب کی آیات کی نئی تفسیر کرتے ہیں اور ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ یہ تھیوری اور یہ تفسیر اس کتاب میں پہلے سے موجود تھی۔

میرے ذاتی اور نظریاتی ارتقا میں میڈیکل سکول کی سائنسی تعلیم اور تربیت نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ میں نے ڈارون کے نظریہ ارتقا کو اس دور میں دل کی گہرائیوں سے مانا جس دور میں میں خیبر میڈیکل کالج میں ایمبریولوجی کا مطالعہ کر رہا تھا۔ اس دور میں میں نے دیکھا اور جانا کہ ماں کے رحم میں جب باپ کا سپرم اور ماں کا اووم مل کر ایک زائیگوٹ بناتے ہیں تو وہ زائیگوٹ ایک خلیے اور ایک امیبا کی طرح ہوتا ہے۔ پھر وہ ایک خلیہ نو مہینوں اور سات دن میں لاکھوں اور کروڑوں خلیوں پر مشتمل ایک مکمل انسانی بچہ بنتا ہے۔ میرے لیے یہ حقیقت دلچسپی کا باعث تھی کہ ان نو مہینوں اور سات دنوں میں انسانی بچہ رحمِ مادر میں ان تمام مراحل سے جلدی جلدی گزرتا ہے جن سے زندگی سمندر کی گہرائیوں سے کرہ ارض کی وسعتوں تک صدیوں۔ ہزاروں۔ لاکھوں سالوں میں گزری ہے۔

نوجوانی میں مجھے سائنس ’طب‘ نفسیات ’سماجیات اور انسانی ارتقا میں جو دلچسپی پیدا ہوئی تھی وہ آج بھی موجود ہے بلکہ وقت کے ساتھ ساتھ اس دلچسپی میں کمی ہونے کی بجائے اضافہ ہوا ہے۔ اس سفر میں مختلف سائنسدانوں اور دانشوروں کی تحقیق نے میرے علم میں گرانقدر اضافے کیے ہیں۔

میں اگلی قسط میں نظریہ ارتقا کے حوالے سے آپ کی خدمت میں سائنسدان اور محققین چارلز ڈارون، رچرڈ ڈاکنز اور برائن سائکس کی تحقیق کا خلاصہ پیش کروں گا تا کہ آپ کو اندازہ ہو سکے کہ ارتقا کے طویل سفر میں انسان بننے تک زندگی کن مراحل سے گزری ہے۔

( اگلے کالم کا عنوان ہے، چارلز ڈارون کے نظریہ ارتقا کا سائنسی ثبوت)

ڈاکٹر خالد سہیل

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

ڈاکٹر خالد سہیل

ڈاکٹر خالد سہیل ایک ماہر نفسیات ہیں۔ وہ کینیڈا میں مقیم ہیں۔ ان کے مضمون میں کسی مریض کا کیس بیان کرنے سے پہلے نام تبدیل کیا جاتا ہے، اور مریض سے تحریری اجازت لی جاتی ہے۔

dr-khalid-sohail has 796 posts and counting.See all posts by dr-khalid-sohail

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments